آجکل کئی فلموں اور ویب سیریز میں خفیہ ایجنسیوں کی کہانی پیش کی جارہی ہے، یہ سیریز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو بہت زیادہ اعلیٰ درجے کی بھی نہیں ہے۔
EPAPER
Updated: April 20, 2025, 11:14 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
آجکل کئی فلموں اور ویب سیریز میں خفیہ ایجنسیوں کی کہانی پیش کی جارہی ہے، یہ سیریز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو بہت زیادہ اعلیٰ درجے کی بھی نہیں ہے۔
ادریشیم ۲(Adrishyam 2)
اسٹریمنگ ایپ: سونی لیو(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: اعجاز خان، دیویانکا ترپاٹھی، سوروپا گھوش، نہاریکا سنگھ راجپوت، مدھو راوت، سنیتا پاٹھک، ترون آنند، پرمندر سنگھ
ڈائریکٹر: انشومان کشور سنگھ، سنتوش شیٹی
رائٹر: انشومان سنگھ
پروڈیوسر: آدتیہ پانڈے، سچن پانڈے
سنیماٹو گرافی: عالمگیر شیخ
ایڈیٹنگ: منیش کمار مہتو، بلجیت سنگھ سلہن
کاسٹنگ: پریتی گپتا
پروڈکشن ڈیزائن اورآرٹ ڈائریکٹر: اویشیک بوس
میک اپ: شبھم پٹیل
ریٹنگ:***
جب وطن کی حفاظت کا مشن ہو، تو نہ وردی ضروری ہوتی ہے، نہ ہتھیارکاشور۔ کچھ ہیروز پردے کے پیچھے ہوتے ہیں، جن کا نہ کوئی نام ہوتا ہے نہ پہچان، لیکن ان کی قربانیاں قوم کا مقدر بدل دیتی ہیں۔ ’ادریشیم ۲: دی انویزیبل ہیروز‘کا دوسرا سیزن انہی ہیروز کی زندگیوں میں جھانکنے کی ایک بھرپور کوشش ہے، جو جذبے، ذہانت اور قربانیوں سے لبریز ہے۔
سیریز کی کہانی
اس سیزن کی کہانی وہاں سے آگے بڑھتی ہے جہاں پہلے سیزن نے ایک معمہ چھوڑا تھا۔ ملک میں ایک نیا خطرہ سر اٹھا رہا ہے، جو بظاہر کوئی نظر نہ آنے والا دشمن ہے۔ اس بار نہ صرف بیرونی دشمن، بلکہ اندرونی غداروں کا جال بھی زیادہ پیچیدہ ہے۔ ایک خفیہ نیٹ ورک کو بے نقاب کرنا ہے، اور اس کے لیے ان ’انویزیبل ہیروز‘کو اپنی شناخت کی آخری پرت بھی اتارنی پڑتی ہے۔
سریزکا دوسرا سیزن اس وقت کی منظرکشی کرتا ہے جب ایک اہم مشن میں قومی سلامتی کو لاحق خطرہ سامنے آتا ہے۔ دشمن ملک کی خفیہ ایجنسیاں اور اندرونی غدار ایک ساتھ مل کر ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس بار دشمن صرف باہر سے نہیں آ رہا، وہ اندر بھی موجود ہے، ایوانِ اقتدارسےلےکر خفیہ ایجنسیوں تک۔
اعجاز خان کا کردار ایک تجربہ کار لیکن اندر سے زخم خوردہ خفیہ افسر کاہے، جو اپنے پچھلے مشن کی تلخیوں سے گزر کر اب ایک نئے خطرے کےتعاقب میں نکلتا ہے۔ اس بار وہ صرف دشمن کو روکنے کیلئے نہیں، بلکہ اپنے ادارے کے وقار اور سچائی کو بچانے کے لیے بھی لڑ رہا ہے۔
اس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک سائبر حملہ ہوتا ہے، جس میں قومی ڈیفنس کے اہم ڈیٹا لیک ہونےکی خبر ملتی ہے۔ تمام ثبوت اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ کوئی اندر کا شخص دشمن سے ملا ہوا ہے۔ اس کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جاتی ہے، جس میں ہر فرد ایک مخصوص مہارت رکھتا ہےکوئی کوڈ توڑنے والا ہے، کوئی زبان کا ماہر، تو کوئی نفسیاتی تجزیہ کار۔ ان سب کو ایک ساتھ کام کرنا ہے، مکمل رازداری میں۔ ٹیم کو جلد ہی اندازہ ہوتا ہے کہ اصل دشمن صرف باہر نہیں، ان کی صفوں میں بھی چھپا ہوا ہے۔ ایک ایسا شخص جو سب کے بھروسے کو چوری کر رہا ہے۔ کیا یہ ٹیم اس شخص کو پہچان پائے گی اور کیا اسے پکڑکر کیفر کردار تک پہنچاپائے گی یہ دیکھ کر ہی معلوم ہوگا۔
ہدایت کاری
اس کی اسکرپٹ کو بھی بڑےسلیقےسےتیارکیاگیاہے۔ نہ صرف مکالمےپختہ ہیں بلکہ منظرنامہ بھی حقیقت سے قریب تر ہے۔ خفیہ ایجنسیوں کی اندرونی سیاست، فیلڈ آپریشنز کی نزاکت، اور دشمن کے جال کی پیچیدگی کو بڑی خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ ہدایتکار نے سسپنس اور جذبات کے بیچ ایک بہترین توازن قائم رکھا ہے، جو کہ کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
ادریشیم ۲ کی پروڈکشن ویلیو قابل تعریف ہے۔ کیمرہ ورک، لوکیشنز، اور پس منظر موسیقی سب کچھ کہانی کی شدت کو اور گہرا کرتے ہیں۔ ساؤنڈ ڈیزائن خاص طور پر اس سین میں متاثر کرتا ہے جہاں خاموشی سب سے بلند صدا بن جاتی ہے۔
اداکاری
ادریشیم ۲؍میں اعجاز خان نے جس دل سوزی اور مہارت سے مرکزی کردارنبھایا ہے، وہ اس سیزن کی سب سے مضبوط کڑی ہے۔ ان کی آنکھوں میں وہ تھکن، وہ ہمت اور وہ اضطراب جھلکتا ہے جو ایک جاسوس کی زندگی کا مقدر ہوتا ہے۔ ان کے کردار کا نام تو شاید گمنام ہو، لیکن ان کی کارکردگی ہر سین میں اپنا نام ثبت کرتی ہے۔
دوسرے سیزن میں نئے کرداروں کا اضافہ کیا گیا ہے، جو کہانی کو وسعت دیتے ہیں۔ ہر کردار اپنی ایک انفرادی دنیا رکھتا ہے، جس میں جذبات، نظریات اور شک و شبہات کی دھند ہے۔ کہانی کا ہر موڑ، ہر انکشاف ناظر کو سوچنے پر مجبور کرتا ہےکہ اصل دشمن کون ہے؟ باہر بیٹھا دشمن، یا اندر چھپا ہوا غدار؟
نتیجہ
اگر آپ جاسوسی طرز کی کہانیاں پسند کرتے ہیں اور بہت عمدہ کہانی کی امید نہیں رکھتے تو اسے ایک مرتبہ دیکھ سکتے ہیں۔