نوکیا کمپنی کے ذریعہ پیش کئے گئے اس فون کو گیمنگ کنسول آئوٹ فٹ میں منسلک کرکے گیمنگ کنسول میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، دیگر متعدد خصوصیات شامل۔
EPAPER
Updated: February 03, 2025, 12:51 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
نوکیا کمپنی کے ذریعہ پیش کئے گئے اس فون کو گیمنگ کنسول آئوٹ فٹ میں منسلک کرکے گیمنگ کنسول میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، دیگر متعدد خصوصیات شامل۔
اگرآپ کے سامنے ایچ ایم ڈی کمپنی کی بات کی جائے تو آپ کہیں گے کہ نہ جانے کس کمپنی کی بات کی جارہی ہے لیکن اگر آپ کے سامنے نوکیا فون کی بات کی جائے تو آپ یقیناً خوش ہوجائیں گے کیوں کہ اس برانڈ کے ساتھ آپ کی یادیں وابستہ ہیں۔ یہی وہ برانڈ ہےجو ہم اور آپ موبائل کے مارکیٹ میں آنے کے ابتدائی دور میں استعمال کیا کرتے تھے۔ ایک دور تھا کہ تقریباً ہرہاتھ میں نوکیا کا ہی فون نظر آتا تھالیکن سیمسنگ اور پھر ایپل کے موبائل مارکیٹ میں آنے اور نئی نئی ٹیکنالوجی پیش کرنے سے نوکیا کہیں پچھڑ گیا تھا۔ یہاں تک کہ ۲۰۱۴ء میں فن لینڈ کی اس کمپنی کے موبائل سیکشن کو مائیکروسافٹ کے ہاتھوں بیچنا پڑا۔ لیکن ۲۰۱۶ء میں کمپنی نے اپنا موبائل مارکیٹ مائیکروسافٹ سے دوبارہ خرید لیا۔ اور اب مارکیٹ پر دوبارہ چھانے کیلئے وہ کچھ ایسے تجربات کررہا ہے جس کے تعلق سے بچپن میں ہم سوچا ہی کرتے تھے۔ اس فون کو انتہائی انوکھے انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اس میں بنیادی فون ایسا نظر آتا ہے کہ اس کی تیاری مکمل ہونے سے قبل ہی اسےفیکٹری سےباہر مارکیٹ میں پیش کردیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ اس میں لگے ہوئے اسکریو بھی نظر آتے ہیں لیکن پیچھے کی باڈی کو آپ ایک کنیکٹر کے ذریعہ جوڑ کر ایک عام فون کی طرح استعمال کرسکتے ہیں۔ لیکن اگر آپ گیم کھیلنے کے شوقین ہیں تو پیچھے کی باڈی کی جگہ آپ گیمنگ کنسول منسلک کرسکتے ہیں جس سے وہ گیمنگ کنسول میں تبدیل ہوجائے گاجس میں آپ فزیکل بٹنوں اور جوائے اسکٹ کی مدد سے باقاعدہ گیم کھیل سکتے ہیں۔ اس کی دوسری اہم بات یہ بھی ہے کہ اس کے خراب ہونے پر آپ خود ہی اس کی مرمت بھی کرسکتے ہیں جس کیلئے آلات علاحدہ مل سکتے ہیں۔
قیمت
ایچ ایم ڈی فیوژن کی ہندوستان میں قیمت ۱۷؍ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے جو اسے چین سے آنے والے دیگر متعدد اسمارٹ فونز کے مقابلے میں کھڑا کرتا ہے۔
ڈیزائن
چونکہ اس میں ڈیزائن کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اس لئے بنیادی ڈھانچہ محض سیاہ رنگ میں دستیاب ہے۔ باڈی منسلک کرنے کے بعد آپ اس پر ٹی پی یو کور بھی لگاسکتے ہیں۔ اس کی باڈی میں رنگ لائٹ بھی دی جاتی ہےجسے آپ مختلف انداز میں استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی آپ اسے دیگر آئوٹ فٹ سے منسلک کرکے دیگر کئی طرح سے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
ڈسپلے
اس میں ۹۰؍ہرٹزریفریش ریٹ کے ساتھ۶ء۵۶؍انچ کا ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیاہے، جو گیمنگ، اسٹریمنگ وغیرہ کے دوران شانداراسے دیکھنے میں بہت عمدہ لگتاہے۔ گیمنگ آئوٹ فٹ اس فون کو حقیقی بٹنوں اور جوائے اسٹک کے ساتھ گیمنگ کنٹرولر میں بدل دیتاہے۔ ڈیجیٹل ٹربائن اور اپٹائیڈ کے ساتھ شراکت داری ایک وقف شدہ گیمنگ اسٹورآپ کو مختلف ایپ اور گیم انسٹال کرنے میں آسانی فراہم کرتےہیں۔
ہارڈ ویئر
اس فون میں اسنیپ ڈریگون ۴؍جنریشن ۲؍پروسیسر استعمال کیا گیا ہے۔ اس فون میں ۸؍جی بی ریم اور۲۵۶؍جی بی اسٹوریج کے دیا گیا ہے جس سے آپ آسانی سے ملٹی ٹاسکنگ کرسکتے ہیں۔ صارفین اسٹوریج کو بڑھابھی سکتے ہیں۔
کیمرے
اس تازہ ترین فون میں پیچھے کی جانب ۱۰۸؍ میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے۔ سیلفیز کے لیے، فون میں ۵۰؍میگا پکسل سیلفی کیمرہ ہے۔ فوٹو گرافی کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے، اس میں نائٹ موڈ ۳ء۰؍، اشاروں پر مبنی کنٹرولز اور کم روشنی کی اعلیٰ صلاحیتیں ہیں۔
بیٹری
ایچ ایم ڈی فیوژن میں ۵؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جو۳۳؍ واٹ فاسٹ چارجنگ کو سپورٹ کرتا ہے اور ایک ہی چارج پرعام استعمال تک چل سکتا ہے۔ فاسٹ چارجنگ کی مدد سے اسے محض ایک گھنٹے ۴۴؍منٹ میں پورا چارج کیا جاسکتاہے۔
ڈسپلے ۶ء۵۶؍انچ
پروسیسر اسنیپ ڈریگون۴؍جنریشن ۲؍
ریم ۸؍جی بی ریم
اسٹوریج ۲۵۶؍جی بی
آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ۱۴؍
کیمرے ۱۰۸؍میگاپکسل، ۵۰؍ سیلفی
بیٹری ۵؍ہزار ایم اے ایچ، ۳۳؍واٹ چارجنگ