عمدہ پروسیسر کے ساتھ دیگرہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر اعلیٰ معیار کا ہے، کئی اے آئی فیچرز بھی شامل کئے گئے ہیں جو آپ کا کام آسان بناتے ہیں۔
EPAPER
Updated: December 16, 2024, 2:20 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
عمدہ پروسیسر کے ساتھ دیگرہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر اعلیٰ معیار کا ہے، کئی اے آئی فیچرز بھی شامل کئے گئے ہیں جو آپ کا کام آسان بناتے ہیں۔
فلیگ شپ اسمارٹ فون کا سیزن شروع ہو چکا ہے، اور اسی کے تحت ہندوستان میں آئی کو ۱۳؍ (iQOO 13 )کی انٹری ہوئی ہے، جو اسنیپ ڈریگون ۸؍ایلیٹ چپ سیٹ کےساتھ آتا ہے۔ یہ فون اس نئے چپ سیٹ کےساتھ نہ صرف بہترین کارکردگی پیش کرتا ہے بلکہ اس میں۶؍ہزار ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری،۱۴۴؍ہرٹز کا۲؍ کےڈسپلے اور کچھ دیگر فلیگ شپ لیول فیچرزبھی ہیں۔پچھلے سال کےآئی کو ۱۲؍کے مقابلے آئی کونےکیمرے کے سیٹ اپ میں تبدیلیاں کی ہیں۔ اس بار مرکزی سینسرقدرےچھوٹاہے، اور۳؍ ایکس پیرسکوپ لینس کو۲؍ ایکس ٹیلی فوٹو لینس سے بدل دیا گیا ہے۔
قیمت
یہ فون ہندوستان میں۲؍اسٹوریج ویرینٹ میں آیا ہے، جس کی قیمتیں۵۴؍ہزار ۹۹۹؍سےشروع ہوتی ہیں۔اس قیمت میں آپ کو ۱۲؍ جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج ملتا ہے جبکہ ۵۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپےمیں دستیاب دوسرے متبادل کے تحت آپ کو ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج مل جاتا ہے۔ آپ اسے۲؍رنگوں لیجنڈ (سفید) اور نارڈو گرے (گرے) میں خرید سکتے ہیں۔
ڈیزائن
آئی کو ۱۳؍کا ڈیزائن پہلی نظرمیں آئی کو ۱۲؍کی یاد دلاتا ہے، حالانکہ اس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں، جو اسے بہتر اور اس سے مختلف بناتی ہیں۔ سب سے پہلے، اگر ہم اس کی مماثلت کے بارے میںبات کریں، تو اس کا ڈسپلے فلیٹ ہے، اور کیمرہ ماڈیول کو اوپر بائیں جانب ایک مربع شکل اور گول کناروں پر دیا گیا ہے۔اس میں پچھلے پینل پر۳؍رنگوں کا اینمل گلاس ایک پریمیم تجربہ دیتا ہے۔
سافٹ ویئر
آئی کو ۱۳؍ میں فن ٹچ ۱۵؍ ہے جو اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی ہے۔یہ بہت سی نئی خصوصیات، ڈیزائن ٹویکس اور کارکردگی میں کچھ بہتری کےساتھ آتا ہے۔نیا او ایس کچھ نئےحسب ضرورت آپشنز کا اضافہ کرتاہے، جیسے کہ نئے کسٹم اور لائیو وال پیپرز جو ہمیشہ آن ڈسپلے سے ہوم اسکرین پر آسانی سے منتقلی کی اجازت دیتے ہیں۔
ہمیشہ آن ڈسپلے (آلویز آن ڈسپلے)بھی پہلے سے بہت کافی بہترہےجس میں بڑے ویزوئل اور’بیوٹی آف ہیومینٹی‘سیکشن میں دو نئےانداز دیئے گئے ہیں۔لیکن جہاں ایک طرف یہ نئی تبدیلیاں اچھی لگ رہی ہیں، وہیں دوسری طرف اے او ڈی میں نوٹیفکیشن کیلئے ڈسپلےصرف۳؍ ایپس تک محدود ہے، اور یہ حد یہاں اچھی نہیں لگتی۔
اے آئی فیچر
اے آئی فوٹو انہانس نامی فیچر تصاویرکوواضح بناتا اور رنگوں کی خوبصورتی کو بڑھاتا ہے۔انسٹنٹ ٹیکس کے ساتھ آپ متن کو تصاویر سےالگ کر سکتے ہیں۔جبکہ انسٹنٹ کٹ آئوٹ آپ کی تصویر کوپس منظرسےالگ کرنے یا کاٹ آئوٹ کردیتا ہے اور یہ زیادہ تر کافی اچھا کام کرتا ہے۔سرکل ٹوسرچ فیچرکے تحت آپ کسی بھی چیز کے گرد دائرہ بناکر اس کے تعلق سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ اے آئی اسکرین ٹرانسلیشن بھی ہے، لیکن اسے چالو کرنے کے لیے کئی مراحل کی ضرورت ہوتی ہے اور آپ اسے براہ راست سائڈبار میں نہیں لا سکتے۔ اس میں گوگل جیمنی بھی ملے گا۔
ہارڈ ویئر
کارکردگی کے لحاظ سے، آئی کو ۱۳؍بہت طاقتور ہے۔ یہ اسنیپ ڈریگن۸؍ ایلیٹ سےلیس ہے، جو۳؍ این ایم پروسیس پر ڈیزائن کیا گیاہے، جس کی کلاس اسپیڈ اچھی ہے۔ اس میں۲ x۴ء۳۲؍گیگا ہرٹز اور۶x۳۵۳؍ گیگا ہرٹز کور ہے۔ اس کے ساتھ اس میں ۱۲؍ اور ۱۶؍ جی بی کا الٹرا ریم(۹ء۷؍جی بی پی ایس)اور۵۱۲؍جی بی تک اسٹوریج ہے۔
کیمرے
اس میں ٹرپل رئیر کیمرے اور ایک فرنٹ کیمرہ ہے، جس میں مرکزی کیمرہ ۵۰؍میگا پکسل کا سونی آئی ایم ایکس ۹۲۱؍کیمرہ ہے، الٹرا وائڈ کیلئے بھی ۵۰؍میگا پکسل کا سیمسنگ آئیسوسیل کیمرہ، ٹیلی فوٹو لینس کے طور پر بھی ۵۰؍میگا پکسل کا سونی آئی ایم ایکس ۸۱۶؍ کیمرہ استعمال کیا گیا ہے جبکہ آگے کی جانب سیلفی کیلئے ۳۲؍میگا پکسل کا گلیکسی کور جی سی ۳۲؍ای ون کیمرہ استعمال کیا گیا ہے۔
ڈسپلے: ۶ء۸۲؍انچ
پروسیسر: اسنیپ ڈریگن ۸؍ایلیٹ
ریم: ۱۲؍ اور۱۶جی بی ریم
اسٹوریج: ۵۱۲؍جی بی
آپریٹنگ سسٹم: اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی فن ٹچ۱۵
کیمرے: ۵۰؍،۵۰؍ اور۵۰؍میگاپکسل،۳۲؍ سیلفی
بیٹری: ۶؍ہزار ایم اے ایچ