• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آنر ۲۰۰ :عمدہ کیمرے اوردلکش ڈیزائن والا اسمارٹ فون

Updated: September 02, 2024, 12:01 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس فون میں ڈیزائن اور کیمرے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، پیچھے کی جانب ۵۰؍ میگا پکسل کے دواور ۱۲؍میگاپکسل کا ایک کیمرہ ہے، سیلفی کیلئے بھی ۵۰؍میگا پکسل۔

Honor 200 can be viewed from the front and back. Photo: INN.
آنر ۲۰۰؍آگے اور پیچھے سے دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

آنر ہندوستان میں اپنے پر پھیلانے کی کوشش کررہا ہے، جس کے تحت وہ اوسط درجے کے موبائل لانچ کررہا ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں اسی کوشش میں حال ہی میں آنر ۲۰۰؍ سیریز لانچ کی ہے۔ حالانکہ آنر ۲۰۰؍پرو، پریمیم زمرے کا فون ہے لیکن آنر ۲۰۰؍کو سخت مقابلے کا سامنا ہوسکتا ہے۔ 
قیمت
اس کمپنی کے نئے فون کی قیمت ۳۴؍ہزار ۹۹۹؍ روپےرکھی گئی ہے جس میں آپ کو ۸؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج کا متبادل ملتا ہے جبکہ دوسرے متبادل میں ۱۲؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج ملتا ہے جبکہ اس کی قیمت ۳۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے۔ آنر ۲۰۰؍ میں متاثر کن خصوصیات اور پریمیم ڈیزائن پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس فون میں کیمرے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جسے اسٹوڈیو ہارکورٹ کے ساتھ مل کر تیار کیا گیا ہے۔ یہ ایک فوٹوگرافی اسٹوڈیو ہے جو اپنے پورٹریٹ کیلئے مشہور ہے۔ 
ڈیزائن
آنر اپنے فون کے ڈیزائن پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔ اس کے فون اس قیمت میں کافی اسٹائلش اور منفرد نظر آتے ہیں جو کہ اس قیمت میں بہت ہی کم ملتے ہیں۔ پشت کی جانب لہریا ڈیزائن بہت دلکش معلوم ہوتی ہے اور کیمرے کا بیضوی ڈیزائن سونے پہ سہاگہ جیسا ہے۔ یہ ہاتھ میں پکڑنے میں بھی آرامدہ ہے حالانکہ اس کا فریم پلاسٹک کا بناہوا ہے جو عام طور پرزیادہ اچھا نہیں ہوتا۔ یہ فون ۷ء۷؍ ایم ایم موٹا ہے اور اس کا وزن بھی ۱۸۷؍گرام ہے۔ اس کے ڈیزائن کی محض ایک ہی خامی ہے کہ یہ پھسلتا ہےاس لئے آپ کو کور لگانا ہوگا۔ 
ڈسپلے
اس میں ۶ء۷؍انچ کا ۱ء۵؍کے امولیڈ کروڈ ڈسپلے دیا گیا ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ ۴؍ہزار نٹس کی برائٹ نیس دی گئی ہےجس کی وجہ سے اسے باہر سورج کی روشنی میں استعمال کرنا بھی آسان ہے۔ اس فون میں ۱۲۰؍ہرٹز کی اسکرین ریفریش ریٹ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس میں اسکرولنگ بہت عمدہ ہوتی ہے۔ 
سافٹ ویئر
آنر ۲۰۰؍ میجک او ایس ۸؍پر چلتا ہے جو اینڈرائڈ ۱۴؍کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔ یوزر انٹرفیس آسان ہے جس کی عادت آسانی سے پڑ جاتی ہےجبکہ اس میں خصوصیات اور کسٹمائزیشن بھی آسان ہے۔ کمپنی نے اس میں چند اے آئی فیچرز استعمال کرنے کا دعویٰ کیا ہح جیسے کہ میجک کیپسول، میجک پورٹل، میجک رنگ اور دیگر۔ کچھ خصوصیات کارآمد ہیں جبکہ دیگر چند زبانی جمع خرچ مولوم ہوتی ہیں۔ اس کا میجک پورٹل کارآمد فیچر ہے جس کی مدد سے آپ اپنا ٹیکسٹ، فوٹو اور ویڈیو کو آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جاسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ طویل پریس کے ذریعہ انسٹاگرام سے کوئی بھی متن کاپی کرسکتے جب تک کہ کونے میں نیلی روشنی نہ نظر آئے۔ اس کے بعد آپ آسانی سے اسے وہاٹس ایپ، جی میل یا نوٹس جیسے کسی بھی ایپ میں ڈریگ کرکے لے جاسکتے ہیں۔ 
کیمرہ
کیمرہ شاید اس کا سب سے مضبوط پہلو ہے۔ اس میں پیچھے کی جانب ۵۰؍میگاپکسل کا سونی آئی ایم ایکس ۹۰۶؍ کیمرہ سینسر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ۱۲؍میگا پکسل کا الٹرا وائڈ کیمرہ ہے۔ اس کے علاوہ ۵۰؍میگا پکسل کا سونی آئی ایم ایکس ۸۵۶؍پورٹریٹ کیمرہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آگے کی جانب سیلفی کیلئے ۵۰؍میگا پکسل کا سونی آئی ایم ایکس ۹۰۶؍ سینسر دیا گیا ہے۔ 
بیٹری
اس میں ۵؍ہزار ۲۰۰؍ ایم اے ایچ کی سلیکون کاربن بیٹری دی گئی ہےجسے ۱۰۰؍واٹ تک سوپر چارج کیا جاسکتاہے۔ آنر ۲۰۰؍ مارکیٹ میں دستیاب ان چند اسمارٹ فون میں سے ایک ہے جس میں سلیکان کاربن بیٹری استعمال کی گئی ہے۔ سلیکان کاربن بیٹری روایتی لیتھیم آئن بیٹری کے مقابلےکم جگہ میں زیادہ توانائی سمیٹ کر رکھ سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے فون کو پتلا بنایا جاسکتا ہےجبکہ اس میں بیٹری زیادہ سماسکتی ہے۔ 
ڈسپلے                  ۶ء۷ ؍انچ
پروسیسر               کوال کوم اسنیپ ڈریگون۷؍جنریشن۳؍
ریم                       ۸؍ اور ۱۲؍جی بی ریم
اسٹوریج               ۲۵۶؍ اور ۵۱۲؍جی بی
آپریٹنگ سسٹم        میجک او ایس۸؍، اینڈرائڈ ۱۴؍ کی بنیاد پر
کیمرہ                  ۵۰؍، ۱۲؍، ۵۰؍ اور۵۰؍میگاپکسل سیلفی
بیٹری                   ۵؍ہزار۲۰۰؍ ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK