• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہیرامنڈی: سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری کا ایک اور قیمتی ہیرا

Updated: May 12, 2024, 12:30 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

جب کسی فلم سے سنجے لیلا بھنسالی کا نام جڑجاتا ہے تووہ کچھ خاص ہوجاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کی پہلی ویب سیریز چہار جانب دھوم مچا رہی ہے۔

Aditi Rao Hydari can be seen dancing in the web series Heeramandi. Photo: INN
ادیتی راؤ حیدری کو ویب سیریز ہیرامنڈی میں رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: INN

ہیرامنڈی : دی ڈائمنڈ بازار
(Heeramandi: The Diamond Bazaar)
 اسٹریمنگ ایپ :نیٹ فلکس(۸؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: منیشا کوئرالا،سوناکشی سنہا، ادیتی رائو حیدری، رچا چڈھا، شرمین سہگل،سنجیدہ شیخ،فردین خان،انوج شرما،طٰہٰ شاہ بدوشا،اندریش ملک
ہدایت کار:سنجے لیلا بھنسالی
 رائٹر:معین بیگ،سنجے لیلا بھنسالی،ویبھو پوری،دویہ ندھی شرما
روڈیوسر:سنجے لیلا بھنسالی
موسیقی:سنجے لیلا بھنسالی
سنیماٹوگرافی:سدیپ چٹرجی،مہیش لمیئے، ہیوتسین موہا پاترا،راگل دھرومن
ایڈیٹنگ:سنجے لیلا بھنسالی
ریٹنگ: ****

 سنجے لیلا بھنسالی میں کچھ خاص ہے، کیونکہ وہ کوئی بھی پروجیکٹ بنانے سےپہلے بہت سوچتے ہیں۔ فلموں کے حوالے سے ان کے خیالات اور صلاحیتوں کی کوئی حد نہیں، ان کی سوچ دوسرے فلم سازوںسےبالکل مختلف ہے۔ وہ جانتے ہیںکہ شائقین تھیٹرمیں کیا چاہتےہیں اورکیانہیں۔ انہوں نے او ٹی ٹی صارفین کے لیے بھی یقیناً کافی تحقیق کی ہوگی یہی وجہ ہے کہ جب سے ہیرامنڈی او ٹی ٹی پر ریلیز ہوئی ہے ہر طرف موضوع بحث بنی ہوئی ہے اور یہی امید ہے کہ اس سیریز کی مقبولیت اگلے کئی مہینوں تک لوگوں میں نظر آتی رہے گی۔ جب سنجے لیلا بھنسالی کی بات آتی ہے تو سب سے پہلے جو چیز ذہن میں آتی ہے وہ سیٹ ہے،کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ بھنسالی اپنی فلموں میں سیٹ کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور یہی چیز ان کی پہلی ویب سیریز’ہیرامنڈی‘میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ جیسا کہ کہا جا رہا تھا کہ بھنسالی ویب سیریز نہیں بلکہ ’ہیرامنڈی‘پر فلم بنانے کا سوچ رہے ہیں،لیکن اگر ایسا ہوتا تو شاید ہم اس میں بہت کمی محسوس کرتے، کیونکہ فلمیں۳؍گھنٹے کی بن سکتی ہیں۔ بھنسالی کا ’ہیرا منڈی‘ پرویب سیریز بنانے کا فیصلہ ایک طرح سے درست ثابت ہو رہا ہے۔ 
 ’ہیرامنڈی‘ دوسروں کے مقابلے بہت بڑی ویب سیریز ہے، جس میں صرف۸؍ایپی سوڈہونےکے باوجود ان کا دورانیہ کافی طویل ہے، کچھ ای پی سوڈ ایک گھنٹےکےہیں اور ان میں سےکچھ ۴۵؍منٹ کے بھی ہیں۔ اس بار بھنسالی ایک خوبصورت سیٹ کے ساتھ بالی ووڈ کی بہت سی خوبصورت حسینائوںکو ساتھ لائے ہیں۔ اس سیریز میں منیشا کوئرالہ، ادیتی راؤ حیدری، سوناکشی سنہا، سنجیدہ شیخ، شرمین سہگل، ریچا چڈھا، طحہ شاہ، جیسن شاہ، فردین خان، ادھین سمن اور شیکھر سمن مرکزی کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ 
کہانی: خیر، بات شروع کرتےہ یں ویب سیریز’ہیرامنڈی دی ڈائمنڈ بازار‘ کی کہانی کےبارے میں۔ بنیادی طور پر دیکھا جائےتویہ ملیکا جان(منیشا کوئرالا) کی کہانی ہے۔ کہانی کا مرکزیہ ہے کہ ملیکا جان لاہور کے اس کوٹھے پرکیسے آئی؟ ایک کہانی یہ بھی ہے کہ وہ یہاں کی سب سے طاقتورطوائف کیسے بنی؟ یہاں تک کہ اس کی بیٹیاں بھی اس کے غصے سے کانپتی ہیں۔ بڑی بیٹی ببو جان خفیہ طورپر انقلابیوں کی حمایت کر رہی ہے۔ دوسری بیٹی عالم زیب کی بغاوت اس کی شاعری کے حوالے سے ہے۔ اپنی غزل کے آخری شعر کو ’مطلع‘ نہ کہہ کر’آخری شعر‘ ہی کہنے والے شاعر نیازی کی محفل تک جا پہنچی چھوٹی بیٹی ہی ’ہیرامنڈی دی ڈائمنڈ بازار‘ کا بھنسالی کی تجوری سے نکلا اصلی ہیرا ہے۔ ان دونوں بیٹیوں کی محبت کی کہانی کے علاوہ لجو کی یک طرفہ محبت کی کہانی بھی ہے۔ شراب پی کر وہ بھی دیوداس کی طرح پاگل ہو گئی ہے۔ سب کچھ ملکا جان کے حساب سے ہی چل رہا ہوتا ہے کہ اس کے ماضی کا سایہ کروٹ لیتا ہے۔ اس کا پرانا گناہ نئے تیور میں اپنے پرانے روپ کے ساتھ فریدن بن کر لوٹ آتا ہے۔ کوٹھوں پرقبضے کی جنگ آزادی کی جنگ کا تڑکا ہے۔ نوابوں کے سرور کو پھینٹتا طوائفوں کا غرور ہے اور ایک ایسی اسکرپٹ ہے کہ جسے ایک مرتبہ دیکھنا شروع کردیں تو اس کا لطف آپ کو آخر تک رکنے نہیں دیتا۔ 
ادا کاری:ملکا جان کے کردار میں منیشا کوئرالہ، بیبو جان کے کردارمیں ادیتی راؤ حیدری اور وحیدن کےکردار میں سنجیدہ شیخ کی اداکاری آپ کا دل جیت لےگی۔ یہ سوناکشی سنہا کی دوسری ویب سیریز ہے،اس سے پہلے وہ’دہاڑ‘میں کام کر چکی ہیں، جس میںوہ ایک پولیس کے کردارمیں نظر آئی تھیں اور وہ وردی میں بہت اچھی لگ رہی تھیں۔ اس بار نہ صرف ان کا کردار بلکہ ان کا پورا رویہ بھی مختلف نظر آرہا ہے۔ بھنسالی نےسوناکشی کے کردار کو اس طرح سجایا ہے کہ آپ کو ان کی اداکاری سے پیارہو جائے گا۔ سیریز میں سوناکشی دو مختلف کرداروں میں نظر آ رہی ہیں، ان کے پہلے کردار کا نام ریحانہ ہے، جو کہ ملیکا جان کی بڑی بہن ہے، اور ان کے دوسرے کردار کا نام فریدن ہے، جو ریحانہ کی بیٹی ہے۔ سیریز کی کہانی ریحانہ اور ملیکا جان پر مبنی ہے۔ 
ہدایت کاری:اس میں کوئی شک نہیں کہ سیریز کی کہانی مضبوط ہے لیکن اس سیریز کے کچھ کمزور حصے بھی ہیں۔ اگر آپ سیریز دیکھنےبیٹھیں گے تو آپ کو لگے گا کہ کہانی بہت آہستہ چل رہی ہے، جس کی وجہ سے آپ یقیناً تھوڑا بوریت محسوس کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہی سیٹ بار بار آپ کی آنکھوں کے سامنے آتے رہیں گے، جس کی وجہ سے آپ کی آنکھیں تھوڑی تھکن محسوس کریں گی، وہیں بھنسالی نےخود اس سیریز میں میوزک دیا ہے، اس سے آپ کو اندازہ ہو سکتا ہے۔ سیریز میں میوزک کتنا دم دار ہوگا؟
نتیجہ:مجموعی طور پر، بھنسالی کی یہ ویب سیریز او ٹی ٹی صارفین کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے، جسے آپ یقیناً ایک بار دیکھنا پسند کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK