Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

گارڈن سٹی بنگلور میں کئی مقامات دیکھنے لائق ہیں

Updated: March 05, 2025, 11:56 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

بنگلورمحل ، ایم جی روڈ ، کبن پارک، ٹیپوسلطان سمر پیلس،ونڈر لاواٹر پارک،السور جھیل اورکئی جگہیں ہیں جو سیاح سیر وتفریح کی دعوت دیتی ہیں۔

It belongs to Bangalore Palace. Photo: INN
بنگلور پیلس کی ہے۔ تصویر: آئی این این

کرناٹک کا دارالحکومت بنگلور گارڈن سٹی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اپنی خوبصورتی کیلئے مشہور یہ جگہ آپ کی آنکھوں کو نئے نظاروں سے بھر دے گی۔ بنگلور کے سیر و تفریح ​​کے مقامات اس سحر انگیز سفر کی علامت ہیں جو ہر سیاح کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرتےہیں ۔ یہ بڑا شہر ہےاوریہاں کسی پریشانی کے بغیرمختلف مقامات کی سیر کی جاسکتی ہے۔ دیکھنے کے لائق کچھ مقامات کی تفصیل درج ذیل ہیں :
۱) بنگلور محل:اس شہر کی سب سے مشہور جگہ بنگلور پیلس ہے۔ جیسا کہ نام سے ظاہرہے، یہ ایک پُر شکوہ عمارت ہے۔ پہلے منزلے پر ایک بڑا ہال ہے جسے دربار ہال کہا جاتا ہے۔ سیڑھیوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ ہر قدم پر آپ ایک خوبصورت سفر کا تصور کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔ 
  محل کی دیواروں پر پینٹنگز آویزاں ہیں ۔ گوتھک طرز کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ہیں ۔ پیلے رنگ کا استعمال محل میں بڑے پیمانے پر کیا گیا ہے۔ دیواروں سے لے کر صوفے تک سب کچھ کوزرد رنگ میں رنگا ہوا ہے۔ یہ بنگلور کا سب سے مقبول سیاحتی مقام ہے۔ 
۲) کبن پارک:۳۰۰؍ایکڑ پر پھیلا ہوا یہ پارک بنگلور کے سیاحوں کیلئے پُرکشش مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ اپنے قدرتی نظاروں سے سامعین کو مسحور کرتا ہے۔ ہر طرف ہریالی ہے جو ماحول کو تازگی بخشتی ہے۔ اس پارک کا نام لارڈ کبن کے اعزاز میں رکھا گیا ہے۔ یہاں ۶؍ ہزار سے زیادہ درخت لگائے گئے ہیں اور یہاں موجود ایکویریم ہندوستان کا دوسرا بڑا ایکویریم ہے۔ 
۳) ایم جی روڈ:بنگلور میں اگر آپ ایم جی روڈ نہیں گئے تو سمجھو کہ بنگلور نہیں گئے۔ اسےشہر کے سیاحتی مقامات میں ایک خاص مقام دیا گیا ہے کیونکہ یہ ہر سیاح کی آرام گاہ ہے! اس لیے کہ یہاں آ کر آپ جو چاہیں خریداری کر سکتے ہیں۔ دستکاری کی مصنوعات سے لے کر ریشمی ساڑھیوں اورچینی مٹی برتن تک وغیرہ، آپ یہاں سے کئی اشیاء گھر لے جا سکتے ہیں۔ اور جب آپ کے پاؤں چلتے چلتے تھک جائیں تو آپ آرام کر سکتے ہیں اور یہاں کے لذیذ کھانوں کا بھی مزہ لے سکتے ہیں ۔ 
۴) ونڈرلا واٹر پارک: بنگلور کے اعلیٰ سیاحتی مقامات میں اس دلچسپ مقام کو شامل نہ کرنا ایک بڑی غلطی ہوگی۔ مزہ اور جوش کو محسوس کرنے کیلئے آپ یہاں بہترین رائیڈ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ تقریباً ۶۰؍ رائیڈ سے لطف اندوز ہونے کے بعد، جب آپ واپس جانا چاہیں گے تو آپ کے پاؤں آپ کو پیچھے کھینچ لیں گے۔ کوئی بھی ایسے شاندار سفر سے کیوں منہ موڑنا چاہے گا، بلکہ وہ بار بار اس سے لطف اندوز ہونا اور خوش رہنا چاہے گا۔ تفریحی اور واٹر پارک کا یہ انوکھا امتزاج آپ کی دلچسپی کو برقرار رکھے گا۔ 
۵) السور جھیل:بنگلور کی سب سے بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے جو۵۰؍ہیکٹر کے رقبے پر محیط ہے۔ سرسبز و شاداب ماحول، پرندوں کی چہچہاہٹ اور غروب آفتاب اس جگہ کے قدرتی حسن میں اضافہ کرتا ہے۔ بنگلور کا یہ سیاحتی مقام سیاحوں اور فطرت سے محبت کرنے والوں سے بھرا ہوا ہے۔ اس جگہ کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ آپ بغیر کسی پریشانی کے یہاں بیٹھ کر اس شاندار نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ چھٹیوں کے دن، آپ اپنے خاندان یا دوستوں کے ساتھ یہاں آ سکتے ہیں، چھوٹے چھوٹے کھیل کھیل سکتے ہیں اور شام کی چائے اور ناشتہ کرتے ہوئے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ یہ جگہ خاندان یا دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے بہت موزوں ہے۔ 
۶) ٹیپو سلطان کا سمر پیلس : یہ ٹیپو سلطان کی موسم گرما کی قیام گاہ تھی۔ سب سے زیادہ ہجوم والے بازار کے علاقے میں واقع ٹیپو سلطان قلعہ مثالی طور پر اس فنکارانہ رونق کی نمائندگی کرتا ہے جو ماضی میں پروان چڑھی تھی اور یہ بنگلور کے سب سے پرکشش سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ ٹیپو کے اس محل کو’ رشک جنت‘ بھی کہا جاتا ہے۔ آرٹ اور ثقافت کے ساتھ یہ محل فن تعمیر کا ایک مخصوص نمونہ ہے اور اس کے مضبوط ستونوں پر بنےنقش ونگار قابل دید ہیں۔ یہ محل ہند اسلامی فن تعمیر کا بہترین نمونہ ہے۔ 
 اس کے علاوہ لال باغ باٹنیکل گارڈن، گورنمنٹ میوزیم، جدید فنون کی قومی گیلری، دیون ہلی قلعہ، ودھان سودھا، سینکی ٹینک، وینکٹپا آرٹ گیلری اوراٹارا کچہری بھی اہم سیاحتی مقامات ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK