Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ڈبہ کارٹل: گھریلو خواتین کے منشیات کا کاروبار شروع کرنے کی کہانی

Updated: March 09, 2025, 11:54 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

دوائوں کی ایک کمپنی سے منسلک افراد کی بیویاں کھانے کےڈبے میں منشیات فروخت کرتی ہیں، شبانہ اعظمی اورگجراج رائو کی اداکاری عمدہ ہے۔

Shabana Azmi can be seen in a scene from the web series `Dabba Kartal`. Photo: INN.
ویب سیریز’ڈبہ کارٹل ‘ کےایک منظر میں شبانہ اعظمی کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

ڈبہ کارٹل (Dabba Cartel)
اسٹریمنگ ایپ: نیٹ فلکس(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: شبانہ اعظمی، جیوتیکا، نمیشا سجاین، شالینی پانڈے، انجلی آنند، سشمتا مکھرجی، سانتنو گھاتک، گجراج رائو
ڈائریکٹر: ہتیش بھاٹیا
رائٹر: شیبانی اختر، گورو کپور، بھائونا کھیر، وشنو مینن، آکانشا سیدا
پروڈیوسر: وشاکھا جوشی، فرحان اختر، شیبانی اختر، قاسم جگمگیا، عباس رضا خان، سنیتا رام، رتیش سدھوانی
سنیماٹو گرافی: ایشت نارائن
ایڈیٹنگ: پریکشت جھا، مانس متل
کاسٹنگ: یش ناگرکوٹی
کاسٹیوم ڈیزائن: روہت چترویدی
ریٹنگ: *** 
ایک سوسائٹی میں ڈبہ ٹفن سروس کی آڑ میں منشیات کے کاروبار کو چلانےوالی خواتین کےگینگ کو ان کی نئی ساتھی یہی نام دیتی ہے یعنی ’ڈبہ کارٹیل‘۔ اس ویب سیریز میں شبانہ اعظمی، گجراج راؤ، جوتیکا جیسے ستاروں نے اہم کردار ادا کئے ہیں۔ یہ سیریزمنشیات کےمافیا پر بنی مشہور ویب سیریز’نارکوس‘کا ایک دیسی اورخواتین پرمرکوز ورژن پیش کرنے کی کوشش ہے۔ 
سیریز کی کہانی
یہ کہانی ۵؍’پرعزم‘خواتین کی ہے، جو اپنی اپنی زندگی میں کسی نہ کسی مجبوری سے جوجھ رہی ہیں۔ ان میں راجي (شالینی پانڈے)، مالا (نمیشا سجاین)، شاہدہ (انجلی آنند)، ورونا (جوتیکا)، شیلا(شبانہ اعظمی)شامل ہیں۔ یہ سب ٹفن سروس کی آڑ میں ایک ڈرگ کارٹیل قائم کرنے اور اس سے جڑے چیلنجز کا سامنا کرتی ہیں۔ یہ تمام خواتین کسی نہ کسی طرح ویوا لائف فارما کمپنی کی سوسائٹی سے وابستہ ہیں۔ مثال کے طور پرورونا، کمپنی کے بڑے افسر شنکر (جیشو سین گپتا) کی بیوی ہے، جو کبھی اس کی پارٹنر بھی ہوا کرتی تھی۔ راجي کا شوہر ہری (بھوپندر سنگھ جڈاوت) بھی اسی کمپنی میں ملازم ہے اور اس کا صرف ایک خواب ہے، جرمنی جانا۔ وہ اپنے باس شنکر کو خوش کرنے میں لگا رہتا ہے۔ راجی اپنے شوہر کےخواب کو پورا کرنے کے لیے اپنی کام والی بائی مالا کے ساتھ مل کر ٹفن بزنس شروع کرتی ہے۔ مگر حالات کچھ ایسے بنتے ہیں کہ ڈبے میں کھانے کےساتھ ساتھ انہیں منشیات بھی بیچنی پڑتی ہیں۔ کبھی مجبوری میں، تو کبھی اپنی خواہشات کے تحت۔ 
آہستہ آہستہ ان کے بزنس میں نئےپارٹنرز شامل ہونے لگتے ہیں، جن میں بروکر شاہدہ اور ورونا کے علاوہ سب سے اہم کردار ہے راجی کی ساس شیلا عرف کاشی (شبانہ اعظمی)، جن کا ایک پراسرار ماضی بھی رہا ہے۔ دوسری طرف، ویوا لائف فارما کمپنی اپنی ایک ممنوعہ دوا کی فروخت کے معاملے میں ایک الگ بحران سے گزر رہی ہوتی ہے۔ ادھر، تحقیقاتی ایجنسی کےمعمرافسر اجیت پاٹھک (گجراج راؤ) ایک جونیئر پولیس افسر پریتی (سائی تمہنکر) کے ساتھ مل کر کمپنی کے کالے دھندے کا پردہ فاش کرنے میں لگے ہیں۔ 
ہدایت کاری
اس ویب سیریزمیں کئی ٹوئسٹ آتےہیں، مگر وہ نئے پن کا احساس نہیں دلاتے۔ ان خواتین کے کرداروں اور ان کی زندگی کے مسائل یقیناً دلچسپ ہیں، مگر جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، وہ پیش گوئی کے قابل (پریڈکٹیبل) ہو جاتی ہے۔ خاص طور پر، جس آسانی سے یہ خواتین ایک نیا ڈرگ تیار کرتی ہیں اور ڈرگ مارکیٹ کی کوئین بن جاتی ہیں، وہ ناقابل یقین لگتا ہے۔ 
اداکاری
شبانہ اعظمی ایک بار پھر اپنے بے خوف ’گاڈ مدر‘والے انداز میں شاندار لگتی ہیں۔ البتہ، ان کوبہت دیر سے متعارف کرایا گیا ہے، جو کہ مایوس کن ہے۔ شالینی پانڈے نے راجی کے معصوم کردار کو خوبصورتی سےنبھایا ہے، مگر انہیں اب اپنی ’معصوم لڑکی‘ والی امیج کو توڑ کر نئے تجربات کرنے چاہئیں۔ مالا کے بے باک کردار میں نمیشا، اوراندرونی کشمکش سے دوچار ورونا کے کردار میں جوتیکا بھی بہترین اداکاری پیش کرتی ہیں۔ انجلی آنند اور سائی تمہنکر نے بھی اپنے کرداروں کے ساتھ انصاف کیا ہے، مگر ان کے پس منظر (بیک اسٹوری) کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اداکاری کے معاملے میں گجراج راؤ سب سے بہترین ثابت ہوتے ہیں۔ ان کا پرسکون اور متوازن انداز دیکھنے کے قابل ہے۔ 
تکنیکی پہلو
اس کی سینماٹوگرافی اوسط درجے کی ہے۔ موسیقی کسی حد تک بوجھل اور پریشان کن محسوس ہوتی ہے۔ کہانی کو زیادہ مربوط بنانے کے لیےایڈیٹنگ کوزیادہ سخت ہونا چاہیے تھی۔ اس کے باوجود، اگر آپ کو کرائم ڈرامہ پسند ہے، تو آپ یہ ’کھٹے میٹھے ذائقے‘ والی سیریز دیکھ سکتے ہیں۔ 
نتیجہ
اگرآپ کرائم تھریلر کے شوقین ہیں، تو اپنے خالی وقت میں یہ سیریز ایک بار دیکھ سکتے ہیں۔ 

web series Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK