۲۰؍ہزار کے اس فون میں ۷؍ہزار ۳۰۰؍ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے،سافٹ ویئر میں بھی کئی اچھے فیچرز پیش کئے گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 28, 2025, 11:52 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
۲۰؍ہزار کے اس فون میں ۷؍ہزار ۳۰۰؍ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے،سافٹ ویئر میں بھی کئی اچھے فیچرز پیش کئے گئے ہیں۔
آئی کو(iQOO)نےہمیشہ اپنی زیڈسیریز کے اسمارٹ فونس میں کارکردگی اور مناسب قیمت کا ایک شاندار امتزاج پیش کرنے کی کوشش کی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ یہ صارفین کو خاص طور پر اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں ۔ اسی کے تحت کمپنی نے ہندوستانی مارکیٹ میں آئی کو زیڈ ۱۰؍پیش کیا ہے، جس کی سب سے بڑی خوبی اس کی ۷؍ہزار ۳۰۰؍ ایم اے ایچ کی زبردست بیٹری ہے۔ اس کے علاوہ بھی کمپنی نے اس فون میں کچھ ایسے فیچرز دیے ہیں ، جو نہ صرف عام صارفین کے لیے بلکہ بیس ہزار روپے کے بجٹ میں گیمرز کے لیے بھی اسے ایک بہترین آل راؤنڈر انتخاب بنا سکتے ہیں ۔
قیمت
یہ فون۲؍ رنگوں میں دستیاب ہےجن میں گلیشئر سلور اوراسٹیلر بلیک شامل ہیں۔ ہندوستان میں اس کی ابتدائی قیمت ۲۱؍ہزار ۹۹۹؍ روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں آپ کو۸؍ جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج والاماڈل ملتا ہے۔ اس کے علاوہ مزید دو ماڈل دستیاب ہیں جن میں ۸؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹورن والے فون کی قیمت ۲۳؍ہزار ۹۹۹؍روپے ہے جبکہ ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج والے فون کی قیمت ۲۵؍ہزار ۹۹۹؍روپے ہے۔
بکس میں کیا ہے
یہ فون ایک سادہ سیاہ رنگ کے ڈبے میں آتا ہے۔ کمپنی نے ڈبے کے ڈیزائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی جیسا کہ پچھلے سال کے آئی کو زیڈ ۹؍سیریز کے ڈبے تھے، ویسا ہی ہے۔ ڈبہ کھولتے ہی سب سے پہلے فون کا دیدار ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈبے میں ۹۰؍ واٹ کا چارجر، ایک یو ایس بی چارجرنگ کیبل، ایک شفاف ٹی پی یوکیس، کوئیک گائیڈ اور وارنٹی سے متعلقہ کاغذات موجود ہوتے ہیں۔
ڈسپلے
اس فون کاڈسپلے ان لوگوں کے لیے ایک نعمت ہے جو بجٹ میں ایک روشن اور شاندار اسکرین چاہتے ہیں۔ اس میں ۷۷ء۶؍ انچ کا فل ایچ ڈی پلس امولیڈڈسپلے ہے، جو۱۲۰؍ ہرٹزریفریش ریٹ کو سپورٹ کرتا ہے۔ اسکرین کاکواڈ کروڈڈیزائن نہ صرف ظاہری لحاظ سے خوبصورتی بخشتا ہے بلکہ دیکھنے کا تجربہ بھی شاندار بناتا ہے۔
سافٹ ویئر
اس فون میں اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی فن ٹچ او ایس ۱۵؍ دیا گیا ہے۔ یہ انٹرفیس کافی ہلکا پھلکا اور تیز تر محسوس ہوتا ہے۔ اس او ایس میں کئی نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں ۔ پرائرٹی شیڈولنگ کا فیچر دیگر ایپس کو۱۵؍فیصد تیزی سے کھولتا ہے۔ زیڈ ریم کمپریشن میموری مینجمنٹ میں ۴۰؍فیصد تیزی لاتا ہے۔
ہارڈ ویئر
اس کاہارڈ ویئر بھی کافی شاندار ہے۔ اس میں کوالکوم اسنیپ ڈریگون۷؍ ایس جنریشن۳؍چپ سیٹ ہے، جو۴؍این ایم پر مبنی ہے۔ یہ ایک اوکٹا کور پروسیسرہے جو۲ء۵؍گیگا ہرٹزکی اسپیڈ پر چلتے ہیں۔ گرافکس کے لیےجی پی یو ایڈرینو ۸۱۰؍دستیاب ہے۔ فون میں ۱۲؍ جی بی تک ریم اور ۲۵۶؍ جی بی تک اسٹوریج دیا گیا ہے۔
کیمرہ
اس میں ریئر سائڈ پر۲؍کیمرے ہیں جن میں ایک ۵۰؍میگا پکسل کا سونی کا پرائمری سینسر ہے، اس کے علاوہ ۲؍میگا پکسل کا ڈیپتھ سینسرہے۔ سیلفی کیلئے، یہ فون۳۲؍میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ فراہم کرتا ہے، جو چہرے کی تفصیلات کو نہایت عمدگی سے محفوظ کرتا ہے۔ پرائمری کیمرہ دن کی روشنی میں شاندار تصاویر لیتا ہے بہترین رنگ، عمدہ ڈیٹیلز، اور زبردست ڈائنامک رینج کے ساتھ۔ رات کے وقت بھی اچھی لائٹنگ میں معقول نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
بیٹری
یہ ہندوستان میں اس وقت سب سےبڑی یعنی ۷؍ہزار ۳۰۰؍ ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ آنے والا اسمارٹ فون ہے اور وہ بھی صرف۲۰؍ ہزار روپے کے بجٹ میں !ہیوی یوز کے بعد بھی، یہ فون ۲؍دن تک آسانی سے چل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، ۹۰؍ واٹ کی فاسٹ چارجنگ بھی دی گئی ہے۔ صرف ۳۰؍منٹ میں ۵۰؍اور تقریباً ایک گھنٹے میں ۱۰۰؍فیصدچارج ہو جاتا ہے۔
ڈسپلے ۷۷ء۶؍انچ
پروسیسر کوالکوم اسنیپ ڈریگون ۷؍ایس جنریشن۳
ریم ۸؍ اور ۱۲؍جی بی ریم
اسٹوریج ۱۲۸؍ اور۲۵۶؍ جی بی
آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی فن ٹچ او ایس ۱۵؍
کیمرے ۵۰؍،۲؍ اور ۳۲؍ سیلفی
بیٹری ۷۳۰۰؍ایم اے ایچ