• Sat, 01 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دیوا: جنوبی ہند کی فلم پر بنائی گئی شاہد کپورکی ایک اور ایکشن فلم

Updated: February 01, 2025, 12:19 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

جنوبی ہندکی فلموں پر مرکوز رکھ کرہندی میں فلمیں بنانے کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے پولیس ڈراما پیش کیا گیا ہے،شاہد کپور کی عمدہ اداکاری۔

Shahid Kapoor and others can be seen in a scene from the movie `Diva`. Photo: INN
فلم’دیوا‘کے ایک منظر میں شاہد کپور اوردیگرکودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

دیوا (Deva)
اسٹارکاسٹ:شاہد کپور، پوجا ہیگڑے، پویل گلاٹی، پرویش رانا، کبرا سیت، ابھیلاش چودھری، پروین پاٹل، دیپک سونی
ڈائریکٹر :روشن اینڈریوز 
رائٹر:عباس دلال، حسین دلال
پروڈیوسر:امیش بنسل، سدھارتھ رائے کپور، مالویکا کھتری
میوزک:وشال مشرا
سنیماٹوگرافی:امیت رائے
ایڈیٹنگ:اے سریکر پرساد
 کاسٹنگ:مکیش چھابرا
 پروڈکشن ڈیزائن:سندیپ شرد رواڈے
 ریٹنگ: ***
 بالی ووڈکےفلمساز جنوبی ہند کی فلموں کے ریمیک بنانےکے سحر سے باہر نہیں آپارہے ہیں۔ یہاں تک کہ ہماری انڈسٹری کے نامور سپر اسٹار بھی جنوبی ہندکی فلموں پر فلمیں بنانے کواپنا طرہ امتیاز سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ’راؤڈی راٹھور‘، ’وانٹیڈ‘، ’بچن پانڈے‘، ’سیلفی‘، ’ملی‘، ’شہزادہ‘، ’وکرم ویدا‘ جیسی فلمیں جو کہ ساؤتھ کی فلموں کے ریمیک ہیں، مسلسل بن رہی ہیں۔ ہدایت کار روشن اینڈریوزکی حالیہ ریلیز ’دیوا‘ بھی۲۰۱۳ءمیں ریلیزہونےوالی ’ممبئی پولیس‘کاریمیک ہے جس میں شاہد کپور شامل ہیں۔ شاہدکپوراس سے قبل ’کبیر سنگھ‘ اور ’جرسی‘ جیسی فلموں میں بھی نظر آ چکے ہیں جو کہ ساؤتھ کی کامیاب فلموں کے ریمیک ہیں۔ 
فلم کی کہانی
 ایک سر پھرےپولیس افسر دیوا (شاہد کپور) کی کہانی فلیش بیک سےشروع ہوتی ہے، جہاں وہ ایک بڑا کیس حل کرنے کے بعد واپس آ رہا ہے۔ پھر وہ ایک حادثے کا شکار ہو کر اپنی یادداشت کھو بیٹھتاہے۔ دیوا کی یادداشت میں کمی کے بارے میں صرف اس کا ڈاکٹر اور سینئر فرحان (پرویش رانا) ہی جانتے ہیں۔ حادثے سے پہلےدیوا نے فرحان کو بتایا تھا کہ اس نے کیس حل کر لیا ہے۔ سخت گیر پولیس اہلکار دیوا بغیر کسی پروٹوکول کے مجرموں کو اتنی بے دردی سے مارتاہے کہ صحافی دیا (پوجا ہیگڑے) بھی اس کے بارے میں لکھتی ہےکہ آیا وہ پولیس والا ہے یا مافیا؟ دیوا ممبئی کے ایک گینگسٹر (منیش وادھوا) کی تلاش میں ہے، لیکن جب بھی دیوا اسے پکڑنے کی کوشش کرتاہے، گینگسٹر پولیس کی گرفت سےفرار ہونے میں کامیاب ہو جاتاہے۔ محکمہ پولیس کو شبہ ہے کہ کوئی اندرونی شخص ہے جو جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مل گیا ہے۔ 
 کہانی میں ایک دوسرا ٹریک بھی ہے جہاں دیوا کے بھائی جیسے دوست روہن (پاویل گلاٹی) کو اس دن گولی مار کر دی جاتی ہےجس دن اسے بہادری کے ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ دیوا اپنے دوست اور پولیس اہلکار کے قتل کی تحقیقات شروع کر دیتا ہے، لیکن جب تک وہ کیس حل کرپاتا ہے، وہ اپنی یادداشت کھو بیٹھتا ہے۔ 
 دیوا کو ایک بار پھر روہن کامعاملہ سونپا جاتا ہے جب وہ اپنی یادداشت کھو دیتا ہے۔ جیسے ہی دیوا کیس کی گہرائی میں جاتاہے، اسے سراغ مل جاتا ہے اورجب اسے آخر کار مجرم مل جاتا ہے، تو اس کے ساتھ ناظرین بھی حیران رہ جاتے ہیں۔ 
ہدایت کاری
 پولیس اور گینگسٹر کی کہانی ہندی فلموں میں نئی نہیں ہے۔ چور اور پولیس کی اس کہانی کا بالی ووڈمیں لاتعداد بار استحصال کیا جا چکا ہے۔ پھرہدایت کار روشن اینڈریوز کی یہ کہانی تقریباً ۱۲؍سال قبل ریلیزہونے والی فلم’ممبئی پولیس‘ کا ریمیک ہے، اس لیے کہانی میں نئےپن کی کمی ہے۔ ۲۰۲۵ءمیں آپ اس کہانی سے جڑ نہیں سکتے۔ فلم کااسکرین پلے کمزور ہے۔ پہلا ہاف طویل ہے اور اگر دیکھا جائے تو اصل کہانی وقفہ کے بعد شروع ہوتی ہے۔ جب آپ عروج پر پہنچتے ہیں تو آپ کو صدمہ ضرور ہوتا ہے لیکن بہت سے سوال جواب طلب رہتے ہیں۔ 
 فلم میں آپ کو ہیرو کی بہت سی حرکتوں کی دلیل نہیں ملتی۔ فلم ختم ہونےکےبعد آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ہندی فلم کا ہیرو کیسا ہونا چاہیے؟وہ اینٹی ہیرو ہو سکتا ہے، لیکن اس کا استدلال درست ہونا چاہیے۔ تاہم تکنیکی ٹیم تعریف کی مستحق ہے۔ امیت رائے کی سنیماٹوگرافی زبردست ہے۔ کلرپیلیٹ اور کیمرے کے زاویوں کا ان کا انتخاب دلچسپ ہے۔ 
ادا کاری
 شاہد کپور ایک عمدہ اداکار ہیں۔ یہاں بھی اپنے کردار میں دیواکا غرور، غصہ، انداز، جھنجھلاہٹ اور ایکشن بہت تفریحی ہے۔ یادداشت حاصل کرنے اور کھونے کے دو کرداروں میں وہ کارآمد رہے ہیں لیکن کلائمکس میں ان کی ساری محنت رائیگاں جاتی ہے۔ 
نتیجہ
  اگر آپ شاہد کپور کے مداح ہیں اور ایکشن فلموں کے شوقین ہیں تو آپ یہ فلم دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK