• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوگل پکسل ۹؍پروفولڈ: گوگل کا عمدہ فولڈ ایبل فون

Updated: October 21, 2024, 11:17 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس کو دیگر کئی فولڈ ایبل فون سے بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے، گوگل نے اپنا پروسیسر گوگل ٹینسرجی ۴؍ اور سافٹ ویئر پکسل یو آئی استعمال کیا ہے۔

In this picture, the opening can be seen from the other side. Photo: INN.
اس تصویر میں کھلا ہوا دوسری جانب سے دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

آج کل ہندوستانی بازار میں مختلف کمپنیوں کےکئی فولڈ ایبل فون آگئے ہیں ۔ اب پہلے جیسا نہیں رہا کہ صرف سیمسنگ کا ہی فولڈ ایبل فون آیا کرتا تھا۔ دیگر متعدد کمپنیوں کے ساتھ گوگل نے بھی اپنا فولڈ ایبل فون لانچ کیا ہوا ہے۔ گوگل جس کے سرچ انجن کے ساتھ اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم ہر گھر بلکہ تقریباً ہر ہاتھ میں پایا جاتا ہے، اس کا اوریجنل فون دستیاب ہو اس سے اچھا اور کیا ہوسکتا ہے۔ اس کمپنی نے اپنا فولڈ ایبل فون’گوگل پکسل۹؍پرو فولڈ‘ لانچ کیا ہے۔ 
ڈیزائن
گوگل پکسل ۹؍پرو فولڈ فی الحال ہندوستان میں سب سے پتلا فون ہے۔ اگر آپ اسے بند حالت میں ون پلس اوپن کے ساتھ ٹیبل پر رکھیں گے تو یہ اس کی چوڑائی کا تقریباً آدھا نظر آئے گا کیو ں کہ اس میں کیمرے کا ابھار کافی کم ہے۔ اسے کھول کر رکھنے پر تو یہ انتہائی پتلا نظرآتا ہے لیکن اس کا وزن پائو کلو کے قریب کچھ زیادہ یعنی ۲۵۷؍ گرام ہے۔ 
ڈسپلے
صرف گوگل پکسل ۹؍پرو کا فولڈنگ ڈسپلے ہی آپ کو بیٹری بچانے والی ایل ٹی پی او ٹیکنالوجی فراہم کرتی ہے۔ اس میں اس طرح کے رنگ دکھائے جاتے ہیں جس سے آپ کی بیٹری زیادہ خرچ نہ ہو اور روشنی کم زیادہ کرنے کی ٹیکنالوجی بھی اس میں اچھی ہے۔ اس کا کور ڈسپلے ہی کافی چوڑا ہے کہ آپ کو فون کا مین ڈسپلے بار بار کھولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ 
سافٹ ویئر
اس میں اینڈرائڈ ۱۴؍ کی بنیاد پر پکسل یو آئی پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس میں آپریٹنگ سسٹم، سیکوریٹی اور پکسل ڈراپ کا اپ ڈیٹ۷؍سال تک فرام کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس فون میں فولڈنگ کے تجربہ کو بہتر بنانے کیلئے کافی کچھ محنت کی گئی ہے۔ جب آپ اسے بند کرتے ہیں تو آپ کو اس کے آئیکون اور وجیٹ اندر کی جانب جانے کا اینی میشن دکھائی دیتا ہے۔ 
اس فون میں ملٹی ٹاسکنگ کی سہولت دیگر فون کے مقابلے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ فی الحال اس میں کھلے اسکرین میں ایک ساتھ دو ایپ چلانے کی صلاحیت موجود ہے۔ 
اے آئی کی خصوصیات
اس میں کچھ اے آئی کی خصوصیات کو بھی مزید بہتر کیا گیا ہے۔ اس میں کیمرہ اوپن ہونے پرکچھ مزیدار اینی میشن دیئے گئے ہیں تاکہ بچے دیکھ کر خوش ہوسکیں۔ میٹ میں ڈوئل اسکرین بھی آپ کو آگے اور پیچھے دونوں کیمروں کے مناظر دکھاتی ہے۔ 
ہارڈ ویئر
چونکہ یہ گوگل کا فون ہے جو کہ اپنی خدمات دوسری تمام کمپنیوں کو فراہم کرتی ہے اس لئے اس کے سافٹ ویئر کی طرح ہارڈ ویئر بھی منفرد اور خود کا بنایا ہوا استعمال کیا گیا ہے۔ اس فون میں گوگل ٹینسر جی ۴؍ پروسیسر استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ اس میں ۱۶؍ جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔ دیکھا جائے تو اس محاذ پر گوگل کچھ مات کھاتا ہوا نظر آتا ہے کیوں کہ گوگل ڈسکور جیسا ایپ استعمال کرنے سے ہی اس کا یوزر انٹرفیس لڑکھڑانے لگتا ہے۔ حالانکہ اس کا کور ڈسپلے جدید ٹیکنالوجی ایل ٹی پی او کا حامل نہیں ہے لیکن دونوں اسکرینوں کے اسکرولنگ میں کچھ دقتیں آتی ہیں۔ 
گوگل اسٹوریج کے معاملے میں بھی دیگر کے مقابلے پیچھے نظر آتا ہے۔ زیادہ تر فولڈ ایبل فون اتنی قیمت میں ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج فراہم کردیتے ہیں لیکن اس میں محض۲۵۶؍ جی بی ہی دی گئی ہے۔ اس کی بھرپائی ۲؍ ٹی بی جیمنائی ایڈوانس پلان(ایک سال کیلئے) دے کر پوری کرنے کی کوشش کی ہے لیکن فون میں ہی زیادہ میموری ہوتی تو مزید بہتر تھا۔ 
کیمرہ
یہ فون کیمرے کے معاملے میں بھی تھوڑا پیچھے نظر آتا ہے حالانکہ اس کی کوالیٹی بہتر ہے۔ اس میں مین کیمرہ ۴۸؍میگا پکسل، ٹیلی فوٹو ۱۰ء۸؍، الٹرا وائڈ ۱۰ء۵؍ اور سیلفی کیمرہ ۱۰؍میگا پکسل کا دیا گیا ہے جو دیگر کے مقابلے کم نظر آتا ہے۔ 
ڈسپلے              کھولنے پر۸ ؍انچ، بند میں ۶ء۲؍
پروسیسر          گوگل ٹینسر جی ۴؍
ریم                  ۱۶؍جی بی ریم
اسٹوریج           ۲۵۶؍ جی بی
آپریٹنگ سسٹم    اینڈرائڈ ۱۴؍ پر مبنی پکسل یو آئی
کیمرے           ۴۸؍، ۱۰ء۵، ۱۰ء۸، میگاپکسل، ۱۰؍ سیلفی
بیٹری            ۴۶۵۰؍ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK