• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کِریو: اداکارائوں کے کاندھوں پر ٹکی ایک ہلکی پھلکی کامیڈی فلم

Updated: March 29, 2024, 4:09 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

تبو،کرینہ کپور خان اور کریتی سینن کے مرکزی کردار والی فلم نسوانی موضوع کے بجائے تفریح فراہم کرنے کیلئے بنائی گئی ایک فلم ہے۔

Tabu, Kareena Kapoor and Kriti Sanon can be seen in a scene from the movie `Crew`. Photo: INN
تبو،کرینہ کپور اور کریتی سینن کو فلم’کریو‘ کےایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

کریو (Crew)
اسٹار کاسٹ: تبو، کرینہ کپور خان، کریتی سینن، دلجیت دوسانج، کپل شرما، راجیش شرما، ساسوت چٹرجی، کلبھوشن کھربندا
ہدایتکار :راجیش کرشنن
رائٹر:ندی مہرا، میہول سوری
پروڈیوسر:انل کپور، ایکتا کپور، رہیا کپور، شوبھا کپور
موسیقی:راج رنجودھ
آرٹ ڈائریکٹر:انعام خان
 ایڈیٹنگ:منن ساگر
سنیماٹوگرافی:انوج راکیش دھون
کاسٹنگ:الیکس جی، پنچمی گھوری
پروڈکشن ڈیزائن:دشا ڈے، ششانک تیرے
سیٹ ڈیکوریشن:ارچنا مشرا، منیشا ملانی
ریٹنگ: ***
بالی ووڈ میں ہیروئنوں پر مبنی فلموں کا دور چل رہاہے۔ یہ سچ ہے کہ اب ہیروئنیں صرف آرائشی گڑیا نہیں ہیں، وہ محبت اور رومانس کے ساتھ ساتھ ایکشن بھی کرسکتی ہیں، دہشت گردوں کا مقابلہ بھی کرسکتی ہیں۔ پچھلی چند فلموں میں ہماری ہیروئنوں کو یہ سب کچھ کرتے دیکھا گیاہے اور اب ہدایت کار راجیش کرشنن تبو، کرینہ اور کریتی جیسی اعلیٰ سطح کی اداکاراؤں کے ساتھ فلم’کریو‘ لے کر حاضر ہوئے ہیں جس میں یہ ہیروئنیں نہ صرف لوٹ مار کرتی ہیں بلکہ آپ کو ہنساتی بھی ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہدایت کارنے کسی ہیرو پر انحصار کیے بغیر ہیروئنوں کو ایک نئے رنگ میں پیش کیا ہے لیکن اگر وہ کہانی پر مضبوط گرفت بھی رکھتے تو بلاشبہ یہ ایک شاندار فلم ثابت ہوسکتی تھی۔ 
کہانی:کہانی دلچسپ انداز میں شروع ہوتی ہے، اس کے مرکز میں ۳؍فضائی میزبان(ایئر ہوسٹس)ہیں گیتا سیٹھی (تبو)، جیسمین کوہلی (کرینہ کپور) اور دیویا رانا (کریتی سینن)۔ یہ تینوں وجے والیا (ساسوت چٹرجی) کی کوہ نور ایئرلائنز میں کام کرتے ہیں۔ ان تینوں سمیت ایئر لائنزکے۴؍ہزارملازمین کو گزشتہ۶؍ ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی ہے۔ خاندانی اور جائیدادکے تنازعات کے بعد، گیتا اپنے شوہر ارون (کپل شرما) کے ساتھ مالی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ایک متوسط طبقے کی زندگی گزار رہی ہے، جب کہ وہ اپنا ریستوران کھولنے کی خواہش رکھتی ہے۔ 
 اپنے والدین کی طلاق کے بعد، جیسمین اپنے نانا (کلبھوشن کھربندہ)کے ساتھ رہ رہی ہے۔ اس کا خواب ہے کہ ایک دن وہ اپنی کمپنی کھولے گی اور اس کی سی ای او بنیں گی، وہیں دیویا بھی ایک وقت میں ہریانہ کی ٹاپر رہ چکی ہے اور پائلٹ بننے کے خواب دیکھ رہی ہے، لیکن اب وہ صرف ایئر ہوسٹس بن گئی ہے۔ تاہم دیویا نے خاندان سے جھوٹ بولا کہ وہ پائلٹ ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ یہ تینوں مالی بحران سے گزر رہی ہیں۔ کہانی میں ٹوئسٹ اس وقت آتا ہے جب ایک دن ان کا ایک سینئر راجونشی (رماکانت دایما) کی فلائٹ میں موت ہو جاتی ہے اور ڈیوٹی کے دوران ان تینوں کو اس کی لاش پر سونے کے بسکٹ ملتےہیں، جسے دیکھ کر وہ لالچ میں آجاتی ہیں، لیکن اس وقت ان کی ایمانداری انہیں بسکٹ چرانے سے روک دیتی ہے۔ بعد میں، جب انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کی ایئر لائن دیوالیہ ہو گئی ہے اوروجے والیا بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں، تو وہ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے اپنے ایچ آر متل (راجیش شرما) کے ساتھ مل کر پیسہ کمانے کا فیصلہ کرتی ہیں۔ وہ جس چیز سے بے خبر ہیں وہ یہ ہے کہ دیویا راناکا پرانا جاننے والا اور کسٹم افسر جےویر (دلجیت دوسانج) اور اس کی ٹیم ان تینوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ آگے ان تینوں کے ساتھ کیا ہوتا ہے یہ دیکھنے کیلئے آپ کو فلم دیکھنا ہوگی۔ 
ہدایتکاری :ہدایت کار راجیش کرشنن ماضی اور حال کے مناظرسے کہانی کی شروعات کرتے ہیں۔ فلم کا موڈ کافی مزاحیہ ہے اوریہی وجہ ہے کہ کشیدہ مناظر میں تفریح کم نہیں ہوتی۔ شروع میں کہانی بھی نئی معلوم ہوتی ہے۔ فلم کا ایک اور پلس پوائنٹ یہ ہے کہ ہیروئینوں پر مبنی دیگر فلموں کےبرعکس یہ فلم کسی نسوانی موضوع پر مبنی نہیں ہےبلکہ محض ایک تفریحی فلم ہے۔ کہانی انٹرول تک سرپٹ دوڑتی ہے لیکن اس کےبعد کافی سست رفتارہو جاتی ہے۔ اسکرین پلےکی خامیاں بھی دوسرے ہاف میں سامنے آنے لگتی ہیں۔ تینوں ہیروئنوں کی لوٹ مار کی سازش بچکانہ معلوم ہوتی ہیں اور جب تینوں ملک کاسونا واپس لینے کا عزم کرتی ہیں تو کہانی کا موڈ بگڑ جاتا ہے۔ 
اداکاری :اداکاری کی بات کریں تو تینوں معروف اداکاراؤں کی اداکاری فلم کی مضبوط ریڑھ کی ہڈی ہے۔ تبو گیتا سیٹھی کے اپنے کھردرے اور سخت کردارمیں بہت اچھی لگ رہی ہیں۔ وہ اپنے گالی گلوچ اور ون لائنرزسےہمیں بہت ہنساتی ہیں اور اپنی ذمہ داریوں اورخواہشات کو بھی دکھانا نہیں بھولتی جب کہ جیسمین کے کردار میں کرینہ کی اداکاری لاجواب ہے۔ کریتی کی اداکاری بھی اچھی ہے۔ کپل شرما کو اسکرین پر بہت کم جگہ پریاد کیا جاتا ہے، لیکن انہیں فلم میں زیادہ استعمال کیا جانا چاہیے تھا۔ 
نتیجہ:اگر آپہلکی پھلکی کامیڈی کے شوقین ہیں اور تبو، کرینہ، کریتی کی اداکاری پسند کرتے ہیں توفلم دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK