گرمیت چودھری کی پہلی ویب سیریز کےابتدائی ۵؍ایپی سوڈ عمدہ ہیں لیکن اگلے ۱۵؍ایپی سوڈ میں حالات سے قبل آپ اندازہ لگاسکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 04, 2024, 12:17 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
گرمیت چودھری کی پہلی ویب سیریز کےابتدائی ۵؍ایپی سوڈ عمدہ ہیں لیکن اگلے ۱۵؍ایپی سوڈ میں حالات سے قبل آپ اندازہ لگاسکتے ہیں۔
کمانڈر کرن سکسینہ
(Commander Karan Saxena)
اسٹریمنگ ایپ :ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار(۲۰؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:گرمیت چودھری، روتا درگولے، اقبال خان، انوپم سنہا، ارش انیجا، دیپک ٹوکاس
رائٹر، ڈائریکٹر:جتن ستیش واگلے
پروڈیوسر:راجیشور نائر
پروڈکشن ڈیزائن:محمد احمد شیخ
اسسٹنٹ ڈائریکٹر:سنکیت چکرورتی، ڈولی پانڈے، پانڈیا ڈولی، پرینکا کمبھار، رتن سندھیا راجپوت
اسٹنٹ:پردیومن کمار سوائن
ایڈیٹنگ:ویبھو وامن
اسکرپٹ:سنکیت چکرورتی
ریٹنگ: **
حب الوطنی پر بننے والی فلموں کامیلہ سا لگا ہوا ہے، تقریباً ہر ماہ ایسی ہی ایک فلم باکس آفس پرریلیز ہو رہی ہے۔ تاہم، ویب سیریز کےساتھ یہ معاملہ نہیں ہے۔ ایک عرصےسے شائقین حب الوطنی پر مبنی سیریز کا انتظار کر رہےتھے۔ دریں اثنا، ’کمانڈر کرن سکسینہ‘کو اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ اسٹارپرریلیز کیا گیا ہے۔ سیریزکے تعلق سےکافی عرصےسے شور سنائی دے رہاتھا، اس کے ٹریلر کو بھی مداحوں نے سوشل میڈیا پر پسندکیا۔ بڑی اسکرین پرحب الوطنی پر مبنی مواد نہیں چل رہا تو اب یہ سیریز ریلیز کی گئی ہے جو گھر بیٹھے بیٹھے آپ کو تفریح فراہم کرنے کا وعدہ کر رہی ہے۔ آئیے یہاں سیریز کے جائزے پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
سیریز کی کہانی
گرمیت چودھری اپنی پہلی ویب سیریز میں ’را‘ کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس ہونہار ایجنٹ کا نام کرن ہے۔ وہ ملک کو دہشت گردانہ حملوں سے بچانے کےمشن پر نکلا ہے۔ آگے کی کہانی اس مشن اور کرن کے گرد گھومتی ہے۔
یہ سیریز امت خان کی اسی نام کی کتاب ’کمانڈر کرن سکسینہ‘ پر مبنی ہے۔ اس میں ایکشن بہت ہے، یہ ایک دلچسپ جاسوسی ڈرامہ ہے۔ ہدایت کار جتن واگلے نےجئے شیلا بھنسل اور وویک ملک کے ساتھ اسکرین پلےلکھاہے۔ مواد کے لحاظ سے ان کے پاس بہت کچھ ہے، لیکن جس طرح سے اسے اسکرین پر پیش کیا گیا ہے، اس میں حقیقت پسندی کا فقدان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گرمیت چودھری اپنی زبردست اداکاری اور بے مثال بہادری دکھانے کے باوجود سیریز کو بلندیوں تک لے جانے سے قاصر ہیں۔
سیریز کیسی ہے؟
اپنی پہلی قسط میں ہی’کمانڈر کرن سکسینہ‘ زبردست کارروائی اور تفتیشی کہانی کے ساتھ ماحول بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ سیریز کی کہانی کی رفتار اچھی ہے اور یہ پہلی ہی قسط سے آپ کو مسحور کر دیتی ہے۔ آپ کو خاص طور پر کرن سکسینہ اور آئی ایس آئی چیف ناصر خان (اقبال خان)کے درمیان بلی اور چوہے کا کھیل پسند آئے گا۔ اس کےعلاوہ اے سی پی رچنا (روتا درگولے) اور کرن کی دوستی بھی آپ کے دل کو چھوتی ہے۔ کہانی تجسس کو برقرار رکھتی ہے۔ لیکن جیسے جیسے یہ آگے بڑھتی ہےسب کچھ ایسا ہوجاتا ہے جس کی پیش گوئی کوئی بھی کرسکتا ہے۔ آپ پہلے ہی سمجھ جائیں گے کہ آگے کیا موڑ آنے والا ہے، اور یہیں سے مایوسی ہونے لگتی ہے۔
اداکاری کیسی ہے؟
گرمیت چودھری بطور کمانڈر کرن سکسینہ سیریز میں ہر وقت اسکرین پرچھائے ہوئے ہیں۔ وہ نہ صرف متاثر کن نظر آتے ہیں بلکہ ایکشن سیکوئنس میں بھی بہت اچھے ہیں۔ اقبال خان نے زبردست ویلن کے طور پر دل جیت لیے۔ ان کا سنجیدہ انداز اسکرین پرسحر طاری کر دیتاہے۔ گرمیت اور مراٹھی اداکارہ روتاکے درمیان کیمسٹری خوبصورت ہے، جو کہانی میں ایک رومانوی زاویہ ڈالتی ہے۔ اس سیریز کی سنیماٹوگرافی بھی اچھی ہے۔ بھارت سوربھ کا بیک گراؤنڈاسکورسنسنی بڑھاتا ہے۔ ایکشن کے سیکوینسز بھی اچھی طرح سےکوریوگراف کیےگئے ہیں، لیکن اگر کچھ سین تھوڑی جلدی آگےبڑھ جاتے تو زیادہ مزہ آتا۔
نتیجہ
مجموعی طور پر، ’کمانڈر کرن سکسینہ‘کے پہلے۵؍ ایپی سوڈایک دلچسپ کہانی، مضبوط ایکشن سیکوئنس کے ساتھ ایک جاسوس تھریلر کے طورپردیکھنے کے قابل ہیں۔ لیکن پوری سیریز ۲۰؍ ایپی سوڈ پر مشتمل ہے۔ کہانی آگے ایسی ہوجاتی ہے جس کے تعلق سے پیش گوئی کی جاسکے اس لیے اس پراتنا وقت صرف کرنا تھوڑا مایوس کن ہو جاتا ہے۔ پھر بھی، گرمیت چودھری کی یہ سیریزکم از کم ایک بار دیکھی جا سکتی ہے۔