جس طرح سورج بڑجاتیہ کی فلموں میں خاندانی روایات نظر آتی ہیں وہی کچھ آپ کو اس ویب سیریز میں بھی دیکھنے کو ملے گا جس کیلئے سورج مشہور ہیں۔
EPAPER
Updated: February 16, 2025, 12:33 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
جس طرح سورج بڑجاتیہ کی فلموں میں خاندانی روایات نظر آتی ہیں وہی کچھ آپ کو اس ویب سیریز میں بھی دیکھنے کو ملے گا جس کیلئے سورج مشہور ہیں۔
بڑا نام کریں گے
(Bada Naam Karenge)
اسٹریمنگ ایپ: سونی لیو(۹؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: ریتک گھنشانی، عائشہ کدوسکر، کنولجیت سنگھ، جمیل خان، الکا امین، دیپکا امین، راجیش جیس، چترالی گپتے، انجنا سکھانی۔
ڈائریکٹر: پلش واسوانی
رائٹر: ایس مانسوی، ویدیت ترپاٹھی
پروڈیوسر: سورج آر بڑجاتیہ، دیویندر ایس بڑجاتیہ
موسیقی: انوراگ سیکیا
سنیماٹوگرافی: شیو پرکاش
ایڈیٹنگ: گورو گوپال جھا
پروڈکشن ڈیزائن: ترپن شریواستو
ریٹنگ: ***
’’جب پرندہ اونچا اڑتا ہے نا، تو سب سے زیادہ فخر اس شاخ کو ہوتا ہے جہاں سے اس نے اڑان بھری تھی۔ ‘‘ویب سیریز ’بڑا نام کریں گے‘ کے سب سےسینئر کردار آنند راٹھی (کنولجیت سنگھ) ایک منظرمیں یہ زبردست نصیحت دیتے ہیں۔ یہی اس شو کا بنیادی پیغام بھی ہے، چاہے انسان کتنا ہی آگے نکل جائے، اسے اپنی جڑیں نہیں بھولنی چاہئیں۔ سورج بڑجاتیہ، جو بڑی اسکرین پر ’میں نے پیار کیا‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘ اور ’وِواہ‘ جیسی فلموں سے خاندانی رشتوں اور روایات کو مضبوط کرتے آئے ہیں، اس بار او ٹی ٹی پر اپنی سیریزکے ساتھ آئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ جب زیادہ تر او ٹی ٹی سیریز تشدد اور گالیوں سے بھرے کرائم و تھرلر پر مبنی ہوتی ہیں، وہیں سورج بڑجاتیہ کایہ شو محبت، خاندان، روایات اور اخلاقیات کی روشنی پھیلا رہا ہے۔
سیریز کی کہانی
یہ کہانی سورج بڑجاتیہ کی فلموں کی طرح سادگی اور خاندانی اقدار پر مبنی ہے۔ یہ سیریز رتلام کے راٹھی خاندان کی کہانی ہے، جن کےاخلاق اور مٹھائیوں کا ذائقہ دور دور تک مشہور ہے۔ خاندان کا سب سے چھوٹا بیٹا رِشبھ (ریتک گھنشانی) ممبئی میں ایم بی اے کر رہا ہے تاکہ خاندان کے کاروبار کو آگے بڑھا سکے اور اپنے والدین کا خواب پورا کر سکے یعنی اس کا مقصد یہی ہےکہ ’بڑا نام کریں گے‘۔
ادھر، گھر کے بزرگوں کو رِشبھ کے لیے ایک بہترین رشتہ مل جاتا ہے۔ یہ رشتہ ہے اُجّین کی سوربھی (عائشہ قدوسکر) کا، جو ممبئی میں ہی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ سوربھی کے والد لَلِت گپتا (جمِیل خان) ایک مڈل کلاس اسکول ٹیچر ہیں، جو اپنی بیٹی پر بہت فخر کرتے ہیں۔ لیکن یہاں کہانی میں ایک موڑ آتا ہے۔ گھر والے جب رِشبھ اور سوربھی کی ارینجڈ میرج طے کر رہے ہوتے ہیں، تو انہیں معلوم نہیں کہ ان دونوں کا ’میں نے پیار کیا‘ والا لمحہ پہلے ہی گزر چکا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران، یہ دونوں ممبئی میں ایک ساتھ رہ چکے ہیں۔ جبکہ رتلام اور اُجّین جیسے چھوٹے شہروں میں، خاص طور پر رِشبھ کے قدامت پسند خاندان میں، لڑکا اور لڑکی کا شادی سے پہلے ساتھ رہنا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ جب یہ راز کھلتا ہے تو ان کی محبت اور شادی پر کیا اثر پڑتا ہے؟یہ جاننے کیلئے آپ کو یہ سیریز دیکھنی ہوگی۔
ہدایت کاری
مصنفین ایس منسوی اور ودِت ترپاٹھی نے خاص طور پر سورج بڑجاتیہ کی فلموں کے انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہانی لکھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں آپ کو ’میں نے پیار کیا‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘ اور ’وِواہ‘ کی جھلکیاں بار بار محسوس ہوں گی۔ ’گلّک‘ جیسی سیریز کے مشہورہدایتکار پَلَاش واسوانی نے اس شو میں بھی رشتوں کی مٹھاس کو خوبصورتی سے بُنا ہے۔ شو کی سب سے بڑی خوبی اس کا سادہ اور قدرتی انداز ہے۔ یہاں آپ کو اپنے تایا جی، تائی جی، پھوپھا جی کی جھلک بھی نظر آئے گی۔ ساتھ ہی، امرتا پریتم سے لے کر کاکا ہاتھرسی تک کی شاعری کا ذکر بھی دل کو بھاتا ہے۔ لیکن اسکرین پلے کی لمبائی کی وجہ سے ’گلک‘ جیسی مضبوط گرفت محسوس نہیں ہوتی۔ آج کے دور میں کچھ چیزیں غیر حقیقی لگتی ہیں، جیسے سوربھی کا اپنے اتنے سپورٹیو خاندان سے جھوٹ بولنا۔ اس کی ماں (دپیکا امین) کہتی بھی ہے کہ ’تم نے اپنے گھر والوں سے زیادہ ایک انجان لڑکے پر بھروسہ کر لیا‘ جبکہ وہ پہلے اسے ناپسند بھی کرتی تھی۔ رتلام جیسے شہر میں اب ’ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘ والے محل نما گھروں میں، جہاں بڑے بھائی، چھوٹے بھائی، دیورانی، جٹھانی سب ایک ساتھ رہتے ہیں، وہ حقیقت کم نظر آتی ہے۔
اداکاری
عائشہ قدوسکر (سوربھی) اپنی معصومیت اور قدرتی اداکاری سے پھر ایک بار دل جیت لیتی ہیں۔ رتِک گھانشانی (رِشبھ) نے سورج بڑجاتیہ کے ’نئے پریم‘ کی ذمہ داری خوب نبھائی ہے۔ کنولجیت سنگھ (تایا جی)، الکا امین (تائی جی)، راجیش تیِلنگ (پھوپھا جی) اور جمِیل خان (سوربھی کے والد) جیسے سینئر اداکاروں نے بہترین کام کیا ہے۔
نتیجہ
اگر آپ کو سورج بڑجاتیہ کی ’فیملی ویلیوز‘ پر مبنی فلمیں پسند ہیں، تو یہ سیریز آپ کے لیے ہی ہے۔