• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انفنکس زیرو۴۰؍، ۵؍جی: ’وی لاگرس‘ کیلئے عمدہ فون

Updated: November 04, 2024, 2:43 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

۱۰۸؍میگاپکسل کیمرہ اور ۵۰؍میگاپکسل الٹرا وائڈ کیمرہ دیا گیا ہے، سیلفی کیلئےبھی۵۰؍میگا پکسل کیمرہ ہے، تمام کیمروں سے’فورکے‘ویڈیو ریکارڈنگ ممکن۔

In this image, the Infinix Zero 40, 5G can be seen from the front and its available colors. Photo: INN.
اس تصویر میں انفنکس زیرو ۴۰؍، ۵؍جی کو آگے سے اور اس کے دستیاب رنگ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

آج ہم آپ کے سامنے چین کی مشہور کمپنی انفنکس کے ایک اسمارٹ فون کی تفصیل لے کر حاضر ہوئے ہیں جس کا نام انفنکس زیرو ۴۰؍، ۵؍جی ہےلیکن یہ خصوصیات کی بنیاد پر زیرو یعنی صفر نہیں ہے بلکہ اس میں چندایسی خصوصیات بھی شامل ہیں جو دیگر کسی فون میں دیکھنے کو نہیں ملتیں۔ اس کی سب سے اہم خوبی یہ ہے کہ اس میں پرائمری، الٹرا وائڈ اورسیلفی کیمرے سے بھی ’فورکے‘ ویڈیو بنایا جاسکتاہے۔ اس کے علاوہ اس میں پیچھے کی جانب ۵۰؍میگا پکسل کا الٹرا وائڈ کیمرہ دیا گیا ہے۔ اور یہ پہلا انفکنس فون ہےجو اپنے خود کے اے آئی یعنی انفنکس اے آئی کے ساتھ لانچ کیا گیا ہے۔ کمپنی اس فون کو ویڈیو ریکارڈنگ کی خصوصیات کےساتھ اسے ’وی لاگنگ‘ کیلئےبہترین فون کے طور پر پیش کررہی ہے۔ 
قیمت
ان تمام عمدہ خصوصیات کے ساتھ اس فون کی قیمت ۲۷؍ہزار ۹۹۹؍روپے رکھی گئی ہے۔ 
ڈیزائن
ڈیزائن کے معاملے میں کمپنی نے بہت عمدہ کام کیا ہے۔ اس فون کےدائیں اور بائیں جانب کنارے بیضوی اور اوپر اور نیچے مسطح ہیں جس کی وجہ سے اسے پکڑنا آسان اور ایک ہاتھ سے استعمال کرنا بھی آسان ہوجاتا ہے۔ پیچھے کی جانب بڑا سا دائرہ بنایا ہے جس میں اس کے کیمرے موجود ہیں۔ بیضوی کناروں کی وجہ سے وہ مزید پتلا نظر آتا ہے۔ اس کے بائیں جانب کچھ بھی نہیں ہے جبکہ دائیں جانب پاور اور والیوم بٹن دیئے گئے ہیں جبکہ نیچے کی جانب یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ، ایک لائوڈ اسپیکر، ایک مائیکروفون اور سم کارڈ ٹرے دیا گیا ہے۔ او پر کی جانب انفراریڈ (آئی آر)بلاسٹر، ایک اور مائیکروفون اور اسپیکر کی گرِل دی گئی ہے۔ 
ڈسپلے
انفنکس زیرو ۴۰؍، ۵؍جی میں ڈسپلے مڑا ہوا اور پتلا ہے اور بیزل بھی چاروں جانب یکساں ہےجس سے اسکرین کا باڈی سے تناسب ۹۳ء۴؍فیصد بن جاتا ہے۔ اس میں ان ڈسپلے فنگر پرنٹ اسکینر دیا گیا ہے۔ نیچے ہونے کے باوجود یہ عمدہ کام کرتا ہے۔ 
سافٹ ویئر
اس میں اینڈرائڈ ۱۴؍کی بنیاد پر بنایا گیا ایکس او ایس ۱۴ء۵؍ آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔ اس میں بہت سارے پری انسٹال ایپس آتے ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر کو ان انسٹال بھی کیا جاسکتاہے۔ یوزر انٹرفیس آسان اور عمدہ اینی میشن کے ساتھ دیا گیا ہے۔ انفنکس اے آئی سوٹ کے تحت اس میں کئی اے آئی خصوصیات دی گئی ہیں۔ اس کے گیلری ایپ میں اے آئی ایریزر دیا گیا ہے جس سے آپ تصویر میں سے غیر ضروری چیزیں مٹا سکتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ کبھی کبھی یہ ایک ہی مرتبہ میں کسی چیزکو ہٹا دیتا ہے تو کبھی کئی مرتبہ کوشش کرنے کےبعد نتیجہ حاصل ہوتا ہے۔ دیگر خصوصیات میں اسمارٹ کٹ آئوٹ ہے جس سے آپ کسی تصویر میں سے کٹ آؤٹ آسانی سے نکال سکتے ہیں جبکہ اے آئی ولاگ کی مدد سے آپ گیلری کی ۲۰؍تصویروں سے عمدہ ولاگ بناسکتے ہیں۔ اسمارٹ سرچ کی مدد سے آپ گیلری میں سے کسی بھی تصویر کو محض اس کی تفصیل لکھ کر سرچ کرسکتےہیں۔ 
ہارڈ ویئر
اس میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۸۲۰۰؍الٹی میٹ چپ سیٹ استعمال کی گئی ہے جو روز مرہ کے کام کرنے کیلئے عمدہ ہے۔ جبکہ ملٹی ٹاسکنگ اور گیمنگ میں بھی کوئی دقت نہیں آتی۔ اس فون میں ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی یا ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے۔ 
کیمرہ
انفنکس اس فون کو ویڈیو ریکارڈنگ خصوصیات کے نام پر بیچنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ اسے ولوگنگ فون قرار دیا جارہا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اس قیمت میں پرائمری، الٹراوائڈ اور فرنٹ کیمرہ کے ذریعہ ۴؍کے، ۶۰؍ایف پی ایس ریکارڈنگ کی سہولت دینے والا پہلا فون ہے۔ لیکن اس میں اسٹیبلائزیشن یعنی استحکام کی کمی محسوس کی جاسکتی ہےیعنی ۴؍کے ویڈیو زیادہ مستحکم نہیں رہتا۔ 
ڈسپلے                       ۶ء۷۸؍انچ 
پروسیسر                   ڈائمنسٹی ۸۲۰۰
ریم                            ۱۲؍جی بی ریم
اسٹوریج                    ۲۵۶؍ اور ۵۱۲؍ جی بی کا متبادل
آپریٹنگ سسٹم             اینڈرائڈ ۱۴؍پر مبنی ایکس او ایس ۱۴ء۵
کیمرے                     ۱۰۸؍، ۵۰؍ اور ۲؍میگاپکسل، ۵۰؍ سیلفی
بیٹری                       ۵؍ہزار ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK