• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی۲؍: بدعنوانی کے خلاف لڑنے والے شخص کی کہانی

Updated: July 20, 2024, 12:01 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

تقریباً ۳۰؍سال قبل ریلیزہونے والی کمل ہاسن کی فلم’ہندوستانی‘ کا دوسرا حصہ کورونا کی وجہ سے تاخیر سے ہی سہی لیکن اب ریلیز ہوگیا ہے۔

Kamal Haasan and others can be seen in a scene from the movie Hindustani 2. Photo: INN
فلم ہندوستانی ۲؍ ‘ کے ایک منظر میںکمل ہاسن اور دیگرکو دیکھاجاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی ۲(Hindustani 2)
اسٹار کاسٹ : کمل ہاسن، سدھارتھ، رکل پریت سنگھ، ایس جے سوریا، بابی سمہا، ویویک، برہمانندن، پریا برہمانندن
 ڈائریکٹر :ایس شنکر 
رائٹرس: جی چندرشیکھر، ایس شنکر
پروڈیوسر:ادے ندھی اسٹالن، اے سباسکرن، سید زید علی، زوہیب علی، علیم علی، محبوب باوا، الا بلایا، ظفر خان
سنیماٹوگرافی:روی رمن 
 موسیقی:انیرودھ روی چندر
 ایڈیٹنگ :سریکر پرساد 
آرٹ ڈائریکٹر:متھوراج
کاسٹنگ:وشال آنند، مونیکا کورٹیز، ارجن سنگھ کشواہا
میک اپ:سریش موہنتی، گیگ منسٹر، پٹنم رشید
ریٹنگ: ***
 تقریباً ۳؍دہائی قبل یعنی ۱۹۹۶ءمیں ریلیزہونے والی سپر اسٹار کمل ہاسن کی فلم ’انڈین‘ (جسےہندی میں ’ہندوستانی‘کے نام سے ریلیز کیا گیا تھا)کو بہت پسند کیاگیا تھا۔ حالیہ دنوں میں سیکوئل فلموں کےرجحان کو دیکھتے ہوئے کمل ہاسن اور فلم کے ہدایت کار شنکر نے بھی ’انڈین‘کےسیکوئل کی منصوبہ بندی کی۔ تاہم کووڈ اور دیگر مسائل کی وجہ سےاس فلم کو ریلیزکرنے میں کافی وقت لگا۔ کمل ہاسن اور شنکر کو اپنی فلم کےبارے میں اتنا یقین ہے کہ انہوں نے’انڈین۲‘ کے ساتھ ہی ’ انڈین۳‘ کی بھی منصوبہ بندی کرلی تھی۔ اس کی اگلی فلم یعنی ’انڈین۳‘ اگلےسال ریلیز کی جائے گی۔ یہ دلچسپ بات ہے کہ کرپشن کے خلاف جدوجہدکرنے والے عام آدمی کو انصاف فراہم کرنے والے مسیحاکے موضوع پر گزشتہ سال ریلیز ہونےوالی شاہ رخ خان اور تمل ہدایتکار ایٹلی کی فلم ’جوان‘سوپر ڈوپرہٹ رہی تھی۔ اب کمل ہاسن کی ’انڈین۲‘ بھی اسی تھیم پر آئی ہے، لیکن اس کا جادو اتنا نہیں چل سکا جتنا کہ شاہ رخ خان کی فلم کو پسند کیا گیا تھا۔ 
فلم کی کہانی
 فلم ’ہندوستانی۲‘کی کہانی موجودہ وقت میں پہلی فلم ’ہندوستانی‘ کےتقریباً۳؍دہائیوں بعد سے ہی شروع ہوتی ہے۔ فلم میں، ایک نئےدور کا نوجوان چترا اروِندن (سدھارتھ) اپنے دوستوں کے ساتھ انٹرنیٹ پر ویڈیوزکے ذریعے بدعنوان سیاستدانوں اور افسروں کےخلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ لیکن جب وہ ہمت ہارجاتا ہے تو اسے ہندوستانی یاد آتا ہے اور انٹرنیٹ پر اس کی واپسی کے لیے مہم شروع کر دیتاہے۔ نتیجے کے طور پر، کمانڈر، جو ایک طویل عرصے سے تائپے (تائیوان) میں رہ رہا ہے، اس جنگ کو آگے بڑھانے کے لیے ہندوستان لوٹ آتا ہے۔ 
 درحقیقت، اس دوران ہندوستانی ملک سے فرار ہونے والے گھوٹالے بازوں کو سبق سکھا رہے تھے۔ اس بار اس لڑائی میں کمانڈر کےساتھ چترا اراوِندن سمیت تمام نوجوان ساتھی موجود ہیں۔ لیکن پھرمعاملات مختلف موڑ لے لیتے ہیں۔ کیا سینا پتی بدعنوان سیاستدانوں کو سبق سکھا کر عام لوگوں کو بدعنوانی سے نجات دلانے کی اپنی جنگ میں کامیاب ہو پائے گا؟یہ جاننے کے لیے آپ کو سنیما ہال جانا پڑے گا۔ 
ہدایت کاری
 فلم کےہدایت کار شنکر کو تقریباً۳؍دہائیوں کے بعد ایک ایسے ہیروکی مدد سے سینما اسکرین پر کچھ نیا پیش کرنے کا چیلنج درپیش تھا جو اپنی عمرمیں بہت بوڑھا تھا، جس میں وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ خاص طور پر فلم کی کہانی اور اسکرین پلے مضبوط نہیں ہیں۔ یہ درست ہے کہ اگرکرپشن ۳؍ دہائیوں پہلے ایک زخم تھا تو اب ناسور بن چکا ہے۔ اس لیےاس سلگتے مسئلے پر بنی یہ فلم شروع سے ہی ناظرین سے جڑتی ہے۔ لیکن فلم وقفے سے پہلے بہت سست ہوجاتی ہے۔ 
 فلم کی کہانی دوسرے ہاف میں اتنا جوش و خروش پیدا نہیں کرتی ہے۔ تقریباً۳؍ گھنٹے طویل اس فلم کو ایڈیٹنگ کی میز پر تھوڑا ساچست کیاجا سکتا تھا۔ تاہم فلم کلائمکس میں ایک دلچسپ موڑ آتا ہے اور وہیں پرفلم ختم ہوتی ہے۔ جیساکہ فلم بنانے والےپہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ اس کا سیکوئل اگلے سال ریلیزکیاجائے گا۔ اس لیے کہانی ادھوری رہ گئی ہے۔ فلم کے ہندی ڈب شدہ ورژن میں ڈبنگ اور سب ٹائٹلز میں بہت سے مسائل ہیں۔ 
اداکاری
 کاسٹ کی بات کریں تو’ہندوستانی۲‘ کو مکمل طور پر کمل ہاسن کی فلم کہنا غلط نہیں ہوگا۔ کمل ہاسن نے کمزور کہانی کو اپنے کندھوں پر لےکر فلم کو آگے بڑھانے کی پوری کوشش کی ہے۔ دوسری جانب سدھارتھ نےبھی اس فلم میں شاندار کام کیا ہے۔ فلم کے باقی اداکاروں نےاپنے اپنے کردار کے مطابق بہترین اداکاری کی ہے۔ فلم کاکیمرہ، سینماٹوگرافی اور بیک گراؤنڈ سکور اس میں جان ضرور ڈال دیتےہیں لیکن میوزک کچھ خاص نہیں ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ کمل ہاسن کےپرستارہیں اور بدعنوانی سے پریشان ہیں توآپ یہ فلم دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK