Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسوس کا گیمنگ وی ۱۶؍ لیپ ٹاپ کئی خصوصیات کا حامل ہے

Updated: April 07, 2025, 12:58 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

انٹیل کور۵؍ اور ۷؍ پروسیسر استعمال کیا گیا ہے، کی بورڈ مکمل اور ٹچ پیڈ بھی بڑا ہے، اسپیکر میں آواز زیادہ نہیں ہے، اسکرین پر اینٹی گلیئر کوٹنگ ہے۔

The Asus Gaming V16 can be seen from the front. Photo: INN.
اسوس گیمنگ وی ۱۶؍کو سامنے سے دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

اسوس گیمنگ وی ۱۶؍تائیوانی مینوفیکچرر کا نیا لیپ ٹاپ ہے، جو خاص طور پران صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے جو بجٹ میں ایک مناسب گیمنگ تجربہ چاہتےہیں۔ گیمنگ وی ۱۶؍ایک پتلا لیپ ٹاپ ہے اوراس کا ڈیزائن بھی سادہ ہے۔ اس کا وزن۲؍کلوگرام سے کم ہے، جو اسے روزمرہ کے استعمال کے لیے ہلکا پھلکا اور بیگ میں لے جانے کے لیے موزوں بناتا ہے۔ یہ لیپ ٹاپ جدید ترین انٹیل کور پروسیسر اور ایک الگ قسم کے این ویڈیو جی ای فورس آر ٹی ایکس ۴۰۵۰؍گرافکس کارڈ کے ساتھ آتا ہے، جو زیادہ تر گیمز کو آسانی سے چلانے کی طاقت رکھتا ہے۔ 
قیمت اور ہارڈ ویئر
اس کی ابتدائی قیمت۸۲؍ہزار ۹۹۰؍روپےہے، جس میں انٹیل کور ۵؍۲۱۰؍ایچ پروسیسر دیا گیا ہے۔ جبکہ انٹیل کور ۷؍ ۲۴۰؍ایچ والے ماڈل کی قیمت ۹۲؍ہزار ۹۹۰؍روپے رکھی گئی ہے۔ دونوں ورژنز میں ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج اور ۶؍ جی بی ویڈیو ریم کے ساتھ آر ٹی ایکس جی پی یو ۴۰۵۰؍دیا گیا ہے۔ 
ڈیزائن
اسوس نے گیمنگ وی۱۶؍کاڈیزائن سادہ رکھا ہے۔ اس میں نہ کوئی آر جی بی لائٹس ہیں اور نہ ہی کوئی چمکدار لوگو، جو اسے گیمنگ لیپ ٹاپ کی شکل دے۔ لیپ ٹاپ کے ڈھکن پر میٹ فنش دیا گیا ہے، جو فنگر پرنٹس کی زد میں رہتا ہے، اور اس پراسوس کالوگو چمکتا ہے۔ چونکہ یہ پلاسٹک سے تیار کیا گیاہے، اس لیے ڈھکن اور نچلا حصہ تھوڑا بہت جھکتا ہے، مگر کمپنی کے مطابق یہ لیپ ٹاپ فوجی معیار پر پورا اُترتا ہے، یعنی یہ کئی قسم کی جانچ سے گزرا ہے۔ ہنج مضبوط ہے اور ایک ہاتھ سے لیپ ٹاپ کھولا جا سکتا ہے۔ کمیونیکیشن کے لیے، بائیں جانب ایچ ڈی ایم آئی ۲ء۱؍، یو ایس بی ٹائپ اے ۳ء۲، یو ایس پی ٹائپ سی ۳ء۲؍، ۳ء۵؍ایم ایم آڈیو جیک اور پاور کنیکٹر موجودہیں۔ دائیں طرف ایک اورٹائپ اے ۳ء۲؍پورٹ دیا گیا ہے۔ تاہم لین پورٹ کی غیر موجودگی گیمرز کو مایوس کر سکتی ہے۔ 
ڈسپلے
لیپ ٹاپ میں ۱۶؍ انچ کاآئی پی ایس پینل دیا گیا ہے جو۱۰:۱۶؍ تناسب کے ساتھ آتا ہے اور اس کا ریزولوشن ۱۹۲۰x۱۲۰۰؍ پکسلز ہے۔ اسکرین پر اینٹی گلیئر کوٹنگ کی گئی ہے، اور اس کا اسکرین ٹو باڈی ریشو۸۹؍ فیصد ہے۔ 
سافٹ ویئر
یہ لیپ ٹاپ ونڈوز ۱۱؍ہوم پرچلتا ہے اور اس میں اسوس کے اپنے چند سافٹ ویئر شامل ہیں، جیسے مائی اسوس اور اسکرین ایکسپرٹ ۳؍۔ کی بورڈ پر کو پائلٹ کی بھی موجودہے، جو اے آئی چیٹ بوٹ تک فوری رسائی فراہم کرتی ہے۔ 
کی بورڈ
اسوس نےاس لیپ ٹاپ میں مکمل سائز کا کی بورڈ فراہم کیا ہے، جس میں نمبر پیڈاور فنکشن رو مکمل ہے۔ بیک لائٹ ’ٹربو بلیو‘ رنگ میں ہے، جو رات کے وقت روشن رہتی ہے۔ اگرچہ یہ نیلا رنگ کچھ لوگوں کو پسند آ سکتا ہے، مگر ہر صارف کے لیے موزوں نہیں۔ اسوس کو چاہیے تھا کہ رنگ بدلنے کی سہولت بھی شامل کرتا۔ 
ٹچ پیڈ
ٹچ پیڈ غیر معمولی طور پر بڑا ہے، جو گیمنگ لیپ ٹاپ میں کم ہی دیکھاجاتاہے۔ یہ اسمارٹ جیسچرز کو سپورٹ کرتا ہے، جن سے برائٹنیس، والیوم وغیرہ کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اس کی سطح ہموار ہے، ہائیڈروفوبک کوٹنگ کی گئی ہے، اور کلکس کی فیلنگ بھی درست ہے۔ 
اسپیکر
دو عدد اسپیکرز نیچے کی طرف لگے ہیں۔ آواز صاف ہے مگر والیوم زیادہ نہیں ہوتا، اور بیس تقریباً نہ ہونےکے برابر ہے۔ گیمز یا فلمیں دیکھتے وقت ہیڈفون استعمال کرنا بہتر ہوگا۔ 
کیمرہ
ویب کیم۱۰۸۰؍پکسل ہے، مگر تصویر عموماً دھندلی اور گرینی ہوتی ہے، جیسا کہ زیادہ تر ونڈوز لیپ ٹاپس میں دیکھا جاتا ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ فزیکل پرائیویسی شٹر دیا گیا ہے۔ 
ڈسپلے                   ۱۶؍انچ
پروسیسر               انٹیل کور ۵؍۲۱۰؍ایچ
ریم                       ۱۶؍جی بی ریم
اسٹوریج               ۵۱۲؍ جی بی 
آپریٹنگ سسٹم        ونڈوز ۱۱؍ہوم
کیمرے                ۱۰۸۰؍پکسل ویب کیم
بیٹری                  ۶۳؍ڈبلیو ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK