اس میں کوالکوم کے ذریعہ لانچ کئے گئے جدید پروسیسر اسنیپ ڈریگون ایکس ایلائٹ کو استعمال کیا گیا ہے، اس کی بیٹری لائف بھی عمدہ ہے۔
EPAPER
Updated: September 16, 2024, 12:09 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس میں کوالکوم کے ذریعہ لانچ کئے گئے جدید پروسیسر اسنیپ ڈریگون ایکس ایلائٹ کو استعمال کیا گیا ہے، اس کی بیٹری لائف بھی عمدہ ہے۔
اسوس ایک ایسی کمپنی ہے جو نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں زیادہ وقت نہیں لگاتی اور جب بھی کوئی نئی ٹیکنالوجی دستیاب ہوتی ہے تو وہ فوری طور پر اسے اپنا لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جیسے ہی کوال کوم نے نیا پروسیسر یعنی اسنیپ ڈریگون ایکس ایلائٹ لانچ کیا اسوس نے فوری طور پر اسے استعمال کرتے ہوئے ایک نیا لیپ ٹاپ مارکیٹ میں پیش کردیا ہے اس لیپ ٹاپ کا نام ویوو ایس ۱۵؍ اوایل ای ڈی رکھا گیا ہے۔ یہ پہلا لیپ ٹاپ ہے جو اس پروسیسر کے ساتھ بنایا گیا ہے۔
قیمت
اس لیپ ٹاپ میں ۱۶؍جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج دیا گیا ہے اور اس کی قیمت ایک لاکھ ۲۴؍ہزار ۹۹۰؍ روپے یعنی تقریباً سوا لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ سلور رنگ میں یہ عمدہ معلوم ہوتا ہے۔
ڈیزائن
نیا ویوو بک ایس ۱۵؍ دیکھنے میں انٹیل کور الٹرا ماڈل کی طرح نظر آتا ہے لیکن اس میں کچھ تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ اس کا ڈیزائن کافی صاف ستھرا ہے جس میں اسٹائلنگ بہت کم کی گئی ہے۔ یہ لیپ ٹاپ ۱۴ء۷؍ایم ایم موٹا ہے اور اس کے کنارے تھوڑے سے مڑے ہوئے ہیں۔ اس کاوزن ۱ء۴۲؍کلوگرام ہے۔ اس کو پوری طرح دھات سے بنایا گیا ہے۔ اس کے ہنجیز(قبضے) مضبوط معلوم ہوتے ہیں اور اسے ۱۸۰؍ڈگری تک موڑ سکتے ہیں۔ اس میں کئی پورٹ دیئے گئے ہیں۔ دائیں جانب یو ایس بی ٹائپ اے پورٹ، ایچ ڈی ایم آئی ۲ء۱؍، ڈوئل یو ایس بی ٹائپ سی، مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور ایک ۳ء۵؍ایم ایم آڈیو جیک بائیں جانب دیا گیا ہے۔ پیچھے کی جانب گرم ہوا کے اخراج کیلئے جگہ دی گئی ہے۔
ڈسپلے
اس میں ۱۵ء۶؍ انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں ۳؍ کے ریزولیوشن ہے۔ جبکہ اس کا ڈسپلے گلاسی ہے اور اس پر متن پڑھنا یا تصاویر کی ایڈیٹنگ آسان ہوتی ہے۔ اس کے ڈسپلے میں دائیں اور بائیں انتہائی باریک بیزل دیا گیا ہے جبکہ اوپر اور نیچے کا بیزل بھی پتلا ہے۔
دیگر اشیا
اس لیپ ٹاپ میں فل سائز کا کی بورڈ دیا گیا ہے اور اس کے نیچے آر جی بی لائٹنگ بھی ہے۔ بٹنوں کے بیچ میں تھوڑا سا فاصلہ دیا گیا ہے جو کہ ۱ء۷؍ایم ایم کا ہے۔ اس پر ٹائپنگ کرنا آسان ہوتا ہے۔ کی بورڈ کے نیچے کی لائٹ کو آپ می اسوس ایپ کے ذریعہ تبدیل کرسکتے ہیں۔ کی پیڈ کے نیچے ٹچ پیڈ دیا گیا ہے جو کہ بالکل بیچ میں معلوم نہیں ہوتا۔ اسے بھی استعمال کرنا آسان ہے۔
اب بات کرتے ہیں آواز کی تو اس کیلئے نیچے کی جانب اسپیکر دیئے گئے ہیں۔ فل والیوم میں بھی آواز خراب نہیں ہوتی اور ڈولبی ایٹموس کی وجہ سے سرائونڈ سائونڈ کا تجربہ ہوتا ہے۔
اس کا ویب کیم بھی فل ایچ ڈی ویب کیم ہے جس میں پرائیویسی کیلئے علاحدہ شٹر دیا گیا ہے۔ ویب کیم کے ساتھ انفراریڈ سینسر بھی دیاگیا ہے جسے ونڈوز ہیلو اور مائیکروفون کیلئے استعمال کیا جاسکتاہے۔ کم روشنی میں بھی اس سے اچھی تصویر آتی ہے لیکن روشنی زیادہ کم ہونے پر کچھ خرابی محسوس ہوتی ہے۔
سافٹ ویئر
اس میں آپریٹنگ سسٹم ونڈزو ۱۱؍ہوم استعمال کیا گیا ہے۔ یہ ایک کوپی لوٹ پلس پی سی ہے اس لئے اس میں آپ کو چند اے آئی فیچرز بھی ملتے ہیں جیسے کہ لائیو کیپشن، کو کریئٹر اور ونڈوز اسٹوڈیو افیکٹس۔ اس میں اے آئی سوپر ریزولیوشن کا فیچر بھی ہے جوگیمنگ میں کام آتا ہے۔
بیٹری
اس لیپ ٹاپ میں ۷۰؍ڈبلیو ایچ کی بیٹری استعمال کی گئی ہے جبکہ ۹۰؍واٹ اڈیپٹر والا چارجر استعمال ہوتا ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو بیٹری لائف اس کا مثبت پہلو ہے۔ عام طور پر استعمال کے بعد بھی اس کی بیٹری پورا دن چلتی ہے۔ جب آپ یو ٹیوب اور نیٹ فلکس چلاتے ہیں تو بیٹری میں تھوڑی کمی ضرور آتی ہے لیکن مجموعی طور پر اسے فل ڈے بیٹری لائف قرار دیا جاسکتاہے۔
ڈسپلے ۱۵ء۶ ؍انچ
پروسیسر اسنیپ ڈریگون ایکس ایلائٹ
ریم ۱۶؍جی بی ریم
اسٹوریج ایک ٹی بی
آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ۱۱؍ ہوم
ویب کیمرہ فل ایچ ڈی
بیٹری ۷۰؍ڈبلیو ایچ، ۹۰؍واٹ چارجر