لندن میں پلی بڑھی لڑکی اپنے دادا دادی کے آنے سےالجھن محسوس کرتی ہے، ورون دھون کی بھتیجی انجنی اور پنکج کپور کی عمدہ اداکاری کا امتزاج۔
EPAPER
Updated: September 28, 2024, 10:56 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
لندن میں پلی بڑھی لڑکی اپنے دادا دادی کے آنے سےالجھن محسوس کرتی ہے، ورون دھون کی بھتیجی انجنی اور پنکج کپور کی عمدہ اداکاری کا امتزاج۔
بنی اینڈ فیملی (Binny and Family)
اسٹار کاسٹ:پنکج کپور، انجنی دھون، راجیش کمار، چارو شنکر، ہیمانی شیوپوری، سیمی لی بیچر، روچیکا جین، روی ملتانی
ڈائریکٹر :سنجے ترپاٹھی
رائٹر:سنجے ترپاٹھی، نمن ترپاٹھی
پروڈیوسر:ایکتا کپورششانک کھیتان، مہاویر جین، نیتو جین
میوزک:وشال مشرا، للت پنڈت
سنیماٹوگرافی:موہت پوری
ایڈیٹنگ:سوربھ پربھودیسائی
پروڈکشن ڈیزائن:لینا بھندولا
کاسٹیوم:ہمانشی نجوان
کاسٹنگ:مکیش چھابرا، انوج گپتا
ریٹنگ: ***
’کبھی خوشی کبھی غم‘سےلے کر’باغبان‘تک کئی فلمیں بچوں کے والدین کے ساتھ رشتوں پربنائی جاچکی ہیں، لیکن ہندی فلموں کے رائٹروں نے دادا دادی اورپوتےپوتیوں کے رشتے یا ان کے درمیان نسلی فاصلےپرکبھی توجہ نہیں دی۔ لیکن اب اسی موضوع پر مصنف اور ہدایت کارسنجے ترپاٹھی ایک خوبصورت پیغام کی حامل اورجذبات سے بھرپور فلم ’بنی اینڈ فیملی‘ لے کر آئے ہیں۔
فلم کی کہانی
فلم بندیا سنگھ عرف بنی (انجنی دھون) کے بارے میں ہے، جو ایک آزاد مزاج اورباغی شخصیت کی حامل لڑکی ہے جو لندن میں اپنے والدین(چارو شنکر-راجیش کمار) کے ساتھ رہتی ہے۔ اس کی زندگی ہرسال اس وقت بدل جاتی ہے جب اس کے قدامت پسند دادا دادی (پنکج کپور-ہیمانی شیو پوری) بہار سے ان کے ساتھ۲؍ماہ تک رہنے کے لیے آتے ہیں۔
بنی کے لیے، سال کے یہ دو مہینے ایسےہوتے ہیں جب اس کےگھر اور زندگی دونوں کا منظرنامہ بدل جاتا ہے۔ گھر کا بار، بک شیلف بن جاتا ہے۔ دیواروں پر لٹکی پارٹی کی تصویریں غائب ہو جاتی ہیں۔ اس کی ماں اور اس کے چھوٹے کپڑے الماری میں واپس چلےجاتے ہیں۔ ان کی لیٹ نائٹ پارٹی رک جاتی ہے، کیونکہ دادا کے مطابق اگر خواتین اتنی دیر باہر رہیں اور کچھ برا ہو جائے تو وہ کہاں منہ دکھائیں گے۔ دادی اس کی پھٹی ہوئی جینز کو سوئی اور دھاگے سے سیتی ہیں۔ مجموعی طور پر، اس کا پورا طرز زندگی تبدیل ہوکر رہ جاتا ہے۔ لہٰذا، وہ دن گنتی رہتی ہےکہ کب دو مہینے گزریں اور دادا دادی واپس جائیں۔
کہانی میں آگے جب بنی، ان دومہینوں کےگزرنے کے کچھ دنوں بعدسنتی ہےکہ دادا دادی طبی ایمرجنسی کی وجہ سے واپس آ رہے ہیں، تو اس کا غصہ ساتویں آسمان پر پہنچ جاتاہے۔ وہ انہیں واپس نہ لانےپر بضد ہو جاتی ہے، لیکن یہ اصرار اس پر اتنا بوجھل ہو جاتا ہے کہ اپنے دادا دادی کے بارے میں اس کی ساری سوچ بدل جاتی ہے۔ اس کی زندگی میں ایسا موڑ آتا ہےکہ وہ دادا جس کے ساتھ وہ ایک منٹ بھی نہیں بیٹھ سکتی تھی، اس کےبہترین دوست بن جاتے ہیں۔ وہ ان کے ساتھ شاپنگ سے لے کر محبت کے فلسفے تک ہر چیز پر کھل کر بات کرنےلگتی ہے۔ آخر بنی اور اس کے دادا کے درمیان یہ نسلی فرق کیسےپُر ہوتا ہے؟ یہ آپ کو فلم دیکھنے کے بعد معلوم ہوگا۔
ہدایت کاری
فلم میں دکھایاگیاہےکہ اگر یہ دو نسلیں ’’وہ کیا سمجھیں گے‘‘ اور ’’انہیں کچھ نہیں معلوم‘‘کے دائرے سے نکل کر ایک دوسرے کو سننے، سمجھنے اور ان کے مطابق خود کو تھوڑا بدلنے کی کوشش کریں تو نسلوں کا یہ فرق نہ صرف بزرگوں کے تجربات اور بچوں کی توانائی کا امتزاج دونوں کی زندگیوں میں نئے رنگ لا سکتا ہے۔
فلم کی نیت صاف ہیں، اس کی روح صحیح جگہ پر ہے۔ فلم دوسرےہاف میں کئی مقامات پر جذباتی ہو جاتی ہے۔ لیکن اسکرین پلےکو تھوڑا سخت ہونا چاہیےتھا۔ اس کی لمبائی اس کی سب سے بڑی خرابی ہے۔ بنی کی پارٹی، ڈرامے کی ریہرسل اور بہار جیسے کئی مناظر دہرائے جانے والےلگتےہیں۔ اس سب کی وجہ سےایسا لگنےلگتا ہے کہ یہ فلم کب ختم ہوگی؟
اداکاری
اگر ہم اداکاری کی بات کریں تو پنکج کپور، راجیش کمار، چارو شنکر، ہمانی شیوپوری تجربہ کار اداکارہیں۔ ہر کوئی اپنے کردار میں پرفیکٹ ہے۔ تاہم، ہمانی کےحصے میں سین کم آئے ہیں۔ لیکن فلم کی دریافت انجنی دھون ہیں۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی فلم میں بہت پختہ اداکاری کی ہے۔ پنکج کپور جیسے تجربہ کار اداکارکے سامنے بھاری جذباتی یکجہتی والے مناظر میں بھی وہ ناکام نہیں ہوتی۔ ایسے میں یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وہ صرف ایک اور اسٹار کڈ نہیں بلکہ ایک ہونہار نوجوان اداکار ہیں۔
نتیجہ
پنکج کپور جیسے تجربہ کار اور ورون دھون کی بھتیجی انجنی کی نئی نویلی اداکاری کے علاوہ دو نسلوں کو جوڑنے کے عظیم پیغام کی حامل اس فیملی فلم ایک بار دیکھاجا سکتا ہے۔