• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انفنکس نوٹ۴۰؍۵؍ جی: کم قیمت میں ایک عمدہ فون

Updated: July 08, 2024, 12:34 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

۲۰؍ہزار کے اس فون میں وائر لیس چارجنگ کی سہولت دی گئی ہے، ڈسپلے بھی کافی بڑا ہے، میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۰۲۰؍پروسیسر استعمال کیا گیا ہے۔

In the first picture, different colors of Infinix Note 40 can be seen, while in the second picture, different things found in its box can be seen. Photo: INN
پہلی تصویر میں انفنکس نوٹ ۴۰؍ کے مختلف رنگ جبکہ دوسری تصویر میں اس کے بکس میں ملنے والی مختلف چیزیں دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر : آئی این این

انفنکس ایک ایسا برانڈ ہے جس کے اوسط قیمت اور کم قیمت کے فون آن لائن دستیاب ہوتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہے کہ اس کے فون محض آن ہی دستیاب ہوں بلکہ اب اس کے فون بڑی تعداد میں آف لائن بھی خریدے جاسکتے ہیں۔ اس کے ذریعہ گزشتہ ماہ ہندوستان میں لانچ کیا گیا انفنکس نوٹ ۴۰؍ ۵؍جی فون ایک بجٹ یعنی کم قیمت میں ملنے والا فون ہے۔ اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ کم قیمت میں دستیاب اس فون میں وائر لیس چارجنگ کی سہولت دی گئی ہے۔ اتنی کم قیمت میں یہ سہولت پہلی مرتبہ دستیاب کی گئی ہے۔ 
قیمت
 ہندوستان میں اس کا ایک ہی متبادل دستیاب ہے جس میں ۸؍ جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے۔ اس کی قیمت ۱۹؍ہزار ۹۹۹؍ یعنی تقریباً ۲۰؍ہزار روپے ہے۔ 
ڈیزائن
 یہ فون پوری طرح پلاسٹک سے بنایا گیا ہے جس میں پیچھے کی جانب میٹ فنش ہےجس میں چمک نظر آتی ہے۔ اس کا فریم گلوسی ہے جس میں انگلیوں کے نشان پڑسکتے ہیں۔ اس میں آگے کی جانب آپ کو بڑاسا ڈسپلے ملے گا جس کا بیزل بہت باریک ہے اور چاروں جانب سے یہ مڑا ہوا ہے۔ آواز بڑھانے اور کم کرنے کےعلاوہ اسے آن اور آف کرنے کے بٹن آپ کو دائیں جانب، سم کارڈ ٹرے بائیں جانب، مائک اور آئی آر بلاسٹر اوپر کی جانب اور دوسرا مائک، اسپیکر اوریو ایس بی ٹائپ سی پورٹ نیچے کی جانب ملے گا۔ آگے کی جانب اوپر ایک کونے میں فلیش بھی دیا گیا ہے جسے رات کے وقت سیلفی لینے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ 
ڈسپلے
 اگر آپ باریک بیزل کے ساتھ بڑا اسکرین پسند کرتے ہیں تو آپ کو اس کا ۶ء۷۸؍ انچ والا اسکرین ضرور پسند آئے گا۔ حالانکہ اس میں آپ کو گوریلا گلاس کی مضبوطی نہیں ملتی، لیکن اس کے بکس میں آپ کو ٹیمپرڈ گلاس دیا جاتا ہے۔ 
 اس فون میں ایل ٹی پی ایس امولیڈ پینل استعمال کیا گیا ہے جو ۱۲۰؍ہرٹز کا ریفریش ریٹ، فل ایچ ڈی پلس ریزولیوشن، ۱۳۰۰؍ نٹ کی برائٹ نیس والا ڈسپلے دیا گیا ہے۔ اس کا ڈسپلے کمرے کے اندر کافی برائٹ نظر آتا ہے اور براہ راست سورج کی روشنی میں بھی اچھی طرح کام کرتا ہے۔ 
سافٹ ویئر
 یہ فون اینڈرائیڈ ۱۴؍پر مبنی ایکس او ایس پر کام کرتا ہے اور اس میں زیادہ بلوٹ ویئر بھی نہیں ہے۔ اس میں چند ایپ پہلے سے انسٹال کئے ہوئے آتے ہیں لیکن ان میں اشتہارات نہیں آتے۔ آپ ان تمام سافٹ ویئر کو ان انسٹال بھی کرسکتے ہیں۔ 
 اس میں فولیکس نامی وائس اسسٹنٹ دیا گیا ہے جوگوگل اسسٹنٹ کی طرح آپ کو الارم ریمائنڈر، سوالوں کے جواب دینے، ایپ لانچ کرنے جیسے کام کرتا ہے۔ کمپنی نے ۲؍سال تک اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ اور ۳؍سال تک سیکوریٹی پیچ فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ 
ہارڈ ویئر
 اس فون میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۰۲۰؍ایس او سی کا پروسیسر استعمال کیا گیا ہے جسے زیادہ اچھا پروسیسر قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس کے ساتھ ۸؍جی بی کی ریم استعمال کی گئی ہے جسے ورچوئل طریقے سے مزید ۸؍جی بی تک بڑھایا جاسکتاہے۔ اس فون پر ملٹی ٹاسکنگ بھی کی جاسکتی ہے۔ 
اسپیکر
 اس فون میں ہائبرڈ ڈوئل اسپیکر استعمال کئے گئے ہیں جن کے تعلق سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ جے بی ایل کے ہیں۔ ان میں آواز کافی تیز آتی ہے لیکن اس میں باس نہیں ہے۔ آئوڈیو اور ویڈیو دونوں قسم کے کال میں مائیکروفون سے اچھی آواز نکلتی ہے۔ 
کیمرہ
 حالانکہ اس فون کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے اس میں ۳؍کیمرے استعمال کئے گئے ہیں لیکن ان میں ایک ہی سینسر قابل استعمال ہے۔ کیمرہ ایپ میں دیگر سینسر قابل استعمال نہیں ہیں اور انہیں بنیادی طور پر تصویر میں گہرائی حاصل کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔ کیمرہ ایپ استعمال کرنا آسان ہے اور تمام موڈ سامنے ہی پیش کئے گئے ہیں۔ پیچھے کی جانب موجود پرائمری کیمرہ دن کی روشنی میں اچھی تصویر کھینچتا ہے۔ ایچ ڈی آر اور وہائٹ بیلنس بھی عمدہ ہے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے کیمرے سے ۳؍گنا زوم کرکے تصویر کھینچی جاسکتی ہے۔ دن کی روشنی میں سیلفی کیمرے سے بھی اچھی تصویر کھینچی جاسکتی ہے لیکن وہ پچھلے کیمرے جیسی عمدہ نہیں ہوتی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK