• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وڈالا اسٹیشن کے قریب بی ایم سی مارکیٹ چھوٹی اشیاء کا بڑا خزانہ

Updated: September 10, 2024, 11:52 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں واقع چھوٹی چھوٹی دکانوں میں چھوٹی ہی سہی لیکن بہت ساری کار آمد چیزیں ملتی ہیں،ایکسیسریز کی کئی دکانیں یہاں موجود ہیں۔

The accessories shop is looking good. Photo: INN
ایکسیسریز کی دکان اقرانظر آرہی ہے۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ کئی ہفتوں سے ہم آن لائن اسٹورز کا جائزہ لے رہے ہیں جہاں سےنہایت ہی عالیشان اور شاندار کپڑوں کی خریداری کی جاسکتی ہے۔ اس لئے میں نے سوچا کہ اس ہفتہ کسی ایسے بازار کی سیر کی جائے جو بھلے ہی چھوٹا ہو لیکن جہاں ہم بذات خود جاکر شاپنگ کرسکتےہوں۔ اسی کے تحت ہم نے وڈالا کا رخ کیا۔ 
 وڈالا ہاربر لائن پرواقع ایک اہم اسٹیشن ہے۔ ممبئی چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس سے نکلنے والی تمام ٹرینیں اسی اسٹیشن سے اپنا روٹ متعین کرتی ہیں۔ یعنی گوریگائوں جانے والی ٹرین اسی اسٹیشن سےکنگز سرکل کی جانب مڑ جاتی ہے جبکہ پنویل کی جانب جانے والی ٹرین جی ٹی بی نگر کی جانب مڑ جاتی ہے۔ اس اسٹیشن کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتاہے کہ گوریگائوں سے پنویل جانے والی ٹرین اسی اسٹیشن پر ٹھہرکردوسری جانب رخ کرتی ہے۔ ان تفصیلات کا مقصد ریلوےکے نظام سے متعلق معلومات فراہم کرنا نہیں بلکہ وڈالا اسٹیشن کی اہمیت ظاہر کرنا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی نقطہ نظر سے بھی وڈالا کی کافی اہمیت ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں اسٹیشن کے قریب ہی کئی تعلیمی ادارےقائم ہیں جن میں پرائمری تعلیم کے اسکولوں سےلے کر اعلیٰ تعلیم کیلئے ڈگری کالجوں بلکہ اس سے بھی آگے یعنی کیمیکل انجینئرنگ جیسے انتہائی پیچیدہ اور نہایت اہمیت کے حامل کورس کیلئے تعلیمی ادارہ بھی اسی علاقے میں واقع ہے۔ 
وڈالا میں مختلف مارکیٹ
 ویسے تو اس علاقے میں کئی مارکیٹس موجود ہیں جن میں نیشنل مارکیٹ، نیو نیشنل مارکیٹ، مندانی مارکیٹ، المدینہ مارکیٹ، اسٹیلر مینشن مارکیٹ لیکن آج ہم وڈالا بی ایم سی مارکیٹ کا جائزہ لیں گے۔ 
وڈالا بی ایم سی مارکیٹ
 وڈالا اسٹیشن کے باہر نکلنے ہی آپ کو ایک چھوٹا سا مارکیٹ نظر آئے گا جسے بی ایم سی کی جانب سے بسایا گیا ہے۔ اس کے تحت بی ایم سی نے چھوٹے چھوٹے گالے مختلف دکانداروں کو فراہم کئے ہیں لیکن عادت کے مطابق دکانداروں نے اپنی دکانوں سے متصل کچھ اضافی جگہ پر بھی اپنا سامان لگانا شروع کردیا ہے جس سے ان کی دکان میں دستیاب سامان بلکہ کچھ زیادہ سامان کی نمائش ممکن ہوپاتی ہے ورنہ بی ایم سی کے ذریعہ الاٹ کی گئی جگہ واقعی کافی چھوٹی ہے۔ 
 خیرجیسا کہ پہلے کہا گیا، وڈالا اسٹیشن سے باہر نکلتے ہی آپ کو اس مارکیٹ کی دکانیں نظر آنے لگیں گی۔ جس میں ابتدائی طور پر کچھ جوس وغیرہ کی دکانیں ہیں کچھ کھانے پینے کی دکانیں ہیں۔ گلی کے اندر آپ کو دونوں جانب دکانیں دیکھنے کو ملتی ہیں جن میں سے کچھ دکانوں پر چھوٹےموٹے اور گھرکے اندر پہننے لائق کپڑے مل جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر کئی اشیاء کی دکانیں بھی ہیں لیکن یہاں پر اکثر دکانیں ایسی ہیں جن میں آپ کو ایکسیسریز خریدنے کو ملتی ہیں۔ 
ایکسیسریز کی دکانیں 
 ایکسیسریز دراصل ان اشیا کو کہا جاتا ہے جو بنیادی ضروریات یعنی کپڑوں وغیرہ کے علاوہ آپ پہن سکتے ہیں۔ ان میں گلے کی چین سے لے کر انگوٹھی وغیرہ سب ہی شامل ہیں۔ مارکیٹ میں ایسی ہی ایک دکان دیکھی جس کا نام ’اقرا‘ ہے۔ اس چھوٹی سی دکان پر آپ کئی قسم کی اشیاء ایک ہی جگہ خرید سکتے ہیں جن میں سر کی ٹوپی سے لے کر، آنکھوں کیلئےاسٹائلش دھوپ کے چشمے، اسکول کالج کیلئے بیگ سے لے کر دیگر قسم کے بیگ اور ایسی ہی دیگر بہت ساری چیزیں مل جائیں گی۔ اس کے علاوہ گلے میں پہننے کیلئے مختلف انداز کی چین اور دیگرلوازمات جو نوجوان نسل فیشن کے طور پرپہننے میں فخر محسوس کرنے لگی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں تحفہ میں دی جاسکنے والی کئی چیزیں بھی دیکھنے کو ملیں۔ یہاں تحفہ میں دینےکیلئےد یگر کئی چیزوں کے علاوہ ایسے نوٹ بھی ملتے ہیں جن کے نمبرسےکسی کی سالگرہ وغیرہ کی تاریخ ظاہرہوتی ہے۔ یہ نوٹ حقیقی ہیں لیکن تحفے میں دینے کیلئے آپ یہاں سے خرید سکتے ہیں۔ جس کو آپ یہ تحفے میں دے رہے ہیں اس پر اس کی پیدائش کی تاریخ ہونے سےاس کی اہمیت بڑھ جاتی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK