پونے سے قریب واقع یہ قلعہ نہایت شاندار اور خوبصورت ہے، ٹریکنگ کے شوقین بڑی تعداد میں اس قلعہ تک پہنچتے ہیں۔
EPAPER
Updated: January 09, 2025, 12:02 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
پونے سے قریب واقع یہ قلعہ نہایت شاندار اور خوبصورت ہے، ٹریکنگ کے شوقین بڑی تعداد میں اس قلعہ تک پہنچتے ہیں۔
ہندوستان اپنی تاریخ اور جغرافیہ کے لئے دنیا میں مشہور ہے ہندوستان میں بہت سےقلعے اور محلات ہیں جو اپنی تاریخ کے لئے مشہورہیں اور کئی تو اتنےمشہور ہوچکے ہیں کہ تاریخی ورثے میں شامل کئےجاچکے ہیں اور یونیسکو اور نیشنل ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ہیں۔ آج ہم ایسے ہی ایک قلعے کے بارے میں جانیں گے جس کا نام ’تورناقلعہ‘ ہے۔
قلعہ کی تاریخ
تورناقلعہ ۱۳؍ویں صدی میں بنایاگیاتھا۔ تورنا قلعہ پہلا قلعہ تھاجس پر چھترپتی شیواجی مہاراج نے ۱۶۴۶ءمیں اپنی نوجوانی کے دوران قبضہ کیا تھا، اور اس طرح اسے ایک اہم تاریخی یادگار کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس وقت ان کی عمرصرف ۱۶؍سال تھی، انہوں نے قلعہ پر قبضہ کرکےمراٹھاسلطنت پرگہرااثرمرتب کیا تھا، جسے انہوں نے ’پرچنڈ‘(پرچنڈ کا مطلب عظیم الشان قلعہ) کا نام دیا۔
۱۸؍ویں صدی تک تورنا قلعہ پر چھترپتی شیواجی مہاراج کی اگلی نسلوں کی حکومت تھی۔ لیکن ان کے پہلے بیٹے سنبھاجی مہاراج کی موت کےبعد مغل سلطنت نے اس قلعے کا کنٹرول سنبھال لیا، جس کے بعداورنگ زیب نے اس کا نام ’فتوح الغیب‘ رکھ دیا۔
کچھ لوگ کہتے ہیں کہ تورنا قلعہ کی لڑائی اورنگ زیب کی پہلی حقیقی جنگ تھی۔ اسی طرح کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعد میں، پورندرکے معاہدے( جس پر ۱۷۷۶ء میں دستخط کئے گئے تھے) کے تحت اس قلعہ کو مراٹھا سلطنت کولوٹادیا گیا اور ایک طویل عرصے تک مراٹھا سلطنت کا مرکز رہا۔
فن تعمیر
تورنا قلعہ مہاراشٹر کی پہاڑیوں میں واقع ایک اور شاندار اور خوبصورت قلعہ ہے۔ پونے ضلع میں واقع تورنا قلعہ حالیہ برسوں میں ٹریکروں میں کافی مقبول ہو گیا ہے۔ تاہم، سیاحتی موسم میں یہاں تاریخ سے محبت کرنے والوں کی بڑی بھیڑ ہوتی ہے۔ یہ قلعہ ہندوستان کے مغربی گھاٹ (سہیادری پہاڑی سلسلے) میں ایک پہاڑی پر واقع ہے جو سطح سمندرسےتقریباً ۱۴۰۰؍میٹر کی بلندی پر ہے۔ قلعہ کے کھنڈرات پتھروں کی بڑی دیواروں سے گھرے ہوئے ہیں۔ داخلی دروازے کی طرف جانے والی گزرگاہ/ سیڑھی کے ۷؍دروازے ہیں۔ بنی دروازہ بیس کے قریب پہلا دروازہ ہے، اور کوٹھی دروازہ اہم یا آخری دروازہ ہے۔ قلعہ کے احاطے کے اندر، دونوں طرف اونچی دیواروں کےساتھ ایک تنگ گلی مختلف ڈھانچے اور سطح زمین کے ساتھ قلعہ کے دوسرے حصوں کی طرف جاتی ہے۔
تورنا فورٹ ٹریکنگ
اگر آپ اپنے دوستوں یاخاندان کے ساتھ تورنا قلعہ کی سیر کا منصوبہ بنا رہے ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہئےکہ آپ وہاں کچھ سرگرمیاں کر سکتے ہیں جیسے کہ ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ، یہی نہیں آپ وہاں ایک الگ کیمپ بھی لگا سکتے ہیں۔ یہاں جگہ کافی ہے۔ اگر آپ سیرکرنا پسند کرتے ہیں، تو یہ ایک بہت اچھی جگہ ہےجس میں آبشار، خوبصورت وادیاں اوربہت بڑے پہاڑ ہیں جو کہ مانسون کے وقت پہاڑوں کی چوٹیوں پر نیچے کی طرف بڑھتے ہیں۔
کیسے پہنچیں ؟
ٹرین سے:اگر آپ ٹرین سےجانے کا سوچ رہے ہیں تو ہم آپ کو بتاتےہیں کہ تورنا قلعہ کا قریب ترین ریلوے اسٹیشن پونے ریلوے اسٹیشن ہے جو کہ ہندوستان کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں سے جڑا ہوا ہے، آپ بس یا ٹیکسی سےقلعہ تک پہنچ سکتے ہیں۔
ہوائی جہاز سے:اگر آپ ہوائی جہازسے جانا چاہتے ہیں تو پونےشہر میں واقع پونے ہوائی اڈہ تورنا قلعہ سے قریب ترین ہے جو قلعہ سے صرف ۷۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ کوئی بھی بس یا ٹیکسی کی مدد سے قلعہ تک پہنچ سکتے ہیں۔
سڑک سے:اگر آپ سڑک کے ذریعے جاناچاہتے ہیں تو آپ اپنی گاڑی کے ذریعہ بھی جا سکتے ہیں۔