• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈاکٹرز: ڈاکٹروں اور نرسوں کی زندگی کےمختلف پہلو پیش کرنے والی سیریز

Updated: February 02, 2025, 12:40 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ایک عالیشان اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی زندگی کے ان پہلوؤں کو پیش کیا گیا ہے جنہیں ہم علاج کروانے کے دوران نہیں دیکھ پاتے۔

Sharad Kelkar and Harleen Sethi can be seen in a scene from the web series `Doctors`. Photo: INN
ویب سیریز’ڈاکٹرز ‘ کےایک منظر میں شرد کیلکر اور ہرلین سیٹھی کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

 ڈاکٹرز(Doctors)
 اسٹریمنگ ایپ :جیو سنیما(۱۰؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:شرد کیلکر، ابھیشیک خان، ونش سیٹھی، نیہاریکا لیرا دت، سارہ ہاشمی، وشال کپور، ہرلین سیٹھی، عامر علی، ویوان شاہ
 ڈائریکٹر:ساحر رضا
 پروڈیوسر:جیوتی دیشپانڈے، سپنا ملہوترا، سدھارتھ ملہوترا
 موسیقی:سوترک چکرورتی
سنیماٹوگرافی:ویوین سنگھ ساہی
پروڈکشن ڈیزائن:این مدھوسودن
میک اپ:چاند شیخ، منیش شرما
اسسٹنٹ ڈائریکٹر:ابھیت سنگھ، سبھروتوبھٹاچارجی
کیمرہ:نویدیاتا، برج رائو
ریٹنگ: ***
 اگر آپ کو ٹی وی سیریل ’سنجیوانی‘یاد ہے تو آپ کو یہ بھی یاد ہوگا کہ ہندوستان میں ڈاکٹروں کی ذاتی زندگی کی کہانیوں پر بہت کم فلمیں یاسیریز بنائی گئی ہیں جن میں طبی نظام اور ڈاکٹروں کے روزمرہ کی زندگی کےدرمیان تال میل کو پیش کرتی ہوں۔ ’سنجیوانی‘ اور’دل مل گئے‘ جیسے میڈیکل سیریل بنانے والی کمپنی ’ال کیمی فلمز‘اب ملک کی پہلی میڈیکل ویب سیریز’ڈاکٹرز‘لے کر آئی ہے، جس کا نہ تو جیو سنیما اور نہ ہی اس کے ستاروں نے زیادہ پروموشن کیا ہے۔ انتہائی خفیہ اندازمیں ریلیز ہونے والی ویب سیریز’ڈاکٹرز‘ایک حساس کہانی ہے۔ اس میں رشتوں کی چیر پھاڑ ہے، طعنوں کےنشترہیں، دوستی کا مرہم ہےاور محبت کی کہانی بھی ہے جو ایک اچھا احساس دلاتی ہے۔ 
سیریز کی کہانی
 ویب سیریز’ڈاکٹرز‘ایک فائیو اسٹار اسپتال اور اس میں کام کرنےوالے ڈاکٹروں کی کہانی ہے، جنہیں سٹی پولیس تھانے پر حملے کی صورت میں سرکاری اسپتال کے مقابلےزیادہ ترجیح دیتی ہے۔ حالانکہ یہ واقعہ ویب سیریز کے درمیان میں پیش آتاہے۔ یہ سیریز اس راز سے شروع ہوتی ہے کہ ڈاکٹر نیتا ڈاکٹر ایشان سے کس طرح بدلہ لیں گی، جسے وہ اپنے بھائی کو معذور بنانے کا ذمہ دار ٹھہراتی ہے؟ نتیا کے ’بیچ‘میں دوسرے ڈاکٹر بھی ہیں۔ ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو درپیش روز مرہ کے چیلنجوں کی تصویر کشی کرتے ہوئے، سیریز میں ایک ورچوئل لیب بھی پیش کی گئی ہے، جہاں ڈاکٹر ایشان اپنی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے مسلسل تجربہ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ابھی ان کےاسسٹنٹ ہیں۔ اور، یہ دیکھنا باقی ہے کہ شاید اب نیتا ایشان سے محبت کر رہی ہے۔ یہ جاننے کے لیے سیریز دیکھنا مناسب ہو گا کہ کہانی کس سمت میں آگے بڑھتی ہے۔ 
ہدایت کاری
 ۳۵؍منٹ کی اوسط طوالت کے ۱۰؍ایپی سوڈکے ساتھ، سیریز میں دیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ اگراسپتال میں علاج کے دوران آپ نےاپنے کسی قریبی کو کھویاہے تو اسے احتیاط سے دیکھیں کیونکہ یہ بہت جذباتی سیریزہے اور اس سے آپ کی آنکھوں میں بار بار آنسوآجائیں گے۔ جب ڈاکٹر سوتیلے باپ کا آپریشن کر رہا ہے، سب کو شبہ ہے کہ وہ اسے مار دے گا کیونکہ ان دونوں کےآپسی تعلقات بہتر نہیں ہیں۔ وہ کہتا ہے کہ’’میں بھی ایک انسان ہوں مشین نہیں جو ہر کام پرفیکٹ کرتا رہوں، مجھ سے بھی غلطی ہو سکتی ہے۔ ‘‘
 لیکن ہم میں سے کتنے لوگ اسپتال میں اپنے پیارے کو کھونےکے بعد یہ سوچتے ہوں گے کہ مریضوں کا علاج کرنے والے بھی ایک مشکل ذہنی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔ ہم انہیں صرف یونیفارم پہنے ڈاکٹروں یا نرسوں کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ اس سفید کوٹ کے پیچھے ایک شخص ہے جس کی زندگی میں ناراض گرل فرینڈ ہو سکتی ہے۔ معذور بھائیہو سکتا ہے۔ وہ اپنےنشے کی لت سے چھٹکارا پانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہو سکتا ہے اور اپنے کسی دوست کو بچانے کے لیے، وہ اپنے جرم کا الزام خود پر لےسکتاہے۔ کرکٹرز کو دی جانے والی غیر اخلاقی مدد سے لے کر دماغی آپریشن کے دوران پسندیدہ گانے گانے تک، اس سیریز میں حقیقی زندگی کے واقعات کا احاطہ کیاگیاہے۔ اسکرین پر دکھائے جانے والے تمام آپریشن حقیقی ڈاکٹرزکرتےہیں۔ 
نتیجہ
 ویب سیریز’ڈاکٹرز‘کی کہانی ٹھیک ہے، اسکرین پلے تیز رفتاری سے آگے بڑھتاہے، مکالمے بھی اچھےہیں۔ ویوین سنگھ ساہی کی سنیماٹوگرافی قابل تعریف ہے۔ اس کا کیمرہ پہلی قسط سے ہی ناظرین کو کہانی کا حصہ بنانےمیں کامیاب ہو جاتا ہے۔ سیریز کا بیک گراؤنڈمیوزک اور ایڈیٹنگ بھی اچھی ہے۔ اس سیریز میں شرد کیلکر اور ہرلین سیٹھی شامل ہیں۔ شرد کیلکر کی دو تین دن پرانی ڈاڑھی انہیں خوش شکل بنا دیتی ہے لیکن آپریشن تھیٹر میں کام کرنے والےڈاکٹر عموماًکلین شیو رکھتےہیں۔ ہرلین سیٹھی، ویوان شاہ اور وراف پٹیل کی اداکاری بھی عمدہ ہے۔ مجموعی طور پرویب سیریز ’ڈاکٹرز‘ کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ اگر اس کی چھوٹی چھوٹی کوتاہیوں کو دور کیا جاتا تو یہ سیریز’سنجیوانی‘ سے بھی عمدہ ثابت ہوسکتی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK