یہاں کا دھواں دھار آبشار پوری دنیا میں مشہور ہے،اس کے علاوہ گھگھرا آبشار،تلوارہ گھاٹ،برگی ڈیم بھی دیکھنے کے قابل،بیلنسنگ راک بھی قابل دید۔
EPAPER
Updated: September 25, 2024, 10:55 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
یہاں کا دھواں دھار آبشار پوری دنیا میں مشہور ہے،اس کے علاوہ گھگھرا آبشار،تلوارہ گھاٹ،برگی ڈیم بھی دیکھنے کے قابل،بیلنسنگ راک بھی قابل دید۔
مدھیہ پردیش میں واقع جبل پور شہر اپنے متنو تاریخی اور مذہبی ماضی کی وجہ سےملک کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ جبل پور کو سنسکاردھنی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ہندوستان اوربیرون ملک سے سیاح یہاں بیڑاگھاٹ کےدھواں دھارآبشار اور دیگرسیاحتی مقامات کو دیکھنے آتے ہیں۔ اگر آپ بھی جبل پور جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آج ہم آپ کو اس شہر کے ایسے ہی سیاحتی مقامات کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جنہیں آپ جبل پور جاتے وقت ضرور دیکھیں۔
دھواں دھار آبشار
مرکزی شہر سے ۳۰؍کلومیٹر دورواقع جبل پور کا یہ دھواں دھار آبشار سیاحوں کے لیے خصوصی توجہ کامرکز ہے۔ مانسون کے موسم میں یہ اور بھی خوبصورت ہو جاتا ہے۔ ۹۸؍ فٹ کی بلندی سے آنے والا پانی بہت دلکش لگتا ہے۔ اس دھواں دھار آبشار کو دیکھنے کے لیے سیاح زیادہ تر مانسون کے موسم میں آتے ہیں۔ آپ یہاں کشتی رانی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیبل کار جیسی ایڈونچر سرگرمیاں بھی ہیں۔
گواری گھاٹ
اگر آپ شام کو جبل پورمیں کہیں جانا چاہتے ہیں تو گواری گھاٹ جانا ہی بہتر رہے گا۔ گواری گھاٹ جبل پور میں ایک بہت ہی مشہور مقام ہے۔ یہاں ایک مندر بھی ہے جو آدھا پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہاں آپ نرمدا ندی میں کشتی رانی کا بھی لطف اٹھا سکتے ہیں۔ یہاں کی کشتیوں کو بہت خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے۔
تِلوارہ گھاٹ
تلوارا گھاٹ جبل پور میں دیکھنے کے لیے ایک اہم مقام ہے۔ یہ گھاٹ جبل پور کا ایک اہم گھاٹ ہے جو نرمدا ندی کے کنارے واقع ہے۔ تلواراگھاٹ کو ہندوستانی تاریخ میں خاص طور پر اہم سمجھا جاتا ہےکیونکہ یہ وہ جگہ ہے جہاں مہاتما گاندھی کی راکھ کو نرمدا ندی میں بہایاگیاتھا۔ یہ ۱۹۳۹ءمیں تریپوری کانگریس کے افتتاحی اجلاس کا مقام بھی تھا۔ مکر سنکرانتی کے موقع پر یہاں بہت بڑی بھیڑ جمع ہوتی ہے۔
گھگھرا آبشار
اگر آپ فطرت کے ساتھ سرسبز و شاداب ماحول میں بھیڑ بھاڑسے دور کچھ آرام دہ وقت گزارنا چاہتےہیں تو گھگھرا آبشار پر جائیں۔ یہاں، نرمدا ندی کا تیز بہاؤ بہت خوبصورت منظرپیش کرتا ہے، بارش کے دوران، نرمدا کا پانی گھگھراآبشار کے قریب دور دور تک پھیل جاتا ہے۔
مدن محل قلعہ
اگر آپ تاریخ جاننےمیں دلچسپی رکھتے ہیں، تو آپ کو مدن محل قلعہ ضرور دیکھنا چاہیے۔ ایک چٹانی پہاڑ کی چوٹی پر واقع یہ قلعہ۱۱۱۶ء میں راجہ مدن شاہ نے بنایا تھا۔ اس قلعے میں آپ کو جنگی کمرے، خفیہ راستے، اصطبل اور اس دور کا ایک چھوٹا سا ذخیرہ بھی دیکھنے کو ملے گا، جو اس زمانے کی تعمیراتی خوبصورتی کی زندہ مثال ہے۔
برگی ڈیم
۳۰؍ڈیموں میں سے نرمدا ندی پر بنایا گیا برگی ڈیم جبل پور کا اہم ڈیم ہے یہاں سیاحوں کی بڑی بھیڑ ہے۔ آپ یہاں کھلی فضا میں سکون سے کچھ وقت گزار سکتے ہیں۔
سنگرام ساگر جھیل
باجنامٹھ قلعہ کے قریب واقع سنگرام ساگر جھیل جبل پور کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔ یہاں آپ ماہی گیری سے بھی لطف اندوز ہوسکتےہیں۔ آپ اس کے ارد گرد کھلی فضا میں بیٹھ کر سکون کے کچھ لمحات گزار سکتے ہیں۔
ڈُمنا نیچر ریزرو پارک
اگر آپ قدرتی نظاروں کو زیادہ پسند کرتے ہیں تو آپ کو یہ جگہ اپنے پسندیدہ مقامات میں ضرور شامل کرنا چاہئے۔ جبل پور کی سرحد کےباہر واقع ڈُمنا نیچر ریزرو پارک تقریباً ۱۰۵۸؍ ہیکٹر میں پھیلا ہوا ہے۔ یہاں کشتی رانی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ یہاں پر ایک چھوٹا سا چلڈرن پارک بھی ہے جہاں ٹرین کی سواری کی سہولت بھی دستیاب کرائی گئی ہے۔
بیلنسنگ راک
بیلنسنگ راک سیاحوں میں بہت مقبول ہے،کیونکہ یہاں اوپری چٹان نےنچلی چٹان پرتوازن پیدا کیاہواہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ کسی قدرتی آفت میں بھی اس پتھر کا توازن خراب نہیں ہوتا۔