یہاں ایک انتہائی قدیم قلعہ کے ساتھ روز گارڈن اور چیتک پارک جیسے کئی گارڈن اور بیر تالاب زو نامی ایک مشہور چڑیا گھر ہے۔
EPAPER
Updated: December 04, 2024, 11:03 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
یہاں ایک انتہائی قدیم قلعہ کے ساتھ روز گارڈن اور چیتک پارک جیسے کئی گارڈن اور بیر تالاب زو نامی ایک مشہور چڑیا گھر ہے۔
’بھٹنڈہ‘پنجاب کے وسط میں واقع ہے جسےپنجاب کا’دل‘ بھی کہا جاتا ہے۔ بھٹنڈہ کو پنجاب کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جو ایک بھرپور تاریخ کاحامل ہے۔ ایک چھوٹا شہر ہونےکےباوجود، بھٹنڈہ اپنے سیاحتی مقامات کے لیے کافی مشہور ہے، جو پنجاب کے اعلیٰ سیاحتی مقامات کی فہرست میں بھی مضبوط دعویٰ کرتا ہے۔ آپ جب بھی بھٹنڈہ جائیں گے، آپ کو یہاں پنجابی ثقافت کا حقیقی جوہر دیکھنے کو ملے گا۔ آپ لسی کےایک بڑے گلاس سےلے کر مشہور بھنگڑا ڈانس تک سب کچھ دیکھ سکیں گے جو پنجاب کا اہم زیور سمجھا جاتا ہے۔ اگر آپ پنجاب میں سیر کے لیے بہترین مقامات کی تلاش میں ہیں، تو آپ کو اپنے سفر کیلئے بھٹنڈہ کو منتخب کرنے پر ضرور غور کرنا چاہیے۔
قلعہ مبارک
قلعہ مبارک بھٹنڈہ کا ایک بہت اہم تاریخی مقام ہےجسے قدیم زمانے میں تبارہندیا گیٹ وے آف انڈیا کےطور پرجانا جاتا تھا۔ قلعہ مبارک کے بارےمیں خیال کیا جاتا ہے کہ اسے۹۰؍ اور۱۱۰ءکےدرمیان تعمیر کیا گیاتھا اور یہ ہندوستان کے قدیم ترین قلعوں میں سے ایک ہے۔ سکھوں کے دسویں گرو گرو گوبند سنگھ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے بھی اس جگہ کا دورہ کیا تھا۔ یہ قلعہ سیاحوں اور تاریخ سے محبت کرنے والوں کے لیے بھٹنڈہ میں دیکھنے کے لیے بہترین مقامات میں سے ایک ہےجو ہر سال ہزاروں سیاحوں کی میزبانی کرتا ہے۔ قلعہ مبارک کا پرامن ماحول اور قلعے کی کشتی جیسی شکل سیاحوں کے لیے کافی پرکشش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاحوں کے ساتھ ساتھ فوٹوگرافر بھی یہاں قلعہ کی خوبصورت تصاویر لینے آتے ہیں۔
روز گارڈن
’روز گارڈن‘بھٹنڈہ کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے اور سب سے خوبصورت مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ باغ ۴۰؍ہزارمربع میٹر کے وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے جو گلاب کی مختلف اقسام کیلئےمشہور ہے۔ جب بھی آپ پہلی بار باغ میں کھلے ہوئے گلاب دیکھیں گے تو یقین کریں آپ ایک لمحے کے لیے سب کچھ بھول جائیں گے اور اس کے سحر انگیز حسن میں کھو جائیں گے۔ بچوں کو بھی بھٹنڈہ کا یہ روز گارڈن بہت پسند ہے، کیونکہ یہ باغ بچوں کیلئےکچھ دلچسپ سواریاں بھی مہیا کرتا ہے۔
چیتک پارک
چیتک پارک بھٹنڈہ کے بڑے سیاحتی مقامات میں ایک اور پسندیدہ جگہ ہے، جو کہ سیاحتی مقام کے ساتھ ساتھ بھٹنڈہ کے پکنک اسپاٹ کے طور پر بھی کافی مشہور ہے۔ چیتک پارک، سرسبز و شاداب اورخوبصورت پھولوں سے مزین، بھٹنڈہ چھاؤنی میں چیتک جھیل کے ریب واقع ہے، جو یہاں آنے والے سیاحوں کو پانی کی کشتی اور پرندوں کو دیکھنے جیسی بہت سی دلچسپ سرگرمیاں پیش کرتا ہے۔
پیر حاجی رتن کا مقبرہ
’پیر حاجی رتن کا مزار‘بھٹنڈہ کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہےجو تمام مذاہب کے لوگوں اور سیاحوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ لوگوں کا عقیدہ ہے کہ پیرحاجی رتن کے مزار پر سچے دل سےکی جانے والی تمام خواہشات پوری ہوتی ہیں جس کی وجہ سے ملک بھر سے عقیدت مند اپنی خواہشات کے ساتھ یہاں آتے ہیں۔
یہاں واقع مسجد اور گرودوارہ کی صرف ایک دیوار ہے، جو تمام مذاہب کےتئیں احترام اور عقیدت کا اظہار کرتی ہے۔ یہ حقیقت اسےبھٹنڈہ میں دیکھنے کے لیے بہترین مقامات میں سے ایک بناتی ہے اور ملک کے مختلف کونوں سے سیاحوں اور عقیدت مندوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔
بیر تالاب چڑیا گھر
یہ بھٹنڈہ میں دیکھنے کیلئے بہترین جگہوں میں سے ایک ہے جسے جنگلی حیات سے محبت کرنے والوں کیلئے بہترین مقام سمجھا جاتا ہے۔ تقریباً ۱۶۱؍ایکڑ کے رقبے پر پھیلے ہوئے بیر تالاب چڑیا گھر کو بھٹنڈہ زولوجیکل گارڈن یا منی زو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس جگہ پر سیاح اپنے خاندان اور بچوں کے ساتھ سرسبز و شاداب پرندوں کی مختلف اقسام کو دیکھ کر وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔ جب آپ بیر تالاب چڑیاگھر آئیں گے تو آپ مختلف پرندوں جیسے طوطے، مور، کبوتر کےساتھ ساتھ گلاب کی لکڑی، ساگوان اورپیلے پھولوں والی املتاس جیسے بہت سے غیر ملکی پودوں کو دیکھ کر وقت گزار سکیں گے۔