• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کونور: تمل ناڈو کی نیلگیری پہاڑیوں میں واقع ایک دلکش مقام

Updated: October 16, 2024, 11:10 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں اوٹی کی طرح چائے کے باغات کے علاوہ آبشار اور متعدد گارڈن واقع ہیں،ٹیپوسلطان کے زیراستعمال رہ چکے قلعہ کے باقیات بھی ہیں۔

Dolphin Nose. Photo: INN
ڈالفن نوز۔ تصویر : آئی این این

کونورہندوستان کے سب سے خوبصورت اور پُرسکون ہل اسٹیشنوں میں سے ایک ہے جو مغربی گھاٹ کی نیلگیری پہاڑیوں میں دوسرا سب سے بڑا ہل اسٹیشن ہے۔ یہ ہل اسٹیشن ۱۹۳۰؍میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ کونور سیاحتی مقام اوٹی سے صرف۱۹؍کلومیٹر کے فاصلےپرہے، جو ملک کا ایک مشہورہل اسٹیشن ہے۔ کونور نیلگیری پہاڑیوں اور کیتھرین آبشاروں کے دلکش نظاروں کے ساتھ ایک بہترین سیاحتی مقام ہے۔ اگر آپ اپنے ساتھی کے ساتھ کسی پرسکون، خوبصورت اور قدرتی جگہ پر جانا چاہتے ہیں تو آپ کوکونور ضرور جانا چاہیے۔ کونور فطرت کے ابدی حسن میں اپنے آپ کو کھونے کے لیے بہترین جگہ ہے۔ 
 چائے کے باغات
 کنور نیلگیری پہاڑیوں کا دوسرا سب سے بڑا ہل اسٹیشن ہے، جو ہندوستان کے سب سے بڑے اور پرکشش چائے کے باغات کا گھر بھی ہے۔ آپ اوٹی میں چائے کے باغ کی سیر سے واقف ہوں گے لیکن کونور اب اوٹی کی طرح ایک پرکشش سیاحتی مقام ہے۔ اس کے علاوہ یہاں سیاحوں کا زیادہ ہجوم نہیں ہے۔ 
لاز فالس
 لازفالس، کنور شہرسےتقریباً۷؍کلومیٹر دور، پکنک منانے اور فطرت کی گود میں وقت گزارنے کے لیے ایک بہترین جگہ ہے۔ لاز فالس میٹوپلائم-کونور-اوٹی روڈ پر واقع ہے، جہاں ۱۸۰؍میٹر کی بلندی سےپانی گرتا ہے۔ یہ جگہ قدرتی جنگلات سے گھری ہوئی ہے جو فطرت سے محبت کرنے والوں اور بچوں کے لیے بہترین جگہ ہے۔ 
سمز پارک
 سمزپارک کنور میں ایک بہت پرکشش جگہ ہے جہاں سیاح فطرت کی گود میں پر سکون وقت گزارسکتےہیں۔ سمز پارک قدرت کا خزانہ ہےجہاں پودوں کی کئی اقسام دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ پارک کونورکا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے جو ایک ہزار سے زیادہ مختلف قسم کے درختوں کا گھر ہے۔ سمز پارک تمل ناڈو کے نیلگیری میں کونور ریلوے اسٹیشن کے شمالی جانب واقع ہے۔ سیاح اس پارک میں بہت آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔ یہ پارک ۱۲؍ہیکٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اسے مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ دلکش پارک پوری دنیا کے ماہرین نباتات کو متوجہ کرتاہے۔ یہ ایک ایسا پارک ہے جہاں ہر سال ہزاروں سیاح آتے ہیں۔ اگر آپ کسی قدرتی جگہ پر کچھ پرسکون لمحات گزارنا چاہتے ہیں تو آپ کو اس پارک کا دورہ ضرور کرنا چاہیے۔ 
لیمبس راک
 لیمبس راک کونور کا ایک اہم سیاحتی مقام ہے جو شہر سے صرف ۸؍کلومیٹر دور ہے۔ یہ جگہ کوئمبتورکے میدانی علاقوں اور کونور پہاڑیوں کے کچھ دلکش نظارے پیش کرتی ہے۔ 
ڈالفن نوز
 ڈولفن نوزکونورمیں ایک بہت پرکشش جگہ ہےجو تقریباً۱۰؍ کلومیٹرکےفاصلے پر واقع ہے۔ اگر آپ کونور سیاحتی مقام پر جانے والےہیں تو آپ کو ڈولفن نوز ضرور جانا چاہیے۔ یہ جگہ نہ صرف نیلگیری پہاڑیوں بلکہ کیتھرین آبشار کا بھی شاندار منظر پیش کرتی ہے۔ 
دروگ قلعہ
 دروگ قلعہ کونور کا ایک تاریخی مقام ہے جو نیلگیری کے دامن سے ۱۵؍کلومیٹر دور واقع ہے۔ اس قلعے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کئی سال پہلےاس قلعے میں ایک بدروح رہتا تھا جسے بکاسورا ملائی کہتےتھے۔ ۱۸؍ویں صدی میں ٹیپو سلطان نے قلعہ کو ایک چوکی کے طورپر استعمال کیا جو اب ایک کھنڈرہے جس کی محض دیوار برقرار ہے۔ سطح سمندرسے ۱۸۰۰؍میٹر کی بلندی پر واقع یہ قلعہ ملک بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ یہ جگہ ٹریکرز اور ایڈونچر سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک اچھی جگہ ہے۔ 
کیٹی ویلی
 کیٹی ویلی ایک خوبصورت وادی ہے جو تمل ناڈو میں کونور سے اوٹی تک پھیلی خوبصورت پہاڑیوں میں واقع ہے۔ اگر آپ وادی کیٹی جانا چاہتے ہیں اور اس کی خوبصورتی کو دیکھنا چاہتے ہیں تو بہترین طریقہ یہ ہے کہ ٹوائےٹرین کی سواری کی جائے جس میں ۲۰؍ تا۲۵؍منٹ لگتے ہیں۔ کیٹی ویلی پرندوں کو دیکھنے اور ٹریکنگ کے لیے بہت مشہور ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK