سائبر فراڈ جیسے آج کے اہم موضوع پرایک اہم فلم ثابت ہوتی ہے، حالانکہ کچھ مناظر سے ’اینیمل‘ اور ’کِل‘ جیسی فلموں کی یاد آتی ہے۔
EPAPER
Updated: January 11, 2025, 12:01 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
سائبر فراڈ جیسے آج کے اہم موضوع پرایک اہم فلم ثابت ہوتی ہے، حالانکہ کچھ مناظر سے ’اینیمل‘ اور ’کِل‘ جیسی فلموں کی یاد آتی ہے۔
فتح (Fateh)
اسٹارکاسٹ:سونو سود،جیکلن فرنانڈس، وجے راز،نصیر الدین شاہ، دبیندو بھٹاچاریہ،شیوجیوتی راجپوت،بینو ڈھلوں
ڈائریکٹر :سونو سود
رائٹر:سونو سود،انکر پجنی
پروڈیوسر:سونالی سود، اجے دھاما، انشومن سنگھ،نوشاد احمد
سنیماٹوگرافی:ونسینزو کونڈوریلی
ایڈیٹنگ:یش پاریکھ،شیکھر پرجاپتی
پروڈکشن ڈیزائن:نادری طارق خان، طارق عمر خان
کاسٹیوم ڈیزائن:گوپیکا گلواڑی
آرٹ ڈائریکٹر:نور محمد حسن، گوتم جادھو،پنچانن سا
ریٹنگ: ***
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی اداکار نے اداکاری کے ساتھ ہدایت کاری کی ذمہ داری بھی سنبھالی ہو۔ عامر خان سے لے کر اجے دیوگن تک اور حال ہی میں رندیپ ہڈا سے لے کر کنال کھیمو تک کئی ایسے اداکار ہیں جنہوں نے اپنی فلموں میں ہدایت کاری اور اداکاری جیسی کئی ذمہ داریاںنبھائی ہیں۔ اب اس فہرست میں سونو سود کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔ فلم ’فتح‘میں سونو اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری بھی کرتے نظر آئےہیں اور یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ سائبر کرائم کے وسیع خطرے پر مبنی اس فلم میں وہ اپنے دونوں کرداروں میںقطعی مناسب نظر آتے ہیں۔
فلم کی کہانی
یہ فلم فتح (سونو سود) کی کہانی ہے، جو پنجاب کے شہر موگا میں رہتا ہے اور اپنے گاؤں میں ایک ڈیری فارم چلاتا ہے۔ فتح، جو سادہ زندگی گزارتاہیں اورگاؤں والوں کی مدد کرتا ہے،ماضی میں اسپیشل ٹاسک فورس کاایک بہادر افسر رہ چکا ہے۔ لیکن حکومت کی جانب سے اس کی ٹاسک فورس کو بند کرنے کے بعد وہ اب سادہ زندگی گزار رہا ہے۔ لیکن ایک دن جب اس کی بہن جیسی معصوم لڑکی نمرت (شیو جیوتی راجپوت) سائبرکرائم کے جال میں پھنس جاتی ہے تو فتح کو اس کے ذریعے معلوم ہوتاہےکہ اس کے ملک کے لاتعداد لوگ سائبر فراڈکے چنگل میں پھنس کر اپنی جانیں دینے پر مجبور ہو گئے تھے۔وہ وجے راز، نصیرالدین شاہ، دبیندو بھٹاچاریہ وغیرہ جیسےخوفناک اور شاطر مجرموں کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنی پرانی روش پر لوٹنے کیلئےمجبور ہوجاتا ہے۔ اس خونی جنگ میں ہیکنگ کی ماہر خوشی (جیکلین فرنانڈس) بھی اس کا ساتھ دیتی ہے۔
ہدایت کاری
ایک مصنف اور ہدایت کار کے طور پر، سونو سود نے سائبر مافیا جیسے سلگتےہوئے موضوع کو اٹھایا ہے اور لوگوں کو مستقبل میں اس کے خوفناک خطرےسے خبردار کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ انہوں نے دکھایا ہےکہ کس طرح موبائل فون کی خامیوں کی وجہ سے سادہ لوح لوگ لالچ کےجال میں پھنس کر ان سائبر مجرموں کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں۔ فلم کا رونگٹے کھڑے کردینےوالا پہلا سین ایکشن فلم کےموڈ کو بالکل سیٹ کردیتاہے۔ لیکن فلم کا پہلا ہاف قدرے سست ہے۔ حالانکہ دوسرا ہاف زیادہ اچھا ہے۔
سونو سود، بطور ہدایت کار، سائبر کرائم کےذریعے ناظرین کو ایک سنسنی خیزسفر پر لے جاتے ہیں،لیکن پھیکا اسکرین پلے اور جذباتی گہرائی کی کمی کہانی کو کم اثرداربناتی ہے۔ فلم کے تمام ایکشن سین قابل تعریف ہیں جو ہمیں ’اینیمل اور’کِل‘جیسی فلموں میں ہونے والی وحشیانہ خونریزی کی یاد دلاتے ہیں۔ فلم میں فتح کا کردار ون مین آرمی کا ہے، جسے سونو کی فٹنس اور چستی نے قابل اعتماد بنانے کی کوشش کی ہے، لیکن کچھ جگہوں پر یہ بہت زیادہ اچھالگتا ہے۔
فلم کے ڈائیلاگ دلکش ہیں۔جان اسٹیورٹ ایڈری اور ہنس زیمرکابیک گراؤنڈ اسکور تناؤ کوقائم رکھتا ہے۔ موسیقی کی بات کریں تو اریجیت سنگھ اور بی پراک کے گانے ٹھیک ہیں۔’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ سےشہرت پانے والےلی وائٹیکر کی ایکشن کوریوگرافی حیرت انگیز ہے، حالانکہ یہ کمزور دل والوں کے لیے نہیں ہے۔
اداکاری
سونو نے فتح کے طور پرشاندار کام کیا ہے۔ وہ ایکشن اور سنجیدہ مناظر پر پوری طرح حاوی رہے،لیکن جذباتی مناظر محدود نظر آتے ہیں۔جیکلین نےبغیر میک اپ کے اپنے کردار کے ساتھ مکمل انصاف کیا ہے۔ کافی عرصے بعد انہیں اسکرین پر دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے۔ شیو جیوتی راجپوت نے نمرت کے کردار میں اپنی چھاپ چھوڑی ہے۔نصیرالدین شاہ جیسے مضبوط اداکار کے کردار کو فلم میں مزید گہرائی سے پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ تاہم ان کی موجودگی فلم کو مزید مضبوط بناتی ہے۔چھوٹے کرداروں کے باوجود، وجے راج اور دبیندو بھٹاچاریہ اثر بنانےمیں کامیاب ہوتے ہیں۔ شیبا اور آکاش دیپ نے معاون کرداروں میں اچھا کام کیا ہے۔
نتیجہ
ایکشن فلموں کے شائقین کو یہ فلم ضرور پسند آئے گی۔