ایک انقلابی آلہ جس ۱۴؍انچ کے ۲؍اسکرین دیئے گئے ہیں ساتھ میں علاحدہ کی بورڈ بھی دیا گیا ہے، دونوں کو ملا کر ایک بڑے اسکرین میں تبدیل کرسکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 22, 2024, 12:33 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ایک انقلابی آلہ جس ۱۴؍انچ کے ۲؍اسکرین دیئے گئے ہیں ساتھ میں علاحدہ کی بورڈ بھی دیا گیا ہے، دونوں کو ملا کر ایک بڑے اسکرین میں تبدیل کرسکتے ہیں۔
ویسے تو نئے نئے اسمارٹ فون اور دیگر گیجٹس آئے دن لانچ ہوتے رہتے ہیں جو اپنے آپ میں کوئی نہ کوئی خصوصیت لئے ہوئے ہوتا ہے لیکن کبھی کبھی ہی ایسا کوئی آلہ لانچ ہوتا ہے جو واقعی انوکھا، منفرداور ایک نیا دور شروع کرنے والا ہوتا ہے۔ اسوس کا نیا لیپ ٹاپ زین بک ڈؤو ۲۰۲۴ء ایسا ہی ایک آلہ ہےجو لیپ ٹاپ کے شعبہ میں انقلاب برپا کرسکتا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایک نہیں بلکہ دو اسکرین دیئے گئےہیں جوٹچ اسکرین کی سہولت کے ساتھ ہیں تاکہ آپ کیلئے کام کرنا آسان ہوسکے۔
قیمت:سب سے پہلے اس کی قیمت کی بات کرتے ہیں۔ ہندوستان میں اس لیپ ٹاپ کی قیمت ایک لاکھ ۵۹؍ہزار ۹۹۰؍ روپے ہے جس میں آپ کو انٹیل کور الٹرا ۵؍ ۱۲۵؍ایچ کا سی پی یو، ۱۶؍جی بی ریم اور ایک ٹی بی(ٹیرا بائٹ)اسٹوریج ملتی ہے۔ اس کی خصوصیات کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتاہے کہ اس کی قیمت بہت زیادہ نہیں ہے۔ اگر اس کا تقابل کیا جائے تو ایپل میک بک ایئر ۱۳؍ ایم ۳؍ جس میں ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے، اس کی قیمت ہی ایک لاکھ ۵۴؍ہزار ۹۰۰؍روپے ہے اور اس میں محض ایک ہی اسکرین دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اسوس کے لیپ ٹاپ میں دوسرا متبال بھی موجود ہے جس میں انٹیل کور الٹرا ۷؍، ۱۵۵؍ ایچ کا سی پی یو، ۳۲؍ جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج دیا گیا ہے، اس کی قیمت ایک لاکھ ۹۹؍ہزار ۹۹۰؍ روپے ہے۔ جبکہ ایک تیسرا متبادل بھی موجود ہے جس کی قیمت ۲؍لاکھ ۱۹؍ہزار ۹۹۰؍ روپے ہے اس میں پروسیسر انٹیل کور الٹرا ۹؍ ۱۸۵؍ایچ کا سی پی یو اور ۳۲؍جی بی ریم اورایک ٹی بی اسٹوریج ہے جبکہ ۲؍ٹی بی اسٹوریج والا متبادل بھی موجود ہے جس کی قیمت ۲؍لاکھ ۳۹؍ہزار ۹۹۰؍ روپے ہے۔
بکس میں کیا ہے: اس کے بکس میں لیپ ٹاپ کا کور، اسوس پین ۲ء۰؍اسٹائلس مع اضافی ٹپ(نب)، ۶۵؍واٹ فاسٹ چارجر جو کہ عام طور پر آنے والےموبائل کے چارجر سے بھی چھوٹا ہے، ٹائپ سی سے ٹائپ سی والا یو ایس بی کیبل، مینوئل اور وارنٹی کے دستاویزات اور لیپ ٹاپ آتا ہے۔
ڈیزائن: جب آپ پہلی مرتبہ اس لیپ ٹاپ کو دیکھیں گے تو آپ کو یہ عام سا لیپ ٹاپ معلوم ہوگا جو کچھ موٹا ہے۔ سائز میں یہ ایم ون ایم بک ایئر کےبرابر ہی ہے۔
پورٹ:اس میں بائیں جانب تھنڈربولٹ ۴؍ پورٹ ہیں جس سے پاور اور ڈسپلے پورٹ جوڑے جاسکتے ہیں، ایک یو ایس بی ۳ء۲؍ جنریشن۲؍ ٹائپ اے کا پورٹ دیا گیا ہے۔ دائیں جانب ایچ ڈی ایم آئی ۲ء۱؍ پورٹ، کومبو آڈیو پورٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں جانب گرمی نکلنے کیلئے جگہ دی گئی ہے
ڈسپلے : اس میں ۱۴؍انچ کا او ایل ای ڈی ٹچ ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں فل ایچ ڈی پلس(۱۹۲۰X۱۲۰۰) ریزولیوشن ہے۔ اس میں ایچ ڈی آر، ڈولبی ویژن اور پینٹون کی خصوصیت بھی شامل ہے۔
اس لیپ ٹاپ کو آپ کئی طرح سے استعمال کرسکتے ہیں۔ چاہے تو آپ اسے روایتی لیپ ٹاپ کی طرح استعمال کریں، چاہیں تو کی بورڈ نکال دیں اور ڈبل اسکرین ایک دوسرے کے اوپر رکھ کر دونوں اسکرینوں کو الگ الگ کام کیلئے ساتھ استعمال کریں، اس کے علاوہ آپ چاہیں تو دونوں اسکرینوں کو ایک طویل اسکرین میں تبدیل کرلیں۔ یہ چیز آپ کو اس وقت زیادہ کار آمد محسوس ہوگی جب آپ ٹویٹر، انسٹاگرام یا برائوزر جیسی چیزیں استعمال کررہے ہوں۔
سافٹ ویئر: ڈوئل اسکرین کا جو جادو ہے وہ اسوس اسکرین ایکسپرٹ نامی سافٹ ویئر اور ونڈز آپٹیمائزیشن کا مرہون منت ہے۔ یہ لیپ ٹاپ ونڈوز ۱۱؍ ہوم آئو آف دی باکس پر کام کرتا ہے۔ اسکرین ایکسپرٹ سافٹ ویئر کی مدد سے ڈوئل اسکرین کے بہت سے کام کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ ٹچ اسکرین پر ۶؍انگلیاں رکھیں گے تو اس پر کی بورڈ نمودار ہوجائے گا۔ اگر آپ چاہیں تو آدھے اسکرین کا کی بورڈ کرلیں یا پورے اسکرین کا۔ اس کے علاوہ اس میں ایک جڑنے والا فزیکل کی بورڈ بھی دیا گیا ہے۔
چپ سیٹ انٹیل کور الٹرا ۵، ۷؍ اور ۹؍ کا متبادل
ریم ۱۶؍جی بی اور ۳۲؍ جی بی
ہارڈ ڈسک ایک ٹی بی اور ۲؍ ٹی بی کا متبادل
ریزولیوشن ۱۲۰۰x۱۹۲۰؍پکسل
بیٹری ۷۵؍ ڈبلیو ایچ
چارجنگ ۶۵؍واٹ فاسٹ چارجنگ
اسکرین ۱۴؍انچ کے ۲؍اسکرین
پین اسوس پین ۲ء۰؍اسٹائلس مع اضافی ٹپ