• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لامباسنگی :آندھرا کے وشاکھاپٹنم ضلع کا ایک خوبصورت گاؤں

Updated: July 03, 2024, 11:51 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

اس گاؤں کو آندھرا پردیش کا کشمیر کہاجاتا ہے، یہاں کے فطری ماحول میں سیاحوں کو الگ طرح کا احساس ہوتا ہے۔

A large number visit La Mbasangi to commemorate their holidays or any other occasion. Photo: INN
ایک بڑی تعداد اپنی چھٹیوں یا کسی اور موقع کو یادگار بنانے کیلئے لا مباسنگی کا رخ کرتی ہے۔ تصویر : آئی این این

 لامباسنگی آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم ضلع کا ایک خوبصورت گاؤں ہے۔ یہ جگہ سطح سمندر سےایک ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور یہ علاقہ وشاکھاپٹنم کے دیگر میدانی علاقوں کے مقابلے میں انتہائی خوبصورت ہے۔ لامباسنگی چائے اور کافی کے باغات کیلئے مشہور ہے جو بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ یہ جگہ مختلف قسم کے جنگلی نباتات اور حیوانات سے بھرپور ہے۔ ہر سال برف باری کی وجہ سے لامباسنگی کو `آندھرا پردیش کے کشمیرکے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ نیز یہ گاؤں پورے جنوبی ہندوستان میں واحد جگہ ہے جہاں درجہ حرارت میں کمی کے بعد برف باری ہوتی ہے۔ قدرتی خوبصورتی اور خوبصورت نظاروں کے علاوہ، گاؤں میں ایڈونچر کی بہت سی سرگرمیاں بھی پیش کی جاتی ہیں۔ 
اگر آپ کم درجہ حرارت اور ہلکی دھند دلکش باغات دیکھنا چاہتے ہیں اور اپنے خاندان یا دوستوں کے ساتھ دیکھنے کیلئے فطری حسن تلاش کر رہے ہیں تو آپ کو وشاکھاپٹنم ضلع کے اس خوبصورت گاؤں لامباسنگی کا دورہ ضرور کرنا چاہئے جہاں آ پ کی دلچسپی کیلئے بہت کچھ ہے۔ 
وشاکھاپٹنم ضلع کے خوبصورت گاؤں لامباسنگی کے اطراف میں بھی سیاحوں کیلئے بہت سے پرکشش مقامات ہیں۔ 
تھاجنگی آبی ذخیرہ
 تھاجنگی آبی ذخیرہ لامباسنگی سے تقریباً۶؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، لامباسنگی کا سب سے خوبصورت مقام ہے جس کے پس منظر میں شاندار پہاڑیاں اور ایک دریا ہے۔ پہاڑوں اورسرسبز گھاس کے میدانوں کے درمیان واقع تھاجنگی آبی ذخیرہ ایک شاندار منظر پیش کرتا ہے جو ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ اس علاقے کے ارد گرد پانی سبز پس منظر پر نیلے کمبل کی طرح بہتا ہے۔ تھاجنگی آبی ذخیرہ فوٹوگرافروں اور فطرت سے محبت کرنے والوں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں، یقین کیجئے کہ اس جگہ کو ایک بار دیکھنے کے بعد آپ بار بار یہاں آنے کا تصور کریں گے۔ تھاجنگی آبی ذخیرہ۲۴؍گھنٹے کھلا رہتا ہے۔ 
 اگر آپ لامباسنگی میں تھاجنگی آبی ذخیرے کا دورہ کرنے جا رہے ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہاں سیاحوں کیلئے کوئی انٹری فیس نہیں ہے۔ 
کوٹھاپلی آبشار 
 ہندوستان کے جنوب مشرقی ساحل پر واقع کوٹھاپلی آبشار لامباسنگی کا ایک اہم سیاحتی مقام ہے جس نے بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باوجود پورے آندھرا پردیش کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ اگر آپ کسی ایسی جگہ کی تلاش کر رہے ہیں جہاں آپ لامباسنگی کے انتہائی ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہونے کے بعد نہانا چاہتے ہیں تو آپ کو کوٹھاپلی کے آبشاروں کا دورہ ضرور کرنا چاہئے۔ اگر آپ اپنے لامباسنگی کے سفر کے دوران کوٹھاپلی آبشار دیکھنے جا رہے ہیں تو آپ کو معلوم ہوناچاہئے کہ یہ آبشار صبح۶؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک کھلا رہتا ہے، کوٹھاپلی آبشار میں مکمل لطف اندوز ہونے کیلئے کم از کم ایک دن کی ضرورت ہے۔ کوٹھاپلی آبشار سیاحوں کیلئے بالکل مفت ہے۔ 
سوسن گارڈن 
 لامباسنگی میں دیکھنے کیلئے بہترین مقامات میں سے ایک، سوسن گارڈن ہے جو پھولوں سے بھرا ہوا ہے۔ یہ جگہ شام کے وقت ایک اور دلکش منظر پیش کرتی ہے، جب سورج کی کرنیں پھولوں پر پڑتی ہیں تو پوری جگہ حیرت انگیز طور پر چمکتی نظر آتی ہے۔ اگر آپ فطرت سے محبت کرتے ہیں تو آپ کو سوسن گارڈن ضرور جانا چاہئے۔ جہاں آپ کچھ پل آرام کر سکتے ہیں، ان پھولوں کے درمیان خوبصورت غروب آفتاب دیکھیں اور فوٹو گرافی کر کے اپنے سفر کو یادگار بنائیں۔ سوسن گارڈن سیاحوں کیلئے صبح۷؍ بجے سے شام۶؍ بجے تک کھلا رہتا ہے، اس دوران آپ کسی بھی وقت اس کا دورہ کر سکتے ہیں۔ سوسن گارڈن میں داخلے کی ۲۰؍ روپے فی شخص فیس وصول کی جاتی ہے۔ 
مجموعی طور پر لامباسنگی کا سفر انتہائی دلچسپ ہو گا۔ لامباسنگی اپنے گلابوں، آبشاروں، ندیوں اور سبز گھاس کے میدانوں کیلئے مشہور ہے۔ اس کے دورے میں آپ کھیتوں کے ساتھ ساتھ سیب کے باغات اور کافی کے باغات میں ٹہل سکتے ہیں۔ لامباسنگی کے آس پاس کے جنگلات میں گھوم پھر کر فطرت کے دلفریب نظاروں کا لطف لے سکتے ہیں اورفوٹو گرافی بھی کرسکتےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK