Inquilab Logo Happiest Places to Work

چندولی نیشنل پارک: نایاب جانوروں کو دیکھنے کا بہترین مقام

Updated: April 10, 2025, 11:03 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کراڈ، سانگلی اور کولہاپور کے بیچ واقع یہ شاندارمقام سہیادری ٹائیگر ریزرو کا بھی حصہ ہے یعنی یہاں شیروں کے تحفظ کا معقول انتظام بھی ہے۔

The entrance to Chandoli National Park. Photo: INN.
چندولی نیشنل پارک میں داخل ہونے کا راستہ۔ تصویر: آئی این این۔

چندولی نیشنل پارک مہاراشٹر کے خوبصورت قدرتی خطے میں واقع ہے، جو نہ صرف جنگلی حیات کا خزانہ ہے بلکہ قدرتی حسن، خاموشی، اور پرکشش فضا کا ایک زندہ نمونہ بھی ہے۔ اگر آپ فطرت سےمحبت کرتے ہیں، جنگلات کی سیر، نایاب جانور، پرندوں کی چہچہاہٹ اور پہاڑی ندیوں کا سنگیت سننا چاہتے ہیں، تو چندولی نیشنل پارک آپ کے لیے کسی جنت سے کم نہیں۔ 
جنگلی حیات کی بھرمار
یہ پارک سہیادری ٹائیگر ریزروکا بھی حصہ ہے، جہاں کئی نایاب اور ایسےجانور پائے جاتے ہیں جن کے ختم ہوجانے کا خطرہ ہے۔ یہاں پائے جانے والےچند مشہور جانوروں میں ببر شیر، بنگال ٹائیگر، بھالو، نیل گائے، ہرن، جنگلی سور، اوردھول جیسے درندے شامل ہیں۔ 
پرندوں کی جنت
اس کے علاوہ یہاں تقریباً ۱۲۲؍ قسم کےپرندے بھی دیکھنے کو ملتےہیں، جن میں نایاب اور ہجرت کرنے والے پرندے بھی شامل ہیں۔ یہ فوٹوگرافروں اور برڈ واچرز کے لیے شاندار ہے۔ 
کیڑے مکوڑے اور تتلیاں 
مختلف رنگوں اورکئی اقسام کی تتلیاں یہاں کی فضا میں خوشبو کی طرح تیرتی ہیں۔ ہاگ ڈیئر، پورکوپائن اور سیویٹ کیٹ جیسے چھوٹے ممالیہ بھی پائے جاتے ہیں۔ 
جانوروں کی تصویر کشی کے مشورے
جب آپ یہاں جائیں گے اور آپ کو یہاں مختلف قسم کے اور انوکھے جانور نظر آئیں گے تو آپ یقینی طور پر ان کی تصو یر اپنے کیمرے میں قید کرنا چاہیں گے۔ آپ کا یہ منصوبہ ہے تو آپ کیلئے مشورہ ہے کہ آپ جانوروں کی تصویر کھینچنے صبح سویرے یا شام کے وقت جائیں، کیونکہ اس وقت جانورزیادہ متحرک ہوتےہیں اور آپ کو جانور چلتے پھرتے ہوئے نظر آجائیں گے۔ جیپ سفاری کے دوران مکمل خاموشی اختیار رکھیں۔ اس کے علاوہ ایک اہم مشورہ یہ ہے کہ یہاں جانوروں کو دیکھنے اور ان کی تصویرکشی کیلئے دوربین اور کیمرہ ضرور ساتھ رکھیں کیوں کہ یہاں اکثر جانور انسانوں کے قریب آنا پسند نہیں کرتے اور دور دور ہی نظر آتے ہیں۔ ایسے میں انہیں دور سے دیکھنے کیلئے ان چیزوں کی سب سے زیادہ ضرورت ہوگی۔ 
کیسے جائیں ؟
اگر آپ چندولی نیشنل پارک کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سفر کا منصوبہ صحیح طریقے سے بنانا ضروری ہے۔ ذیل میں مکمل تفصیل سے بتایا گیا ہےکہ چندولی نیشنل پارک کیسے پہنچا جا سکتا ہے، چاہے آپ ہوائی جہاز، ریل یا سڑک کے ذریعے آ رہے ہوں۔ 
بذریعہ ٹرین : کراڈ ریلوے اسٹیشن یہاں سےتقریباً ۴۷؍کلومیٹر دورہے، سانگلی اسٹیشن تقریباً ۷۵؍کلومیٹردور، کولہاپور ریلوے اسٹیشن تقریباً۸۰؍کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ اسٹیشن ممبئی، پونے، بنگلور، اور گوواسے اچھی طرح جُڑےہوئےہیں یعنی آپ ملک کے کسی بھی اسٹیشن سےیہاں تک آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔ ان اسٹیشنوں سے آپ مقامی بس، آٹو یا ٹیکسی کر کے پارک تک جا سکتے ہیں۔ 
بذریعہ کار یا ٹیکسی: چندولی نیشنل پارک مہاراشٹرا کے سانگلی، ستارا، اور کولہاپور اضلاع کے درمیان واقع ہے۔ یہاں تک سڑک کے ذریعے پہنچنا کافی آسان ہے۔ سڑک کے ذریعہ ممبئی سے جانے پر آپ کو ۳۷۵؍ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوگا جو کہ ۶؍تا ۸؍گھنٹے میں طے ہوسکتا ہے۔ پونےسےیہ فاصلہ تقریباً ۲۶۰؍کلومیٹر ہے جو ۵؍سے ۶؍ گھنٹے میں طے ہوسکتا ہے۔ کولہاپورسےفاصلہ تقریباً۸۰؍کلومیٹر ہے جسے ۲؍ گھنٹے میں طے کیا جاسکتاہے۔ یہاں پہنچنے کیلئےنجی کار یا کرایے کی کیب بہتر انتخاب ہوتاہے، کیونکہ پارک کے اندرونی علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ محدودہے۔ نیشنل ہائی وے نمبر ۴؍سے ہو کر آپ کراڈ، کولہاپور، یا سانگلی کے ذریعے آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔ جیپ سفاری کیلئے پارک کے گیٹ پر انتظام ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK