• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امبولی گھاٹ: آبشاروں اور پہاڑیوں سے گھرا ہل اسٹیشن

Updated: July 04, 2024, 11:36 AM IST | Mumbai

سطح سمندر سے ۶۹۰؍میٹر کی اونچائی پر واقع اس ہل اسٹیشن سے آپ سمندر بھی دیکھ سکتے ہیں،یہاں دلکش پوائنٹ اور قلعہ بھی دیکھنے لائق ہے۔

A beautiful view of Amboli waterfall can be seen. Photo: INN
امبولی آبشارکا دلکش نظارہ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی کے قریب یوں تو کئی ہل اسٹیشن موجودہیں جہاں قدرت کےحسین نظارے دیکھے جا سکتے ہیں ۔ ان خوبصورت ہل اسٹیشنوں میں سے ایک امبولی ہل اسٹیشن بھی ہے۔یہ ہل اسٹیشن سطح سمندر سے ۶۹۰؍میٹرکی بلندی پر واقع ہے۔خصوصی طور پربرسات کےموسم میں امبولی میں کئی مقامات ہیں جو دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں ۔اگر آپ بھیڑ بھاڑ سے دور کسی اچھی جگہ تفریح کیلئے جانا چاہتے ہیں توامبولی ایک بہترین مقام ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ یہاں پر خوبصورت آبشاروں سے لے کرعظیم الشان قلعوں تک بہت کچھ دیکھنے لائق موجود ہے۔ ایک خوبصورت آبشار اور چھوٹی سبز پہاڑیوں سے گھرا یہ چھوٹا ہل اسٹیشن بہت خوبصورت لگتا ہے، جو فطرت سے محبت کرنے والوں اور فوٹو گرافی کے شوقین افرادکیلئے بہترین سیاحتی مقام ہے۔ امبولی ہل اسٹیشن میں زیادہ بھیڑ نہیں ہوتی ہے لہٰذا، اگر آپ شہر کی مصروف زندگی سے دور اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں ، تو آپ امبولی ہل اسٹیشن کا منصوبہ بنا سکتے ہیں ۔ آپ امبولی ہل اسٹیشن جا کر پکنک کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ برطانوی پولیٹیکل ایجنٹ کرنل ویسٹراپ نے ۱۸۸۰ءکی دہائی میں امبولی کو ہل اسٹیشن کے طورپرمتعارف کروایا تھا۔ امبولی پہاڑیاں دریائے کرشنا کے لیے وسائل فراہم کرتی ہیں ۔
 امبولی ہل اسٹیشن کومہاراشٹر کا سب سےگیلا مقام قرار دیا جاتا ہےکیونکہ سہیادری پہاڑی سلسلہ میں واقع امبولی گھاٹ کے اوپر ہمیشہ بادل چھائےرہتےہیں ۔امبولی میں ہر سال تقریباً ۷۵۰؍ سینٹی میٹر بارش ہوتی ہے۔یہاں کا موسم بھی ہمیشہ سہانا رہتا ہے۔ امبولی گھنے جنگلوں سے گھرا ہوا ہے۔امبولی مہاراشٹر کا واحد پہاڑی مقام ہے جہاں سے سمندر کو دیکھا جا سکتا ہے۔
امبولی آبشار
جنوبی مہاراشٹر میں واقع یہ آبشاریعنی امبولی آبشار کافی مشہور ہے۔ خصوصی طور پر اس آبشار کو دیکھنے ہی بڑی تعداد میں سیاح یہاں آتے ہیں ۔یہ آبشار کئی دیگر آبشاروں سے گھراہواہےجس کی وجہ سےیہ اور بھی خوبصورت نظر آتاہے۔چاروں طرف ہریالی اوراس کے درمیان گرتے ہوئےپانی کا نظارہ یقیناً آپ کو مسحور کر دے گا۔ یہاں آپ اپنے دوستوں یا رشتہ داروں کے ساتھ گھنٹوں بیٹھ کر لطف اندوز ہوسکتےہیں ۔ اگر آپ کو فوٹو گرافی کا شوق ہے تو یہ جگہ اس کے لیے بھی بہت اچھی ہے۔
مادھو گڑھ قلعہ
یہ قلعہ امبولی کے مرکزی بس اسٹاپ سےصرف۲ء۵؍کلومیٹر دورہے۔ اگرچہ اب یہ قلعہ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکاہےلیکن یہاں سےدور دور تک کانظارہ حیرت انگیز لگتا ہے۔ آپ کو چاروں طرف صرف پہاڑ اور ہریالی نظر آئے گی۔ ایسے میں اگر آپ بھیڑ سے دور کچھ پرسکون لمحات گزارنا چاہتے ہیں تو یہ جگہ بہترین ہوگی۔ آپ یہاں اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ بھی جا سکتے ہیں کیونکہ پہاڑوں اور محبت کا رشتہ بہت پرانا ہے۔
شرگاؤں کر پوائنٹ
یہ جگہ اپنے خوبصورت نظاروں کیلئےمشہورہے۔یہاں بیٹھ کر آپ طلوع آفتاب اور غروب آفتاب سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں ۔ نیچر فوٹوگرافی کے شوقین افرادکے لیے یہ جگہ کسی خزانے سے کم نہیں۔ یہ جگہ مرکزی بس اسٹاپ سے بھی محض ۳؍ کلومیٹر دور ہے۔ اس لیے آپ کو یہاں تک پہنچنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ یہاں آپ گھنٹوں قدرت کے دلکش نظاروں میں کھوکرگزار سکتے ہیں ۔
امبولی کیسے جائیں ؟
ساونت واڑی اور گوا کے قریب ہونے کی وجہ سے آپ آسانی سے ہوائی جہاز،ریل اورسڑک کے راستےامبولی پہنچ سکتے ہیں ۔ ہوائی جہاز سے یہاں پہنچنے کیلئے آپ کوگوا کے مقامی ہوائی اڈے پر اترنا ہوگا جو کہ یہاں سے محض ۷۰؍کلومیٹر دور ہے۔ریل کے ذریعے آنے کے لیے ساونت واڑی ریلوے اسٹیشن کااستعمال کیا جا سکتا ہے۔ آپ ساونت واڑی ریلوے اسٹیشن سے ٹیکسی لے کر امبولی پہنچ سکتے ہیں ۔ممبئی سے محض ۵۵۰؍ کلومیٹر اور پونے سے ۴۰۰؍ کلومیٹر کےفاصلےپر ہونے کی وجہ سے یہاں کیلئے نہ صرف ان دواہم شہروں سے متعدد بسیں چلائی جاتی ہیں بلکہ دیگر شہروں سے بھی کئی بسیں یہاں کیلئے دستیاب ہیں جن کی مدد سے آپ سڑک کے ذریعے یہاں پہنچ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK