• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دیوکنڈ آبشار، جہاں سال بھر پانی بہتا رہتا ہے

Updated: November 14, 2024, 11:21 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ہرے بھرے ماحول میں یہ دلکش آبشارآپ کو شہر کی بھاگ دوڑ والی زندگی سے سکون کے کچھ پل مہیا کرتی ہے، اونچائی سے بہتا پانی بہت دلکش لگتا ہے۔

The water of the waterfall can be seen passing through different areas. Photo: INN.
آبشار کا پانی مختلف علاقوں سے گزرتا ہوادیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

اگر آپ آبشار دیکھنا پسندکرتے ہیں اور ممبئی سے زیادہ دور بھی نہیں جانا چاہتے تو آپ ممبئی کے قریب دیو کنڈ جانے کا منصوبہ بنا سکتے ہیں۔ مغربی گھاٹ کےسہیادری پہاڑی سلسلےمیں واقع یہ آبشار شہر کی ہلچل سےدور ہے اور جب آپ یہاں جائیں گے تو آپ مکمل طور پر سکون محسوس کریں گے۔ ممبئی سے قربت کی وجہ سے یہاں سیاحوں کی آمد و رفت رہتی ہے۔ آپ ممبئی سے۲؍گھنٹے میں اس خوبصورت منزل تک پہنچ سکتےہیں۔ اس کے لیے آپ کو بھیرہ گاؤں پہنچنا پڑے گا۔ سرسبز و شاداب وادیوں کے راستے آپ آسانی سے یہاں پہنچ سکتے ہیں۔ دیو کنڈ کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں سال کے ۱۲؍مہینےپانی بہتا رہتاہے اور اسی وجہ سے یہ جگہ فیملی کے ساتھ پکنک یا سیر و تفریح کے لیےبالکل موزوں ہے۔ 
اگر آپ پہلی بار دیو کنڈ کا دورہ کر رہے ہیں، تو آپ مقامی گائیڈز کی مدد بھی لے سکتے ہیں، جو۳۰۰؍ تا ۴۰۰؍ روپےلیتےہیں۔ یہاں آنے والے بہت سے سیاح ایک یا دو دن ٹھہرنابھی پسند کرتے ہیں۔ یہاں جانے کی منصوبہ بندی کرتے وقت کچھ خاص باتوں کا خیال رکھنا چاہیے، تاکہ یہاں کے سفر کو یادگار بنایا جاسکے۔ 
یہاں جانے کے تعلق سے چند مشورے
 یہاں آرام سےگھومنے کے لیے، صبح سویرے یہاں پہنچنا بہترہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر آپ یہاں جلدی پہنچ جائیں تو زیادہ بھیڑ نہیں ہوتی۔ 
سرسبز و شاداب وادیوں کی موجودگی کی وجہ سے یہاں پر مچھروں کےکاٹنے کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر آپ مچھر بھگانے والی کریم اپنے ساتھ رکھیں تو بہترہوگا۔ اگر آپ فیملی کے ساتھ ہیں اور چھوٹے بچے ہیں تو ان کیلئے بھی یہ بہت اچھا رہے گا۔ 
اگر آپ رات کو یہاں ٹھہرنے کا ارادہ رکھتے ہیں توکھانے پینے کی کافیچیزیں ساتھ لے جائیں، کیونکہ یہاں گھومنے پھرنے اور مختلف سرگرمیاں کرنے کےبعد آپ کو بھوک لگے گی۔ گھر کا پکا ہوا کھانااپنے ساتھ لے جانا آپ کے لیے بہت اچھا رہ گا اور یہ صحت کے لیے بھی اچھا ہے۔ 
یہاں اچانک بارش ہوتی ہے۔ اس لیے گیلے اور ٹھنڈے ہونے سے بچنے کے لیے رین کوٹ اپنے ساتھ رکھنا اچھا ہے۔ اس کےساتھ اپنے سامان کو واٹر پروف بیگ پیک میں رکھیں۔ 
یہاں کئی قسم کے کیڑے بھی ہو سکتے ہیں۔ ان سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے اگر آپ پورےکپڑے پہنیں تو بہتر ہوگا۔ یہاں آپ کوخشکی اور پانی میں جونکیں بھی نظر آئیں گی، اس لیے اس صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے خود کو تیار رکھیں۔ 
شدید بارش کے دوران یہاں گھومنا مناسب نہیں ہوگا، کیونکہ اس دوران پھسلن بڑھ جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بارش کے دوران پانی کابہاؤ بھی بڑھ جاتاہے جس کی وجہ سے حادثے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔ گرم روٹی، پاپڑ اور سلاد جیسے لذیذ پکوان یہاں مقامی باشندے پیش کرتے ہیں اور ان کا ذائقہ بہت اچھا ہے۔ 
اگر آپ کو غروب آفتاب دیکھنا پسند ہے تو شام کو یہاں ضرور وقت گزاریں کیونکہ اس دوران سورج کی لالی اور اردگرد کے حسین نظارے آپ کے ذہن میں ہمیشہ کے لیے نقش رہیں گے۔ 
کیسے پہنچیں ؟
ٹرین کے ذریعے: یہ رائے گڑھ کےمانگائوں تعلقہ کے علاقے بھیرا میں واقع ہے۔ یہاں کا قریب ترین ریلوے اسٹیشن کھپولی ہے جوکرجت اسٹیشن سے اچھی طرح منسلک ہے۔ اس کے علاوہ مانگائوں اور لوناولا اسٹیشن بھی یہاں سے قریب واقع ہیں۔ لیکن یہاں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ جانا زیادہ بہتر رہتا ہے۔ 
سڑک کے ذریعے: ایس ٹی بس کے ذریعہ جانے کیلئے آپ کو کھپولی سے پالی، پالی سے بھیراجانا ہوگا۔ کھپولی سے پالی کیلئے لگاتار بسیں ہیں ۔ اس کے علاوہ شیئرنگ آٹو کی خدمات بھی لی جاسکتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK