• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

برف باری کا لطف لینا ہے ، ہماچل کی سیر کیجئے

Updated: November 22, 2023, 10:23 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

ہماچل پر دیش میں خوبصورت پہاڑیوں کے سلسلے ہیں ،وادیاں ہیں ، بر ف سے ڈھکے مقامات ہیں جو آپ کے سفر کو یاد گار بنائیں گے۔

A view of Manali`s Solang Valley. Photo: PTI
منالی کی سولانگ ویلی کا ایک منظر۔ تصویر : پی ٹی آئی

ہماچل ہم اور اچلا کا مرکب ہے۔ ہِم کا مطلب برف ہے جبکہ اچلا کے معنی پہاڑی کے ہوتے ہیں۔ اس طرح ہماچل کے لفظی معنی برف کی پہاڑی کے ہیں ۔ آپ سکون سے کچھ وقت یہاں گزار سکتے ہیں ۔ ہماچل پردیش کے سیاحتی مقامات میں راحت، سکون، تازگی اورہریالی ہے۔ ایڈونچر کےمواقع ہیں ۔ یہاں آکر آپ خوشگوارر لمحات گزار سکتے ہیں۔ برف پوش پہاڑیاں اور وادیاں آپ کے سفر کو یادگار بنائیں گی۔ ہماچل پردیش شمالی ہندوستان کا سب سے پسندیدہ پہاڑی علاقہ ہے جو اپنے انتہائی دلفریب اور پر فضا مقامات کیلئے مشہور ہے۔ پہاڑوں کی ایک الگ دنیا ہے۔ خوبصورت نظارے اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں اور آپ کے ذہن کو روزمرہ کی پریشانیوں سے آزاد کر دیتے ہیں۔ یہاں تبتی ثقافت کی جھلک دکھائی دیتی ہے جو آپ کو مسحور کر دے گی۔ منفرد مذہبی مقامات سے الگ طرح کا سکون ملے گا۔ آپ یہاں ٹریکنگ ،اسکیٹنگ اور کوہ پیمائی وغیرہ کے ذریعے بھی اپنے سفر کو دلچسپ بنا سکیں گے۔ ہماچل پردیش کے سیاحتی مقامات میں کوئی بھی مقام آپ کو مایوس نہیں کرے گا،ہر مقام پر جاکر آپ کو ذہنی سکون ملےگا جن میں  سے ایک چوڑدھار ہے۔ ہماچل پردیش کے ضلع سرمور کی سب سے اونچی چوٹی ہے۔ چوڑدھار پر برف باری ہوتے ہی بھیڑ بڑھ جاتی ہے۔ رواں سیزن میں اب تک کئی بار چوٹی پر برف پڑ چکی ہے۔چوڑدھار کی چوٹی پر تازہ برف باری کے سبب گرد و نواح کے علاقے بھی سردی کی زدمیں آگئے ہیں۔ چوٹی پر برف باری اور گرتے ہوئے درجہ حرارت کے درمیان بھی عقیدتمند پرجوش ہیں ۔ملک کے کونے کونے سے عقیدت مند بھولے بابا کے درشن کیلئے چوڑدھارا چوٹی پر پہنچ رہے ہیں ، حالانکہ خراب موسم کی وجہ سے عقیدتمندوں کو چوڑدھار کی طرف نہ بڑھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ہماچل کے دارالحکومت اور سیاحتی شہر شملہ میں برف باری کا آغاز ہوچکا ہے۔سرد ہواؤں کی وجہ سے پوری ریاست سردی کی زد میں ہے۔ عام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ دوسری طرف سیاحت کے عروج پر آنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ شملہ کے آس پاس کی پہاڑیوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جو سیاحوں کیلئے کشش کا سبب ہے۔
 جاکھو مندر سمیت شملہ ریج اور مال روڈ پر برف باری کا آغا ز ہوچکا ہے۔ بر ف باری سے سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ ضروری اشیاء کی سپلائی پر بھی اثر پڑتا ہے، بسیں پھنس جاتی ہیں۔ طویل انتظار کے بعد شملہ شہر میں سیاحوں کو برف باری دیکھنے کو ملی ہے جس سے سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ سیاح برف باری میں انجوائے کررہے ہیں اور اٹکھیلیاں کر رہے ہیں۔ 
 شملہ کی سیر کیلئے آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ یہ مقام ان کیلئے کسی جنت سے کم نہیں ۔ وہ برف باری کی امید میں شملہ آئے تھے جو پوری ہوگئی۔ کیلانگ ، کلپا ، کپھری ، شملہ ، ڈلہوزی منالی ، جبڈ ہاٹی، سولن، دھرم شالا، بھونتر،پالم پور، چمبا ، سندر نگر اور منڈی اونا میں وغیرہ میں  بھی سیاحوں کی بھیڑ ہے۔ 
 ہماچل پردیش میں برف باری سیاحت کے کاروبار کیلئے ’فال نیک‘ ثابت ہوتی ہے۔ہر سال موسم سرما کے سیاحتی موسم میں برف باری کے بعد ہماچل میں سیاحوں کی بھیڑ ہوتی ہے۔ ملک بھر سے سیاح کلو-منالی، شملہ-نارکنڈہ اور لاہول-اسپتی میں برف باری کا لطف لیتے ہیں ۔ کرسمس اور نئے سال پر ہماچل میں برف باری کے دوران ریکارڈ تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔ 
  فیڈریشن آف ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس اسوسی ایشن آف ہماچل کے صدر گجیندر سنگھ ٹھاکر نے بتاتےہیں کہ درگا پوجا اور دیوالی پر بنگال اور گجرات سے سیاحوں کی بہت کم تعداد ہماچل پہنچتی ہے۔ تازہ ترین برف باری کے بعد سیاحوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔ اگر کرسمس اور نئے سال پر برف باری ہوتی ہے تو ریاست میں سیاحت کے کاروبار میں تیزی آئے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK