• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بیڈ کاپ : دو جڑواں بھائیوں کرن اور ارجن کی کہانی

Updated: June 30, 2024, 11:17 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

دونوں اتنا زیادہ ملتے جلتےہیں کہ ان کی شناخت کرنا مشکل ہے لیکن ان میں سے ایک پولیس کے کردار میں ہے جبکہ دوسر اچور ہے۔

A scene from the web series Bad Cop. Photo: INN
ویب سریز بیڈ کاپ کا ایک منظر۔ تصویر : آئی این این

بیڈ کاپ (Bad Cop)
 اسٹریمنگ ایپ : ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار
اسٹار کاسٹ: گلشن دیویا، انوراگ کشیپ، سوربھ سچدیوا، ہرلین سیٹھی اور ایشوریہ سشمتا
رائٹر: رینسل ڈی سلوا، سرینیتا بھومک، حسین دلال اور وینیکا مترا
ڈائریکٹر: آدتیہ دت 
ریٹنگ: ***

نغمہ نگار آنند بخشی کے نواسے آدتیہ دت نے `کمانڈو۳؍ جیسی فلموں سے ہندی سنیما کو ایکشن سنیما کے نئے معنی سمجھائے ہیں اور اب فری مینٹل انڈیا کی پہلی فکشن سیریز ’بیڈ کاپ‘ کی ہدایت کاری کے ذریعے وہ دوبارہ ناظرین کو حقیقی ایکشن کا مطلب سمجھا رہے ہیں۔ گلشن دیویا، انوراگ کشیپ، سوربھ سچدیوا اور ` ہرلین سیٹھی کاایک ساتھ ہونا کسی بھی پروجیکٹ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ یہ سینما کے شائقین کا جوش بڑھا سکتا ہے۔ ڈزنی پلس ہاٹ اسٹارنے شو کیلئے جو ٹریلر ریلیز کیا تھا، اسے دیکھ کر ایسا لگا تھا کہ یہ ڈارک کامیڈی-تھریلر-گینگسٹر ڈراماہے۔ اب جب شو آ گیا ہے تو اس کے ساتھ بڑا سوال بھی ہے کہ کیا واقعی ’بیڈ کاپ‘ میں  یہ سب ہے؟ 
 اس کا جواب تلاش کرنے کیلئے ہمیں اس کے۸؍ ایپی سوڈ دیکھنے ہوں  گے۔ شو کی ایک خاصیت یہ ہے کہ اس کی ہر قسط۳۰؍ منٹ سے زیادہ طویل نہیں ہے۔ ایسے میں بورہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں لیکن بڑے سوالوں کے جواب ’ ون لائنرز‘ میں نہیں مل سکتے اوراس کیلئے تفصیل ضروری ہے۔ 
 کہانی دو جڑواں بھائیوں کرن اور ارجن (گلشن دیویا) کے بارے میں ہے۔ روایتی جڑواں کرداروں والی کہانیوں کے برعکس انہیں ان کی شکل، رنگت، بالوں کے انداز، آواز، جسم یا چہرے پر کسی تل سے الگ نہیں کیا گیا ہے۔ گلشن دیویا کے دونوں کردار اتنے ملتے جلتے ہیں کہ جب وہ ایک ہی فریم میں ہوں گے تو آپ کیلئے انہیں پہچاننامشکل ہو جائے گا لیکن ان کے رویے اور کردار میں فرق ہے۔ کرن ایک پولیس اہلکار ہے اور اس کی بیوی دیویکا (ہرلین سیٹھی) ممبئی پولیس میں اس کی سینئر افسر ہے۔ دوسری طرف ارجن ایک چور ہے اور اپنی گرل فرینڈ اور کرائم پارٹنر کیکی (ایشوریہ سشمتا) کے ساتھ فراڈ کرتا ہے۔ ایسے ہی ایک واردات انجام دے کر دونوں بھاگتے ہوئے ایک قتل کیس کو چھو کر گزر جاتےہیں۔ 
 صحافی آنند مشرا `’قلم سے انقلاب ‘ ٹائپ کے صحافی ہیں، انہیں قتل کر دیا گیا ہے۔ کیوں قتل کیا گیا؟ شو میں اسی کا جواب تلاش کیا گیا ہے۔ آنندمشرا سی بی آئی افسر (سوربھ سچدیوا) کے قریبی دوست تھے لہٰذا وہ افسر پیشہ ورانہ تفتیش کرتا ہے، ارجن کو اپنے دوست کا قاتل سمجھ کر تفتیش شروع کردی ہے۔ اگر پولیس والا ہے تو گینگسٹر بھی ہونا چاہئے.. اس کا نام کجبے (انوراگ کشیپ) ہے۔ یہ اپنا پورا نیٹ ورک جیل ہی سے چلا رہا ہے جسےباہر اس کا بھتیجہ چلا رہا ہے۔ 
 اس میں غنڈوں کے سامان کی ترسیل کا بھی معاملہ آتا ہے۔ اس معاملے میں محکمہ کے افسران کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ درمیان میں جڑواں بھائیوں کی کہانیاں بھی ہیں۔ اورایک ٹوسٹ ہے، جو جڑواں بھائیوں کی ہر کہانی میں ہوتا ہے۔ درحقیقت جڑواں بھائیوں کے کردار ایک ایسا ذریعہ ہیں جن کی مدد سے فلم ساز ایک ہی والدین کے ہاں پیدا ہونے والے دو افراد کے بالکل مختلف کرداروں کو بیان کرتے ہیں، جو ایک جیسے نظر آتے ہیں، بولتے ہیں، چلتے ہیں، کھڑے ہوتے ہیں اوربیٹھتے ہیں لیکن بیڈ کاپ کی کہانی کا اصل یہی سوال ہے کہ کیا کرن ارجن واقعی الگ الگ ہیں ؟ یا ایک جیسے ہیں۔ جو چور ہے وہ کتنا پولیس والا ہوسکتا ہے اور جو پولیس والا ہے وہ کتنا چور ہے؟ لیڈ کردار سے لے کر ان کے کریمنل پولیس والے اینگل تک ہدایت کار آدتیہ دت اور ان کےمصنفین نے سنیما کے روایتی کرداروں اور کہانی کو باقی رکھا ہے لیکن یہ تھوڑا زیادہ لگتا ہے ، کتنا زیادہ ہے ؟ یہ شو دیکھنے کے بعد ہی فیصلہ کر سکیں  گے۔ کیونکہ شومیں  کوئی تجسس نہیں  ہے۔ اگر آپ بالی ووڈ کی فلمیں دیکھتے رہے ہیں تو سب کچھ آپ پہلے ہی انداز ہ لگا لیں  گے، اسی لئے یہ ویب سریز ناظرین کو چونکانےمیں  بہت کم کامیاب ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK