• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گنگ ٹوک: سکم میں واقع ایک انتہائی دلکش تفریحی مقام

Updated: February 05, 2025, 11:26 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ہمالیہ کے دامن میں واقع اس جگہ سے آپ دنیا کی تیسری بلند ترین پہاڑکنچن جنگا کی چوٹی بھی دیکھ سکتے ہیں،اس کے علاوہ کئی آبشار بھی دیکھنے لائق ہیں۔

Breathtaking view of Tashi view point. Photo: INN
تاشی ویو پوائنٹ کا دلکش نظارہ۔ تصویر: آئی این این

 گنگ ٹوک ریاست سکم کا سب سے بڑا شہر ہے۔ گنگ ٹوک ایک پرکشش، قدرتی اوربادلوں سےگھری رہنے والی جگہ ہے، جو یہاں آنے والے سیاحوں کے دل و دماغ کو تروتازہ کر دیتی ہے۔ یہاں سے آپ کنچن جنگاکاشاندار نظارہ کیا جاسکتاہے۔ یہ مشرقی ہمالیائی پہاڑی سلسلے میں شیوالک پہاڑیوں کے اوپر۱۴۳۷؍میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ گنگ ٹوک کی گھومتی ہوئی پہاڑیاں اور سڑکیں بہت دلکش ہیں۔ گنگ ٹوک کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں سے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جنگا کا حیرت انگیز نظارہ کیا جاسکتاہے۔ گنگ ٹوک میں قدرتی خوبصورتی جیسی بہت سی چیزیں ہیں اور اس کے اہم پرکشش مقامات میں سومگو جھیل، بان جھاکری، تاشی ویو پوائنٹ شامل ہیں۔ گنگ ٹوک شمالی ہندوستان میں وائٹ واٹر رافٹنگ کے لیے تیسرا بہترین مقام ہےجو سیاحوں کو یہاں آنے پر مجبور کرتا ہے۔ 
ناتھولا پاس: ہند چین سرحد
 اگر آپ گنگ ٹوک جانے والے ہیں تو یہاں ایک جگہ ہے جسے آپ کبھی نہیں چھوڑنا چاہیں گے۔ ہم ہند-چین کی بین الاقوامی سرحد کےبارے میں بات کر رہے ہیں، جسے دیکھنے کے لیے آپ کو اجازت نامہ درکار ہوتاہے۔ گنگ ٹوک جانے کے بعد آپ آسانی سے یہ اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں۔ صرف ہندوستانی سیاحوں کو ناتھولا پاس جانے کی اجازت ہے - ہندوستان-چین سرحدپرغیر ملکیوں کوجانے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ سرحد ایسی ہی ایک جگہ ہے جہاں ایک بار آپ جائیں تو آپ ہندوستانی فوجیوں کے ساتھ ساتھ چینی فوجیوں اور ان کے ٹرکوں کو بھی گزرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ 
تاشی ویو پوائنٹ
 تاشی ویو پوائنٹ، وسطی گنگ ٹوک سے۸؍کلومیٹر دور واقع ہے، یہ ایک ایساشاندار مقام ہےجہاں سے مسافر کوہ سانیلوچ اور ماؤنٹ کنچن جنگاکے شاندار نظارےکامشاہدہ کرتے ہیں۔ یہ جگہ تاشی نمگیال نے بنوائی تھی، جو ۱۹۱۴ءسے۱۹۶۳ءکے درمیان سکم کےبادشاہ تھے، جس کی وجہ سے یہ جگہ ان کا نام پرپڑی۔ اس جگہ سے آپ برف پوش پہاڑوں کے خوبصورت نظارے دیکھ سکتے ہیں۔ تاشی ویو پوائنٹ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کیلئے پکنک کی ایک شاندار جگہ ہے۔ 
سیون سسٹرز آبشار
 جیساکہ نام سے پتہ چلتا ہے، سیون سسٹرز واٹر فال۷؍انفرادی آبشاروں پرمشتمل ہے جو ایک وسیع ناہموار چٹان پرساتھ واقع ہیں، جو دورسے دیکھنے پر بہت الگ نظر آتے ہیں۔ سیون سسٹرز آبشار گنگ ٹوک سے۳۲؍کلومیٹر کے فاصلے پرگنگ ٹوک-لاچنگ ہائی وے پر واقع ہے۔ یہ آبشار برسات کے موسم میں بہت خوبصورت نظر آتے ہیں جو یہاں آنے والے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ سیون سسٹرز واٹر فال یہاں آنے والے سیاحوں کو یہاں فوٹو شوٹ کرانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ 
بنجھاکری آبشار 
 گنگ ٹوک میں بنجھاکری آبشار یہاں آنے والے سیاحوں کے لیے ایک بہت ہی خاص سیاحتی مقام ہے، جو ۲؍ایکڑ کے رقبے پرپھیلا ہواہے، جو کہ رانکا مٹھ کے راستے میں گنگ ٹوک سے ۱۰؍ تا ۱۲؍کلومیٹر کے فاصلے پرہے۔ آبشار تقریباً۴۰؍فٹ کی اونچائی سے گرتا ہے اور بہت زور کے ساتھ نیچے آتاہے۔ بنجھاکری آبشار کے قریب واقع اینرجی پارک سیاحوں کے لیے خاص توجہ کا مرکز ہے۔ سیاحوں کے ٹھہرنے کی جگہ کے علاوہ اس پارک میں سیاحوں کے لیے سوئمنگ پول بھی ہے۔ 
پھولوں کی نمائش کا مرکز
 گنگٹوک میں واقع فلاور ایگزیبیشن سینٹر، سکم کے پھولوں کی مختلف اقسام کو ایک جگہ پردکھاتا ہے۔ یہ جگہ فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے جنت کی مانندہے۔ فلاور شو سینٹر ایم جی مارگ سے پیدل فاصلے پر، وائٹ میموریل ہال کے بالکل سامنے اور رج پارک کےنیچے واقع ہے۔ یوں تو آپ یہاں سال بھر کئی طرح کے پھول دیکھ سکتےہیں لیکن اپریل سے مئی تک منعقد ہونے والے سالانہ فلاور شو کو دیکھنا آپ کے لیے بہت یادگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس شو میں آپ کئی قسم کے پھول دیکھ سکیں گے۔ اگر آپ گنگ ٹوک کی سیر کے لیے آئے ہیں تو یہ جگہ ایک بار دیکھنے کے لائق ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK