• Sat, 09 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بجرنگ اور علی: گنگا جمنی تہذیب کو پیش کرنے والی عمدہ فلم

Updated: June 08, 2024, 10:10 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

ایک ایسی فلم ہے جو مذہب سے بڑھ کر انسانیت کا درس دیتی ہے ۔ کہانی میں دم ہے، بہتر ہوتا کہ اسے کسی بڑے بینر کے تلے بنایا جاتا۔

`Bajrang` Jay Veer and `Ali` Sachin Parekh have given heart touching performances in the film. Photo: INN
’بجرنگ ‘ جے ویر اور ’علی‘ سچن پاریکھ نے فلم میں دل کو چھولینے والی اداکاری کی ہے۔ تصویر : آئی این این

بجرنگ اور علی 
 (Bajrang Aur Ali)
اسٹار کاسٹ :جے ویرشرما، سچن پاریکھ، ردھی گپتا، گوری شنکر سنگھ اور یوگنت بدری پانڈے۔ 
 ڈائریکٹر :جے ویر شرما
رائٹر:جے ویر شرما
موسیقی:یُگ بھوسال 
 پروڈیوسر:سریش شرما، متھلیش شرما، وشالا شرما
 سنیماٹوگرافی:روی بھٹ 
کاسٹنگ:تنوشری شرما
کاسٹیوم ڈیزائنر:پرینکا اور وشالاشرما 
ایڈیٹنگ:راہل تیواری، بھرت
ریٹنگ: ****
فلم ’بجرنگ اور علی‘ ۲؍مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے دو دوستوں کی کہانی ہے جو گنگا جمنی ثقافت کو پیش کرتی ہے۔ فلم کی مضبوط کہانی اور اداکاروں کی زبردست پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے اسے ۴؍ریٹنگ دی جاتی ہے۔ 
فلم کی کہانی کیا ہے؟
 فلم کی کہانی بجرنگ اور علی کی ہے جو دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی دوستی جئے اور ویرو سے کم نہیں ہے۔ الگ الگ مذاہب سے تعلق رکھنے کے باوجود بجرنگ اور علی ایک دوسرے کے لئے اپنی جان قربان کرتے ہیں۔ مذہب کی دیوار ان کی دوستی کے راستے میں نہیں آتی۔ 
اسٹار کاسٹ کی اداکاری کیسی ہے؟
 جس طرح سے فلم کی کہانی بجرنگ اور علی کے گرد گھومتی ہے۔ اسی طرح بجرنگ کے کردار میں جے ویر اور علی کے کردار میں سچن پاریکھ نے اپنے کرداروں کے تاثرات کو صحیح طریقے سے پیش کیا ہے۔ دونوں نے اپنی اداکاری سے شائقین کو ہنسنے اور رونے پر مجبور کر دیا ہے۔ جے ویر اور سچن پاریکھ کے علاوہ ردھی گپتا، یوگنت بدری پانڈے، گوری شنکر سنگھ نے نہ صرف اپنے اپنے کرداروں کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کی کوشش کی ہے بلکہ اپنی اداکاری سے فلم کی سطح کو بھی بلند کیا ہے۔ ان سبھی کی دَمداراداکاری کے ذریعہ فلم میں جان پڑ گئی ہے اور وہ بہتر تاثر پیش کررہی ہے۔ 
دوستی کا امتحان 
 فلم میں ایک موڑایسا آتا ہے جہاں دونوں مذاہب کے لوگوں کو اپنی دوستی کا امتحان دیناپڑتا ہے لیکن ان کی دوستی اس قدر مذہب سے بالاتر ہے کہ وہ نامساعد حالات میں بھی اپنی منفرد دوستی کو برقرار رکھتے ہیں۔ جے ویر اور سچن پاریکھ نے اپنی اداکاری سے اس چیز کو بہت جذباتی بنادیا تھا۔ 
کئی مقامات پر آپ جذباتی ہوجائیں گے 
 اس فلم کی خاصیت یہ ہے کہ اگرچہ اس میں دو مختلف مذاہب کے لوگوں کو اسکرین پر دکھایا گیا ہے۔ لیکن ان دونوں کے درمیان جو رشتہ ہے وہ انسانیت کی روح کو ظاہر کرتا ہے جو سب سے اہم ہے۔ کئی جگہوں پر، فلم میں چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں جو کافی دل کو چھو جاتی ہیں اور بعض اوقات آپ کو جذباتی بھی بنا دیتی ہیں۔ ان دونوں کی اٹوٹ دوستی انسانی اقدار کو وہ اعلیٰ مقام عطا کرنے والی ہیں جو یقیناً آپ کی آنکھوں میں آنسو لے آئے گی۔ یہ فلم آج کے دور کے ایک انتہائی اہم مسئلے پر مبنی ہے، جسے آپ ایک بار بڑی اسکرین پر ضرور دیکھ سکتے ہیں کیونکہ فلم کا مزہ بڑی اسکرین پر ہی آسکتاہے۔ 
فلم کا ڈائریکشن کیسا ہے؟
 فلم کے رائٹر ڈائریکٹر جے ویر نے فلم میں بجرنگ کا کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم کا مضبوط پہلو فلم کی کہانی اور اسکرین پلے ہے۔ ہدایت کار نے فلم کے ہر پہلو پر سخت محنت کی ہے جو فلم میں نظر آتی ہے۔ کہیں فلم کی پروڈکشن ویلیو کمزور ہے۔ اگر کوئی بڑا پروڈکشن ہاؤس اس کہانی پر مبنی فلم بناتا تو فلم کی شکل مختلف ہوتی۔ اس طرح کی فلموں کو بڑے فلمسازوں کے تعاون سے ہی بنانا چاہئے تاکہ ایک اچھی کہانی ناظرین تک پہنچ سکے۔ فلم کا ہر پہلو، تحریر، ہدایت کاری، ایڈیٹنگ، سنیماٹوگرافی، موسیقی، بالکل اعلیٰ درجے کا ہے۔ فلم کو انتہائی جذباتی اور تفریحی انداز میں پیش کیا گیا ہے جسے دیکھ کر کئی مقامات پر آپ کی آنکھوں میں آنسو آجائیں گے۔ 
موسیقی کیسی ہے؟
 اس فلم کا میوزک کچھ خاص نہیں ہے۔ فلم میں کوئی گانا ایسا نہیں ہے جسے دیر تک یاد رکھا جا سکے۔ فلم کا بیک گراؤنڈ میوزک بھی عام فلموں کی طرح ہے۔ موسیقی پر کچھ اور کام کی ضرورت تھی۔ 
حتمی فیصلہ، دیکھیں یا نہیں ؟
یہ فلم دو دوستوں کی ایسی دل کو چھو لینے والی کہانی ہے جو دلوں پر گہرا اثر چھوڑے گی۔ یہ فلم انسانیت کا پیغام دیتی ہے۔ اچھی کہانی کیلئے یہ فلم دیکھی جا سکتی ہے۔ بجرنگ اور علی ایک انتہائی سنجیدہ موضوع پر مبنی فلم ہونے کے باوجود بالکل بھی بور نہیں ہوتی اور آخر تک فلم میں ناظرین کی دلچسپی برقرار رکھنے میں کامیاب ثابت ہوتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK