• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آزاد: بے زبان جانور کی انسان سے انسیت اور لگائو کی کہانی

Updated: January 18, 2025, 2:04 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ابھیشیک کپور نے اس فلم کے ذریعہ اجے دیوگن کے بھانجے امن دیوگن اور روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھڈانی کوفلمی دنیا سے متعارف کروایا ہے۔

Ajay Devgan and Aman Devgan can be seen in a scene from the movie `Azaad`. Photo: INN
فلم ’آزاد‘ کے ایک منظر میں اجے دیوگن اور امن دیوگن کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

آزاد (Azaad)
اسٹارکاسٹ:اجے دیوگن، امن دیوگن، ڈائنا پینٹی، راشا تھڈانی، پیوش مشرا، موہت ملک، جیا امین، اکشے آنند کوہلی، ڈائلن جونز
 ڈائریکٹر :ابھیشیک کپور 
 رائٹر:ابھیشیک کپور، سریش نائر، رتیش شاہ
پروڈیوسر: رونی اسکریو والا، پرگیا کپور
 موسیقی:امیت تریویدی
 سنیماٹوگرافی:ستیہ جیت پانڈے
ایڈیٹنگ:چندن اروڑا
پروڈکشن ڈیزائن:سینی جوہری
ویژول افیکٹ:پنکج کلبندے، ونیت پنچال، ساہو ودیا ساگر
آرٹ ڈائریکٹر:دیپالی گرگ، چودھری نیلیش
 ریٹنگ: ***
 انسانوں اور جانوروں کے درمیان محبت، دوستی اور وفاداری پر بالی ووڈ میں ’ہاتھی میرے ساتھی‘اور’تیری مہربانیاں ‘جیسی یادگار فلمیں بن چکی ہیں۔ تاہم وقت کے ساتھ اس بے زبان مخلوق کے ساتھ انسانی رشتوں کی کہانیاں کم ہونے لگیں لیکن اب ہدایت کار ابھیشیک کپوراس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے فلم’آزاد‘لے کر آئے ہیں جو گھوڑےپرمرکوز ہے۔ فرحان اختر، سُشانت سنگھ راجپوت اور سارہ علی خان کو اپنی فلموں سے بالی ووڈ میں لانچ کرنے والے ابھیشیک کپوراس فلم سے۲؍نئے چہروں کو اسکرین پر لا رہے ہیں جن میں اجے دیوگن کے بھانجے امن دیوگن اور روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھڈانی شامل ہیں۔ فلم میں ان دونوں نئے اداکاروں میں سے خاص طورپر امن نے اپنی پراعتماد اداکاری سے خود کولمبی ریس کا گھوڑا دور ثابت کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ 
فلم کی کہانی
 یہ کہانی۱۹۲۰ء کے دور یعنی آزادی سے پہلےبھوسر نامی ایک خیالی گاؤں میں ترتیب دی گئی ہے، جہاں انگریز، ایک لالچی زمیندار (پیوش مشرا)کےساتھ مل کر غریب لوگوں پر ظلم کرتے ہیں۔ اس گاؤں میں اردھ کمبھ میں گھڑ دوڑ کی روایت ہے، جس کی وجہ سے نوجوانوں میں گھوڑوں سے خاص لگاؤ ہے۔ ایسے میں زمیندار کے گھوڑوں کی دیکھ بھال کرنے والےنوجوان گووند (امن دیوگن) کا بھی خواب ہے کہ اس کااپنا بھی گھوڑا ہو حالانکہ گھوڑا پالنا ایک غریب آدمی کیلئے بہت مشکل بات ہوتی ہے۔ ایک بار، وہ غلطی سے زمیندار کی بیٹی جانکی (راشا تھڈانی) کے گھوڑے پر بیٹھ جاتا ہے جس کی وجہ سےاسے کوڑوں سے مارا جاتا ہے۔ اس لیے، ہولی پر جانکی کو رنگ لگادینےکے بعد، گووند، زمیندار کی سزا کے خوف سے، گاؤں سے بھاگ جاتاہے اور باغی ٹھاکر وکرم سنگھ (اجے دیوگن) کے خوبصورت گھوڑے، آزاد سے محبت کربیٹھتا ہے۔ 
 گووند اب آزاد کواپنے بس میں کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے، لیکن آزاد اپنے لیڈر وکرم سنگھ کے علاوہ کسی پر توجہ نہیں دیتا۔ یہاں تک کہ، اپنی آخری سانسیں گنتے ہوئے وہ خود آزاد کو گووند کے حوالے نہیں کر دیتا۔ ٹھاکر کو کھونے کے بعد اس کے غم میں آزاد پھر بھی اسے اپنا سردار ماننے کیلئے تیار نہیں ہوتا لیکن ایک بار جب وہ اسے قبول کرلیتا ہے تو آزاد نہ صرف گووند کو گاؤں کا ہیرو بنا دیتا ہے، بلکہ پورےگاؤں والوں کوانگریزوں اور جاگیردار کے ظلم سے آزاد کرتا ہے۔ ایک گھوڑا یہ سب کیسے کرتا ہے یعنی یہ کرشمہ کیسے ہوتا ہے؟ یہ فلم دیکھنے کے بعد آپ کو پتہ چلے گا۔ 
ہدایت کاری
 فلم کےشریک مصنف اور ہدایت کار ابھیشیک کپور یقیناً انسانوں اور جانوروں کی دوستی پرایک خوبصورت کہانی لے کر آئے ہیں۔ لیکن وہ۱۹۲۰ءکے دور کو اسکرین پر صحیح طریقے سے پیش نہیں کر سکے۔ خاص طورپر اجے دیوگن کےباغی پن کاحصہ بہت کمزور لگتا ہے۔ عام لوگوں کے لیے لڑنے والے ٹھاکر سے گاؤں والوں کا کوئی تعلق کیوں نہیں ؟ ٹھاکر کس قسم کی جنگ لڑتے ہیں ؟ایسی کئی باتیں مبہم معلوم ہوتی ہیں۔ تاہم گووند اورآزاد کی کیمسٹری ہی فلم کی جان ہے۔ آزاد فلم میں حقیقی ہیروہے۔ یہ آزاد، جو شراب کا شوقین ہے، مزاحیہ اور جذباتی مناظرمیں دوسرے اداکاروں پر چھایاہواہے۔ 
ادا کاری
امن نے پہلی ہی فلم میں گووند کے طور پر پراعتماد پرفارمنس دی ہے۔ گاؤں کے ایک غریب لڑکے کے کردار میں آنے میں اس کی محنت، اس کی باڈی لینگویج اور اس کی بولی صاف نظر آتی ہے۔ راشا کو اسکرین کی کم جگہ ملی ہے۔ وہ معصوم نظر آتی ہے، لیکن اسے مستقبل کے لیےمزید محنت کرنا پڑے گی۔ جی ہاں، ڈانس نمبر’اوئی اماں ‘ میں ان کا انداز دیکھنے کے لائق ہے۔ اجے دیوگن ان نئے بچوں کو اپنے تجربے سےاچھی مدد کرتے ہیں، لیکن ان کا کردار اتنا مضبوط نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی’لگان‘کی یاد دلانے والا کلائمکس بھی اوسط ہے۔ 
نتیجہ
 یہ فلم، جو انسانوں اور جانوروں کے درمیان محبت کی جھلک پیش کرتی ہے، امن دیوگن کے لیے دیکھی جا سکتی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK