• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گنپتی گڑد: آبشار کے پیچھے چھپے غاروں تک ٹریکنگ

Updated: July 25, 2024, 1:27 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کلیان کے قریب واقع ٹریکنگ کا یہ راستہ زیادہ مشکل نہیں ہے لیکن یہاں تک پہنچنے کا راستہ بہت ہی ہرابھرا اور نہایت دلکش ہوتا ہے۔

In the picture taken from inside the cave, the water of the waterfall can be seen falling outside. Photo: INN.
غار کے اندر سے لی گئی تصویر میں باہر آبشار کا پانی گرتا ہوا دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

تصور کریں کہ آپ ایک غار کے اوپرسےپرندوں کی طرح اڑتے ہوئے وہاں موجود غار کا نظارہ کررہے ہیں، یہ کافی پرجوش لگتا ہے، ہے نا؟ ایسی ہی ایک جگہ گنپتی گڑدہے۔ گنپتی گڑد، ایک ایسا ٹریک ہےجسے کوئی بھول نہیں سکتا۔ ’گڑد‘کامطلب ہےغار۔ یہ غار ایسی چٹانوں میں بنےہیں جو خوبصورت آبشاروں سے گھری ہوئی ہیں۔ غاروں کو دور سے بھی دیکھا جا سکتاہے۔ دور سے مستطیل نما دھبے جیسے نظرآتےہیں جو درحقیقت بڑے بڑے غارہیں۔ مانسون کے دوران ہریالی سے بھرا ہوا، گنپتی گڑد سال کے سب سے زیادہ منتظر ٹریکس میں سے ایک ہے۔ 
اس متاثرکن جگہ پر جانے والوں کے لیے یہ واقعی ایک مسحور کن تجربہ ہے۔ گنپتی گڑد کے راستے میں دھندلےآبشاران چند وجوہات میں سےایک ہیں جن کی وجہ سےگنپتی گڑد جانا ضروری ہوجاتاہے۔ گنپتی گڑد کو گنیش کے غاروں کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہاں واقع۶؍ سے۷؍غاروں کا ایک سلسلہ ہےجہاں آپ ایک بار ہی نہیں بار بارجاسکتے ہیں اور آپ کو بوریت کا احساس بھی نہیں ہوگا۔ گنپتی گڑد ٹریکرزاور ایڈونچر سے محبت کرنے والوں کے لیے مشہور ایڈونچرس مقامات میں سے ایک ہے۔ گنپتی گڑد میں مانسون کے دوران جانا خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ضروری ہےجو خوشگوار تجربے کی تلاش میں ہیں۔ گنپتی گداد میں ۶؍سے۷؍ غاروں میں جاناٹریکنگ کوایک دلچسپ مہم جوئی کا ذریعہ بناتاہے۔ 
گنپتی گڑد غاروں کے بارے میں 
اس خوبصورت جگہ تک پہنچنےکیلئے، آپ کومرباڈ کے گائوں پالو سوناولے گائوں سے ہوتے ہوئےاپنا سفر شروع کرکے گھنےجنگلوں سے ہوتے ہوئے گزرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ مرباڈمیں واقع سوناولےگاؤں اس ٹریک کا بنیادی گاؤں ہے۔ اس مسحورکن ٹریک کے قریب دیگر کئی ٹریک بھی موجود ہیں جن میں نانےگھاٹ ٹریک، گورکھ گڑھ ٹریک، ڈھاکوبافورٹ ٹریک، گورکھ گڑھ فورٹ ٹریک، مچندرگڑھ ٹریک شامل ہیں۔ سوناولے گاؤں سے منزل تک پہنچنے کیلئے آپ کو تقریباً ڈھائی گھنٹے لگیں گے۔ تھانے ضلع میں واقع، گنپتی گڑدممبئی کے قریب متعدل ٹریکس میں سے ایک ہے۔ سال کے اس وقت یعنی مانسون میں، ٹریکرز کو سرسبز و شاداب وادیوں، ٹھنڈی ہوا، منڈلاتےبادلوں اور سنسنی خیز آبشاروں کا سامناہوتاہے۔ اپنے ٹریک کے دوران چندکھیتوں اور خوبصورت ندیوں کےپارچلتے ہوئےپہاڑی پرچڑھ کراپنا ایڈونچر سے لطف اندوز ہوں۔ گنپتی گڑدکے غار جلد ہی نظر آئیں گے اور غاروں کے بائیں جانب سے اوپرچڑھنا ہوگا۔ یہاں کا منظر بہت ہی خوبصورت ہوتاہے۔ سامنے کا منظر ’درگ‘ نامی قلعے کا ہوگا۔ دائیں طرف سے ’سدھ گڑھ‘، ’گورکھ گڑھ‘ اور ’مچھندرا گڑھ‘ کا خوبصورت منظر بھی نظر آئےگا۔ اگر آپ اپنی بائیں طرف مڑیں توآپ ’ڈھکوبہ‘، ’جیودھن‘ اور’نانے گھاٹ‘ دیکھ سکتے ہیں۔ 
آخرمیں غاروں تک پہنچنےکےبعد، پہلاغار ایک چھوٹی دودھیا آبشارکےساتھ آپ کا استقبال کرے گا۔ ٹریکنگ کے دوران آپ ایسےچھوٹے چھوٹے دھندلے آبشاروں اور ندی نالوں کو دیکھیں گے۔ اس لیے یہاں مانسون کے موسم میں جانا ضروری ہے۔ 
نانے گھاٹ کیسے جائیں ؟
ان غاروں تک جانے کیلئے بیس ولیج(بنیادی گائوں ) سوناولے یا سونا گائوں ہے۔ آپ اس جگہ پبلک ٹرانسپور ٹ کے ذریعہ پہنچ سکتے ہیں۔ 
پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ:آپ کو ممبئی کے دادر یا سی ایس ٹی اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہونا ہوگا۔ اس سے آپ کلیان اسٹیشن پہنچ کر وہاں اترنا ہوگا۔ کلیان ایس ٹی بس ڈپو سے آپ کومرباڈ کی طرف جانے والی لوکل بس میں سوار ہونا ہوگا۔ مرباڈ پہنچ کر آپ کو دھسائی کیلئے ایک اور بس میں سوار ہونا ہوگا۔ دھسائی سے آپ کو ایک اور بس میں سوار ہونا ہوگا۔ چونکہ یہاں سے بسوں کی تعداد کم ہے اس لئے آپ چاہیں تویہاں سے رکشہ میں بھی سوار ہوسکتے ہیں۔ یہ آپ کو بیس ولیج تک پہنچا دے گا۔ یہاں تک پہنچنے میں آپ کو ۲۰۰؍ سے ۳۵۰؍روپے تک خرچ ہونگے۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کس طرح کا ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔ 
کارکے ذریعہ:ممبئی سے یہاں تک کی دوری تقریباً ۱۱۰؍ کلومیٹر ہے اور یہاں تک پہنچنے میں آپ کو ۲؍ سے ڈھائی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ آپ کو ایرولی سے نوی ممبئی کی جانب جانا ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK