• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈلہوزی: ہماچل کی گود میں واقع ایک نہایت دلکش مقام

Updated: August 28, 2024, 11:08 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں واقع کھجیار کو منی سوئٹزرلینڈکہا جاتا ہے، اس کےعلاوہ ستدھارا آبشار، پنچ پولا،بکروٹا ہلز اور سچ پاس بھی یہاں کےقابل دید مقامات ہیں۔

A palm field can be seen which looks like Switzerland. Photo: INN
کھجیار کا میدان دیکھا جاسکتاہے جو سوئٹزرلینڈ کی طرح نظر آتا ہے۔ تصویر : آئی این این

ڈلہوزی ہماچل پردیش کی گود میں واقع ایک چھوٹا سا شہر ہے جو یہاں آنے والے سیاحوں کے لیے جنت جیساہے۔ یہ پرانی دنیا کی دلکشی کامظہر ہے، جو اپنے قدرتی مناظر، دیوداردرختوں سے پوشیدہ وادیوں، پھولوں، گھاس کے میدانوں، تیز بہنے والی ندیوں، شاندار دھندلےپہاڑوں سے سب کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ یہاں کی ہوا کی خوشبو اور سکاٹش اور وکٹورین فن تعمیر کا ماحول آپ کو برطانوی دور کی یاد دلائےگا۔ ڈلہوزی ہماچل پردیش میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقامات میں سے ایک ہے، جو اپنی قدرتی خوبصورتی اور قدیم دلکشی کے لیے مشہور ہے۔ 
کھجیار
 کھجیار ایک چھوٹا سا شہر ہے جو ڈلہوزی کے قریب واقع ہے جسے’منی سوئٹزرلینڈ‘یا’ہندوستان کا سوئٹزرلینڈ کہا جاتا ہے۔ اس جگہ کی خوبصورتی ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ ۶؍ہزار۵۰۰؍فٹ کی بلندی پر واقع، کھجیار قدرتی حسن اور دلکش مناظر کی وجہ سے ڈلہوزی کے قریب دیکھنےکے لیے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔ کھجیار ایک چھوٹی جھیل کےساتھ ایک سطح مرتفع ہے جو سیاحوں کے پسندیدہ ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ اس جگہ پر منعقد ہونے والے ایڈونچر کھیل جیسے زوربنگ، ٹریکنگ وغیرہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ 
ستدھارا آبشار
 ستدھاراآبشار وادی چمبا میں واقع ہے، جو برف سے ڈھکے پہاڑوں اور دیودار کے درختوں کے شاندار نظاروں سے گھرا ہوا ہے۔ ’ستدھارا‘ کا مطلب ہےسات آبشار، اس آبشار کا نام ستدھارا اس لیےرکھا گیا ہے کہ۷؍خوبصورت آبشاروں کا پانی آپس میں مل جاتا ہے۔ ان چشموں کا پانی سمندرسے۲۰۳۶؍میٹربلندی پر ایک مقام پرملتا ہے۔ یہ جگہ ان لوگوں کے لیے خاص ہے جو بھیڑ بھری شہر کی زندگی سے دور رہ کرامن کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔ ستدھارا آبشار اپنی دواؤں کی خصوصیات کے لیے بھی جانا جاتا ہے کیونکہ یہاں کے پانی میں ابرق پایا جاتا ہےجو جلد کی بیماریوں کو دور کرنے کی خصوصیات رکھتا ہے۔ 
پنچپولا
 پنچ پولا ایک آبشار ہے جو ہرے دیودار کے درختوں سے گھرا ہواہے جو ڈلہوزی کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ پنچ پولا وہ جگہ ہےجہاں ۵؍ نہریں ایک ساتھ ملتی ہیں۔ پنچ پولا کی مرکزی ندی ڈلہوزی کے آس پاس کےمختلف مقامات کو پانی فراہم کرتی ہے۔ یہ جگہ ٹریکنگ اور اس کے خوبصورت نظاروں کیلئےمشہور ہے۔ پنچ پولاکے قریب عظیم انقلابی سردار اجیت سنگھ (شہید بھگت سنگھ کےچچا) کی یاد میں ایک سمادھی (یادگار) بنائی گئی ہے، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ مانسون میں یہاں کےپانی کا طف اٹھایا جاتا ہے، جب پانی گرتا ہے تو اس جگہ کا ماحول سیاحوں کو خوش کر دیتا ہے۔ 
کالاٹوپ سینکچوری
 کالاٹوپ کھجیار سینکچوری جسے کالاٹوپ وائلڈ لائف سینکچوری بھی کہاجاتا ہے ہماچل پردیش کے چمبل ضلع میں واقع ہے اور یہ ڈلہوزی کےاہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ کالاٹوپ نام کا مطلب’کالی ٹوپی‘ ہے، جو شاید پناہ گاہ کی بلند ترین پہاڑی پر گھنے سیاہ جنگل کاحوالہ دیتا ہے۔ کالاٹوپ نباتات اور حیوانات سےمالا مال ہے اوراس کی قدرتی خوبصورتی سیاحوں کوراغب کرتی ہے۔ 
بکروٹا ہلز
 بکروٹا ہلز، جسے’اپر بکروٹا‘کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ڈلہوزی کاسب سےاونچا مقام ہے اور بکروٹا واک کے نام سے ایک سڑک کا چکر لگاتا ہے، جو کھجیار کی طرف جاتی ہے۔ اگرچہ اس جگہ پر سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے بہت کچھ نہیں ہے، لیکن یہاں ٹہلنے اورچاروں طرف کے دلکش نظارے دیکھ کر سیاحوں کی آنکھوں کو بے پناہ خوشی ملتی ہے۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ یہ علاقہ دیودار کے درختوں اور چاروں طرف سے سبز پہاڑیوں سے گھرا ہوا ہے۔ 
سچ پاس
 سچ پاس ایک پہاڑی درہ ہے جو پیر پنجال پہاڑی سلسلے سے ۴۵۰۰؍میٹرکی بلندی پر گزرتا ہے اور ڈلہوزی کو چمبہ اور پنگی کی وادیوں سے ملاتا ہے۔ ڈلہوزی سے ۱۵۰؍کلومیٹر کی دوری پر واقع یہ راستہ شمالی ہندوستان میں کراس کرنے کے لیے سب سے مشکل راستوں میں سے ایک ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK