بڑی تعداد میں سیاح گلمرگ میں گنڈولا رائڈ کیلئے ہی جاتے ہیں،اس کے علاوہ بھی یہاں دیگر کئی ایڈونچر اسپورٹس کے مواقع موجود ہیں۔
EPAPER
Updated: February 19, 2025, 11:53 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
بڑی تعداد میں سیاح گلمرگ میں گنڈولا رائڈ کیلئے ہی جاتے ہیں،اس کے علاوہ بھی یہاں دیگر کئی ایڈونچر اسپورٹس کے مواقع موجود ہیں۔
جب بھی سیرو تفریح کی بات ہوتی ہے تو سب سے پہلے کشمیر کا ہی نام ذہن میں آتا ہے یعنی وہ کشمیر ہی ہے، جس کا ذکر ہر زبان پر ہوتاہے۔ کشمیر اپنی فطری خوبصورتی کی وجہ سے دنیا بھرمیں مشہور ہے۔ خاص طور پر سردیوں میں یہاں کا حسن مزید نکھر آتا ہے۔ برف سے ڈھکی وادیاں، برفباری، اورپہاڑوں کا دلفریب منظر کسی جنت سے کم محسوس نہیں ہوتا۔ یہاں آنے والے سیاح عام طور پر سونمرگ، گلمرگ، سری نگر، اور پہلگام ضرور جاتے ہیں۔ اگر آپ نے کبھی کشمیر کا سفر کیا ہے، تو یقینی طور پر گلمرگ کی خوبصورتی دیکھی ہوگی اور وہاں کی مشہور گنڈولا رائیڈ کے بارے میں بھی سنا ہوگا۔
گنڈولا رائیڈ
کہا جاتا ہے کہ اگر آپ گلمرگ آئے اور گنڈولا رائیڈ نہیں کی، تو آپ نے گلمرگ کا اصل حسن نہیں دیکھا۔ خاص طور پر سردیوں میں جب پوری وادی برف کی سفید چادر اوڑھ لیتی ہے، تو گنڈولا رائیڈ سے نیچے دیکھنے کا منظر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کوئی خواب دیکھ رہے ہیں۔
ویڈیوز کے لیے بہترین مقام
گلمرگ سری نگر سےتقریباً ۵۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، اور یہاں پہنچنے میں تقریباً۲؍گھنٹے لگتے ہیں۔ راستے میں جو مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں، وہ انتہائی دلکش اور یادگار ہوتے ہیں، جنہیں کیمرےمیں قید کرکے ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جا سکتا ہے۔ جدید دور میں، جہاں ریلزبنانے کا ٹرینڈ ہے، وہاں سیاح ان مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کر کے خوبصورت ریلز اور ویڈیوز بھی بناتے ہیں۔
مقامی ٹیکسی استعمال کرنا ہوگی
سردیوں میں، شدید برفباری کی وجہ سے نجی گاڑیوں کو ہوٹل تک لےجانے کی اجازت نہیں ہوتی، کیونکہ بھاری برفباری کے دوران گاڑی چلانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ لہٰذا، یہاں آپ کو مقامی گاڑیاں استعمال کرنی پڑتی ہیں، جن کے ٹائروں میں زنجیریں لگی ہوتی ہیں تاکہ وہ برف پر آسانی سے چل سکیں۔ مقامی ٹیکسیوں کا کرایہ تقریباً ایک ہزارروپے ہوتا ہے۔ اگر آپ نے گنڈولا رائیڈ نہیں کی تو گلمرگ کی سیر ادھوری رہ جائے گی۔ یہ۵؍کلومیٹر لمبی رائیڈ ہوتی ہے، جس کے ذریعے آپ بلند پہاڑوں اور برف سے ڈھکی وادیوں کا حیرت انگیز نظارہ کر سکتے ہیں۔
فلموں جیسا حسین تجربہ
جب آپ گنڈولامیں سوار ہوتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی فلمی سین کا حصہ بن گئے ہوں۔ جیسے کسی ڈرون کیمرے سے شوٹ کیےگئے برفیلے مناظر، چاروں طرف سفید چادر اور درمیان میں سرسبز درختوں کی قطاریں۔ اگر آپ اپنے شریک حیات یا محبوب کے ساتھ یہاں کا دورہ کر رہے ہیں، تو یہ لمحے مزید حسین اور یادگار بن جاتے ہیں۔
گنڈولا رائیڈ کے کرائے اور ٹائمنگ
• گنڈولا رائیڈکا ٹکٹ ۷۰۰؍تا۸۰۰؍روپے ہوتا ہےجو ایک مقامی گائیڈ کے ذریعے بھی کیا جا سکتاہے۔ یہ گائیڈ آپ کو اس تعلق سے مدد کرے گا کہ آپ کو لائن میں لگ کر ٹکٹ خریدنے میں وقت ضائع نہ کرنا پڑے۔ اگر آپ خود ٹکٹ لینا چاہتے ہیں، تو آپ کو طویل قطار میں لگنا ہوگا۔
• گنڈولا رائیڈصبح ساڑھے ۹؍بجےسےدوپہر ایک بجےتک کھلا رہتاہے۔ پھردوپہر ایک بجےسےشام۳؍بجے تک بند رہتا ہے۔
• گنڈولا رائیڈ میں دو فیز ہوتے ہیں پہلےفیز میں ٹکٹ ۷۴۰؍ روپے فی فرد اور دوسرے فیز میں ۹۴۰؍روپے فی ہوتا ہے۔ یہ رائڈ تقریباً ایک گھنٹے پر مشتمل ہوتا ہے۔
گلمرگ میں ایڈونچر کے مواقع
• گنڈولا رائیڈ کے علاوہ، گلمرگ میں دیگرمختلف ایڈونچر اسپورٹس کے مواقع بھی موجود ہیں، جو سردیوں میں سیاحوں کو خوب محظوظ کرتے ہیں۔ ان میں اسنو بائیکنگ (برف میں موٹر سائیکل کی سواری)، سلیجنگ (برف میں لکڑی کی گاڑی پر بیٹھ کر سلائیڈنگ کرنا)، اسکیئنگ (برف پر پھسلنے کا کھیل)، اسنو موبیلنگ (برف میں برقی گاڑی سے ڈرائیو کرنا)، گالف کورس (دنیا کے سب سے اونچے گالف کورس میں کھیلنے کا موقع)۔ یہ چند ایسے کھیل ہیں جو آپ کو اس شدید برف باری کے علاقے میں برف کے بیچ ہی کھیلنے میں لطف آئے گا، اس لئے انہیں ضرور کھیلیں۔