• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ادائی آبشار: ممبئی سے قریب پنویل میں واقع دلکش آبشار

Updated: August 01, 2024, 12:50 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

لوکل ٹرین کے ذریعہ آپ پنویل پہنچ کر یہاں تک آسانی سے جاسکتے ہیں، یہاں چھوٹے چھوٹے تالاب بھی ہیں جن میں تیرنا پر لطف ہوتا ہے۔

Several waterfalls are visible in the picture. Photo: INN.
تصویر میں یہاں کے کئی آبشار نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

یوں تو مہاراشٹر میں کئی خوبصورت اور دلکش تفریحی مقامات ہیں لیکن چونکہ ان دنوں برسات کا موسم ہے تو آبشار تک جانا سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ ویسے مہاراشٹر میں کئی قسم کے آبشار بھی موجود ہیں جو اپنی منفرد اور گوناگوں خصوصیات کی وجہ سے پوری دنیامیں مشہور ہیں۔ لیکن آج ہم آپ کے سامنے ایک ایسے آبشار کا تذکرہ لے کر آئے ہیں جوبہت ہی قریب واقع ہے اور ممبئی یا نوی ممبئی سے یہاں پہنچنا بہت آسان ہے۔ اس آبشار کا نام’ادائی واٹر فال‘ یا آبشار ہے۔ اسے ممبئی کا بہترین آبشار قرار دیا جاتاہے۔ برسات کے موسم میں ہزاروں کی تعداد میں سیاح ادائی آبشار پہنچتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ادائی واٹرفال دراصل ممبئی پونے ایکسپریس وے کے قریب واقع ہے۔ 
ادائی واٹر فال ماتھیران کی پہاڑیوں کی بے حساب ہریالی سے گھرا ہوا ہےاس لئے یہاں کا نظارہ بہت دلکش ہوتا ہے۔ ادائی آبشار کے پانی کے گرنے کا آغاز ماتھیران کی پہاڑیوں سے ہوتا ہے۔ ادائی آبشار کے قریب چند چھوٹے آبشار بھی موجود ہیں، یہاں بھی آپ جاسکتے ہیں۔ بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں سیاحوں کو تفریح کیلئے متعدد متبادل دستیاب ہوتے ہیں۔ 
ادائی آبشار سے متعلق چند باتیں 
ادائی آبشار پنویل کے علاقے میں واقع ایک بہت ہی خوبصورت آبشار ہے۔ اسے ۲؍حصوں پر مشتمل قرار دیا جاسکتا ہے۔ ایک پہاڑ کے نیچے کی جانب والا حصہ۔ یہاں آپ کو چھوٹے چھوٹے بہت سارے آبشار دیکھنے کو ملیں گےجہاں آپ اپنے اہل خانہ یا دوستوں کے ساتھ لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ کچھ ایڈونچر کے شوقین سیاح اس جگہ تک پہنچ جاتے ہیں جہاں سے آبشار گرنے کا پہلا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ لیکن جہاں سے ادائی واٹرفال کے پانی گرنے کا پہلا مرحلہ شروع ہوتا ہے وہاں تک پہنچنا زیادہ دشوار اور خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ 
ادائی آبشار تک جانے کا بہترین وقت
یوں تک ادائی آبشار سیاحوں کیلئے پورے سال کھلا رہتا ہے لیکن یہاں جانے کا بہترین وقت برسات کا موسم ہے۔ اس موسم میں ہی ندیاں شباب پر ہوتی ہیں اور پانی تازہ اور زیادہ ہوتا ہے۔ انہی دنوں میں یہاں پر واقع چھوٹے چھوٹے تالاب پانی سے پوری طرح بھرے ہوتے ہیں اس لئے ان میں تیرنے کیلئے یہ بہترین ہوتے ہیں۔ سردی کے موسم میں یہاں کا پانی بہت سرد ہوتا ہے جس میں اس وقت تیرنا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ ندیاں تقریباً سوکھ جاتی ہیں اور آبشار بھی برسات کے دنوں کے مقابلے بہت کم نظر آتے ہیں۔ البتہ گرمیوں کے موسم میں پہاڑی پر چڑھنے کے بعد یہاں کے چھوٹے چھوٹے تالابوں میں تیرنا زیادہ پرلطف ہوتا ہے۔ 
ادائی آبشار کیسے جائیں ؟
ٹرین کے ذریعہ:اس آبشار کی خاص بات یہ ہے کہ آپ یہاں تک بہت ہی آسانی کے ساتھ پہنچ سکتے ہیں کیوں کہ یہاں تک لوکل ٹرین سے پہنچا جاسکتاہے۔ اگر آپ ممبئی یا نوی ممبئی سے جارہے ہیں تو آپ کو ہاربر لائن کی ٹرین کے ذریعہ براہ راست پنویل اسٹیشن پہنچنا ہوگا۔ پنویل اسٹیشن سے ادائی گائوں کیلئے آپ ایک آٹو رکشا کرائے پر لے سکتے ہیں یہ فاصلہ محض ۵؍کلومیٹر ہے۔ 
کارکے ذریعہ:اگر آپ اپنے گھر سے یہاں تک براہ راست کار، ٹیکسی یابس وغیرہ کے ذریعہ آرہے ہیں توآپ کو ممبئی پونے ایکسپریس وے پر کلمبولی تک سفرکرنا ہوگا۔ کلمبولی پہنچ کر آپ کو دائیں جانب مڑنے والے پہلے راستے پر مڑنا ہوگا جو آپ کو پرانے پنویل روڈپر لے جائے گا۔ اس راستے پر آپ کو واشی سے کلمبولی سرکل، وہاں سے کھندا کالونی سے ہوتے ہوئے ادائی روڈ فلائی اوور کے ذریعہ آپ ادائی گائوں پہنچ سکتے ہیں۔ ادائی گائوں میں ہی آپ کو اپنی گاڑی پارک کرنا ہوگی اور اس کے بعد یہاں سے ٹریکنگ کرتے ہوئے ادائی آبشار تک پہنچنا ہوگا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK