Inquilab Logo Happiest Places to Work

گراؤنڈ زیرو: دہشت گردی کے موضوع پر ایک اور عمدہ فلم

Updated: April 26, 2025, 11:51 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کشمیر کے ساتھ کشمیریوں کو بھی اپنا سمجھنے کی ترغیب دینے والی یہ فلم حقیقی واقعات پر مبنی ہے، عمران ہاشمی نے عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔

Emraan Hashmi can be seen with another actor in a scene from the film `Ground Zero`. Photo: INN
فلم’گرائونڈ زیرو‘ کے ایک منظر میںعمران ہاشمی کے ساتھ دیگر ایک اداکارکودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

 گراؤنڈ زیرو (Ground Zero)
اسٹارکاسٹ:عمران ہاشمی، سائی تمہنکر، ایکلویہ تومر، راکی رائنا، قاضی فیض، ہنون بائورا، میر محمد محروس، راہل وورا، زویا حسین
ڈائریکٹر :تیجس پربھا وجے دیوسکر
رائٹر :سنچت گپتا، پریہ درشی سریواستو
 پروڈیوسر:فرحان اختر، رتیش سدھوانی، قاسم جگمگیا، ابھیشیک کمار، وشال رامچندانی، نشی کانت رائے، کمار سمیت
میوزک:جان اسٹیوارٹ ایدوری، روہن روہن
 سنیماٹوگرافی:کمل جیت نیگی
 ایڈیٹنگ:چندرپرکاش پرجاپتی، دیویش سونوانیا
 ریٹنگ: ***
 کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد جو فلم یعنی’گرائونڈ زیرو‘ ریلیز ہوئی ہے، ایسا لگتا ہے کہ بروقت ریلیز ہوئی ہے۔ اس میں فلم کے ہیرو عمران ہاشمی کے ذریعہ بولا گیا ڈائیلاگ ’ صرف کشمیرہمارا ہےیا یہاں کے لوگ بھی؟‘ ان نفرت پھیلانے والوں سے کیا گیا سوال محسوس ہوتا ہےجواس حملے کے بعد دہشت گردوں کے بجائے کشمیریوں کو بدنام کرنے کی کوشش کرہے ہیں جو کہ حملے کے بعد سیاحوں کی مدد کرتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ یہ حقیقت ہےکہ ہمارے فوجی یعنی بارڈر سیکوریٹی فورس(بی ایس ایف)کے اہلکاراپنے ملک اور اپنے لوگوں کو محفوظ رکھنے کی بھر پور کوشش کرتے ہیں اور اسے سراہا جانا چاہئے اور عمران ہاشمی کی اداکاری سے سجی حالیہ ریلیز فلم’گرائونڈ زیرو‘ کے ذریعہ یہی کوشش کی گئی ہے۔ 
فلم کی کہانی
 فلم کی کہانی بی ایس ایف افسر نریندر ناتھ دھر دوبے (عمران ہاشمی)کی زندگی پر مبنی ہے۔ یہ کہانی۲۰۰۱ءکےسری نگر کی ہے، جہاں دہشت گرد مسلسل فوجیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس سازش کا ماسٹر مائنڈجیش محمد کا سربراہ رانا طاہر ندیم عرف غازی بابا ہے۔ ان دہشت گردانہ حملوں میں اب تک ۷۰؍فوجی شہیدہوچکےہیں۔ فلم کا آغاز ایک خوفناک منظر کےساتھ ہوتا ہے جہاں دہشت گرد احمد (حنان) اورحسین (میر مہروز) جیسے نوجوان کشمیری لڑکوں کو پتھراؤ سے بندوق کی لڑائی کی طرف جانے کے لیے برین واش کرتے ہیں۔ یہ دہشت گرد اپنے شکارسےپہلے کوڈ لینگویج استعمال کرکے اپنا مشن پورا کرتےہیں۔ ان گہری اور غیر انسانی سازشوں کا سامنا نریندر ناتھ دھر دوبے نے کیا، جن کی اہلیہ سائی تمہنکر ان کی معاون ہیں۔ 
 دہشت گردی کے سلسلہ وار حملوں سے پریشان نریندر ناتھ اپنےفوجیوں کو بچانے کیلئے دہشت گردوں کو مارنے کے لیے پرعزم ہیں لیکن ساتھ ہی وہ وہاں کے معصوم نوجوان کشمیریوں کے بارے میں بھی فکر مند ہیں جنہیں گمراہ کیا گیا اور ان کے ہاتھ میں بندوقیں دی گئیں۔ نریندر اپنے بہادر ساتھیوں اور مقامی مخبر حسین کے ساتھ مل کر دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنانے کی پوری کوشش کرتا ہے لیکن غازی ہر بار انہیں ناکام بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ کیا نریندر ناتھ اپنے عزائم میں کامیاب ہوتا ہے یہ جاننے کیلئے فلم دیکھنا ہوگی۔ 
ہدایت کاری
 اب تک ہم نے کشمیر پر مبنی کئی فلمیں دیکھی ہیں جیسے’مشن کشمیر‘، ’دی کشمیر فائلز‘، ’آرٹیکل ۳۷۰؍‘، ’شکارہ‘، ’روجا‘، لیکن ہدایتکار تیجس پربھا وجے دیوسکرکی کہانی میں تھرل کا عنصر اتنا ہی مضبوط ہے جتناکہ انسانی زاویہ۔ فلم کا دل دہلا دینے والاپہلا منظر ۲۰۰۱ءمیں کشمیرکے افراتفری کےماحول کو ترتیب دیتا ہے۔ ہدایت کار نے اس ٹریک کو انتہائی جذباتی انداز میں پیش کیا ہے جس میں دہشت گردوں کومارنے کے عزم کے ساتھ ساتھ حسین جیسے لڑکوں کو بندوق اٹھانے سے روکنے کا جذبہ بھی شامل ہے۔ 
ادا کاری
 پرفارمنس کے بارے میں بات کریں توعمران ہاشمی نے بی ایس ایف افسر نریندر ناتھ دھر دوبے کے کردار میں کئی باریک پرتیں جوڑی ہیں۔ عام طور پر ایسے کرداروں کو اوور دی ٹاپ انداز میں پیش کیاجاتا ہے، لیکن عمران نے اسے ایک بہادر اور انسانی کردار کے طور پر پیش کیا ہےان کی کارکردگی شاندارہے۔ سائی تمہنکر ایک چھوٹے سےکردار میں متاثر کن ہیں، لیکن انہیں اسکرین پر زیادہ جگہ دی جانی چاہیے تھی۔ زویا حسین انٹیلی جنس ٹیم کی عادلہ کے طور پر اپنی موجودگی کااحساس دلانے میں کامیاب رہی ہیں۔ میر مہروز حسین کے کردار کو جذباتی بنا دیتےہیں۔ دیپک پرمیش، للت پربھاکر اور گنیت سنگھ نے بی ایس ایف سپاہیوں کے کردار میں نمایاں کام کیا ہے۔ مکیش تیواری اور راہل ووہرا نے سینئر عہدیداروں کے کردار میں اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ انصاف کیاہے۔ تاہم اٹل بہاری واجپئی کے کردار کے لیے بہتر انتخاب کیا جا سکتا تھا۔ 
نتیجہ
یہ فلم وہ لوگ دیکھ سکتے ہیں جو کشمیر پر مبنی کہانیوں اور عمران ہاشمی کی زبردست اداکاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK