شہرت حاصل کرنے والی ویب سیریزکا چوتھا سیزن اسی ملازم پر مبنی ہے جو ترقی کرتے ہوئے باس بن گیا لیکن اب بھی اپنےساتھیوں کا وفادار ہے۔
EPAPER
Updated: January 05, 2025, 12:17 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
شہرت حاصل کرنے والی ویب سیریزکا چوتھا سیزن اسی ملازم پر مبنی ہے جو ترقی کرتے ہوئے باس بن گیا لیکن اب بھی اپنےساتھیوں کا وفادار ہے۔
کیوبیکلز۴(Cubicles 4)
اسٹریمنگ ایپ :سونی لیو(۵؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:ابھیشیک چوہان، بدری چوان، نکیتن شرما، خوشبو بید، شیوانکت سنگھ پریہار، آیوشی گپتا، ندھی بشت، ارنو بھسین
ڈائریکٹر:چیتنیہ کمبھاکونم
رائٹر:اویناش سنگھ، وجے نارائن ورما، شریانش پانڈے، گورو پانڈے
پروڈیوسر:شریانش پانڈے، پارتھ گڑھوی، شیوانی سنہا
سنیماٹوگرافی:اشون کدمبور، راہل واما دیون جویما
ایڈیٹنگ:آکاش بندھو، سومیہ شرما
موسیقی:اربندو نیوگ
پروڈکشن ڈیزائن:ابھیمنیو جے، انایا جوشی
آرٹ ڈائریکٹر:نرمل پودار
ریٹنگ: ***
دفتروں میں سیاست ہونا ایک معمول کی بات بن گیا ہے۔ ہر کوئی اس سے کسی نہ کسی حد تک اور کہیں نہ کہیں ضرور جوجھتا ہے، شاید یہی وجہ ہے اس موضوع پر مبنی فلمیں اور ڈرامے کافی پسند کئے جاتے ہیں۔ اس موضوع پر کئی ٹی وی سیریل بھی بنائے جاچکے ہیں۔ اب او ٹی ٹی کے دور میں ویب سیریز بھی اس موضوع پر بنائی جارہی ہیں۔ اس سلسلے کی ایک مشہور ویب سیریز ’کیوبیکلز‘ ہے۔ اس ویب سیریز کو مشہور اس بنیاد پر کہا جاسکتاہے کہ ۲۰۱۹ء سے اب تک اس کے ۴؍ سیزن ریلیز کئے جاچکے ہیں۔ اس کا پہلا سیزن ۲۰۱۹ء میں جاری کیا گیا تھا جبکہ دوسرا سیز ۲۰۲۲ء میں آیا اور گزشتہ سال یعنی ۲۰۲۴ء میں اس کے دو سیزن ریلیز کئے گئے تھے۔ تیسرا اور چوتھا سیزن کچھ ہی مہینوں کے فرق سے جاری کیا گیا ہے۔ حال ہی میں یعنی ۲۰؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو اس ویب سیریز کا چوتھا سیزن ریلیز کیا گیا ہے۔ اس ویب سیریز میں ایک دفتر کی کہانی دکھائی گئی ہے جس میں مختلف کیوبیکلز میں بیٹھ کر لوگ کام کرتے ہیں اور دوسروں کو کام نہیں کرنے دیتے ہیں یعنی دوسروں کے کام میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔
سیریز کی کہانی
پیوش پرجاپتی(ابھیشیک چوہان) اب کوئی نوسکھیا نہیں رہا جیسا کہ اس سے پہلے سیزن میں دکھایا گیا تھا۔ وہ اب سنوٹیک کمپنی میں ایک ٹیم کی قیادت کررہا ہے۔ اس سیزن میں ہم دیکھتے ہیں کہ پیوش کومتعددچیلنجوں کا سامنا ہےکیونکہ وہ چاہتا ہے کہ ایک بہتر انداز میں اپنے ساتھیوں کی رہنمائی کرتے ہوئے کام کرے اور اپنی کمپنی کو ایک بہتر جگہ بنائے۔ لیکن دفتری سیاست، ساتھیوں کےمسائلہیں کہ ختم ہونے کا نام نہیں لیتے۔ اس کے علاوہ اس کے خوابوں کی کمپنی پی آئی سی کے ذریعہ اسے بلالئےجانے کے امکان سے بھی وہ پریشان ہے کہ اس کمپنی میں رہے یا اس کمپنی میں چلا جائےجس میں کام کرنے کے وہ خواب دیکھا کرتا تھا۔ اب جیسے جیسےکہانی آگے بڑھتی ہےاس کے سامنے چیلینجیزبڑھتے جاتے ہیں۔ اس کےسامنے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں سے دوستی نبھائےیعنی دوستوں کے فائدے کیلئے کام کرے یا انتظامیہ کا حصہ بن کر انتظامیہ کی طرح رویہ اختیار کرے۔ اس سیزن میں وفاداری، لیڈرشپ اور کارپوریٹ کمپنی میں کام کرنے پرپیش آنے والے کھٹے میٹھے مشاہدات پر زور دیا گیا ہے۔
ہدایت کاری
سیزن ۳؍ میں پیش آنے والے واقعات کے بعد اس سیزن میں کارپوریٹ لائف کی پیچیدگیوں کو مزاح، پریشانیوں کو اس طرح پیش کیا گیا ہے کہ دیکھنے والا کوئی بھی شخص محسوس کرسکے کہ یہ سب تو اس کے ساتھ بھی کہیں نہ کہیں ہوتا رہتا ہے۔ چیتنیہ کمبھاکونم کی ہدایت کاری میں اویناش سنگھ اور وجے ورما کی لکھی ہوئی کہانی میں کام کی جگہ پر پیش آنے والےکئی اتار چڑھائو دیکھنے کو ملتے ہیں۔
اس سیزن میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح کام کی جگہ پر بھی دوستوں کے ساتھ مل کر مسائل کو حل کیا جاسکتاہے اور درپیش چیلنجیز کو مواقع میں تبدیل کیا جاسکتاہے۔ پیوش اور اس کی ٹیم یعنی نیہا(کیتکی کلکرنی)، سونینا(آیوشی گپتا) اور شیٹی (نکیتن شرما)کے بیچ ہونے والی بات چیت اور ان کے بیچ پیش آنے والے واقعات حقیقی معلوم ہوتے ہیں یہاں تک کہ دیکھنے والے کا دل موہ لیتے ہیں جس سے یہ شو ایک جذباتی شو بن جاتا ہے۔
کہانی سنانے کے انداز میں یہ شو کہیں مات کھاتا ہوا نظر آتا ہے۔ کیوبیکلز سیزن ۴؍ میں جو نئے مسائل اور نئے کردار پیش کئے گئے ہیں انہیں دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہےکہ ان کے تعلق سےصحیح ڈھنگ سے تیاری نہیں کی گئی ہے۔
اداکاری
اداکاری اس شو کی سب سے اہم چیز ہے۔ ابھیشیک چوہان نے اپنے کردار پیوش میں گہرائی پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ دیگر تمام اداکاروں نے بھی عمدہ کام کیا ہے۔
نتیجہ
اگر آپ کارپوریٹ لائف کا مشاہدہ کرنا چاہتےہیں اور کچھ ہلکا پھلکا دیکھنا چاہتے ہیں تواسے دیکھ سکتے ہیں۔