اب آپ کو چکن کے کپڑے خریدنے کیلئے لکھنؤ جانے کی ضرورت نہیں بلکہ اپنے گھر پر بیٹھ کر ہی لکھنوی کپڑوں کا آرڈر دےکر منگواسکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 13, 2024, 11:19 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اب آپ کو چکن کے کپڑے خریدنے کیلئے لکھنؤ جانے کی ضرورت نہیں بلکہ اپنے گھر پر بیٹھ کر ہی لکھنوی کپڑوں کا آرڈر دےکر منگواسکتے ہیں۔
اترپردیش کا دارالحکومت لکھنؤ اپنے کھانوں اور کپڑوں کیلئے پوری دنیا میں شہرت رکھتا ہے۔ کھانے کے معاملے میں جہاں ٹنڈے کباب کو پوری دنیا میں جانا جاتا ہے تو کپڑوں کے معاملے میں لکھنؤ کی چکن کا بھی عالمی پیمانے پر چرچا ہے۔ چکن کے کپڑے ایک طویل عرصے سے استعمال کئے جارہے ہیں اور آج بھی ان کا شوق بڑے پیمانے پر لوگوں میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ اکثر لوگ چکن کے کپڑے خریدنے کیلئے ہی لکھنؤجاتے ہیں اوروہاں سے چکن کے کپڑے خرید کر لاتے ہیں۔ لیکن اب آپ کو چکن کے کپڑے خریدنے کیلئے لکھنؤجانے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ ممبئی ہی میں بلکہ اپنے گھر بیٹھے ہی چکن کے کپڑے خرید سکتے ہیں۔ جی ہاں چکن کے کپڑوں کیلئے ایک آن لائن اسٹور موجود ہے جس کا نام ہی ’ہائوس آف چکن کاری‘ہے۔ یہاں پر آپ ہر طرح کے چکن کے کپڑے خرید سکتے ہیں جن میں خواتین کے ساتھ مردوں کے کپڑے بھی شامل ہیں۔
ہاؤس آف چکن کاری
https://www.houseofchikankari.in/
کورونا کی وبا کے خلاف لگایا گیا لاک ڈائون جہاں کئی افراد کیلئے پریشانی اور بربادی کا باعث رہا تو کچھ لوگوں نے اسی پریشانی کے عالم میں اپنے لئے نئی راہیں تلاش کیں اور عسر میں یسر تلاش کیا۔ اسی طرح ماں بیٹی پونم راول اور آکرتی راول نے لاک ڈائون کے دوران چکن کے کپڑےبنانا شروع کئے۔ جنوری ۲۰۲۳ء ان کیلئے مزید آگے بڑھنے کا راستہ لے کر آیا جب انہوں نے شارک ٹینک انڈیا سیزن ۲؍ میں شرکت کی اوروہاں پر موجود ۵؍ میں سے ۴؍ ’شارکس‘ نے ان کے کام میں دلچسپی دکھائی اور ۲؍شارک یعنی ’بوٹ‘ کے سی ایم اور شریک بانی امن گپتا اورلینس کارٹ کے سی ای او اور شریک بانی پیوش بنسل نے ان سے ڈیل کی۔ اس طرح ان کے کاروبار کو مزید فروغ حاصل ہوا اورآج یہ مختلف انداز میں چکن کے کپڑے فروخت کررہے ہیں۔
خواتین کیلئے شاپنگ
یہاں بنیادی طور پر خواتین کیلئے شاپنگ کے تحت زیادہ متبادل موجود ہیں جبکہ مردوں کیلئے کچھ ہی آپشنز دستیاب ہیں۔ یہاں شاپنگ کیلئےکئی مناسبت سے شاپنگ کی جاسکتی ہے جیسے کہ آپ چاہیں توکیٹیگری کی مناسبت سے، تقریب کی مناسبت سے، کپڑے کی مناسبت سے، رنگ کی مناسبت سے اور قسم کی مناسبت سے شاپنگ کرسکتی ہیں۔ یہاں کیٹیگری میں کرتا، کرتا سیٹ، کو آرڈ سیٹ، باٹم ویئر، شارٹ کرتا، دپٹہ، انگرکھا، شرٹس، بغیر سلے ہوئے کپڑے اور ایکسیسریز کی مناسبت سے کپڑے چن سکتی ہیں۔ تقریب کی بات کی جائے تو چونکہ راکھی کا تہوار قریب ہے اس لئے راکھی ایڈٹ کا شہرہ کچھ زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ کام کاج پر جانا تو ہمیشہ کا کام ہوتا ہے اس لئےاس کیلئے علاحدہ قسم کے کپڑے یہاں ملتے ہیں جبکہ شادی ایک ایسی تقریب ہوتی ہے جو کبھی بھی پیش آسکتا ہے اس لئے شادی بیاہ کے کپڑوں کا الگ سے متبادل دیا گیا ہے۔ کپڑے کی مناسبت سے شاپنگ کرنا ہے تو آپ کو کاٹن، ململ، رایون، مسلن، آرگینزا، چندیری، کوٹا، سلک، جارجٹ، ویلویٹ اور اونی کپڑوں کا متبادل دستیا ہے۔ رنگوں میں یہاں سفید، سیاہ، پیلے، گلابی، نیلے، سرخ اور سبز رنگ کے کپڑے ملتےہیں۔ اس کے بعد کپڑوں کی قسم میں پھولوں کے پرنٹ اور سالڈ کلر یعنی یک رنگی کپڑے یہاں دستیاب ہیں۔
مردوں کیلئے شاپنگ
جیسا کہ پہلے کہا گیایہاں خواتین کیلئے زیادہ متبادل ہیں لیکن مردوں کافی کم ہیں۔ یہاں مردوں کیلئے کرتا، کرتا سیٹ، شرٹ، شارٹ کرتا، اور باٹم ویئر ملتے ہیں جبکہ کپڑے میں سلک، کاٹن، جارجٹ اور رایون کے متبادل ہی یہاں دستیاب ہیں۔