• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کنگوا: باہوبلی جیسی عمدہ اور مشہور فلم بنانے کی کوشش ناکامی کا شکار

Updated: November 16, 2024, 12:02 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

عالیشان فلم بنانے کی کوشش میں سوریہ کے ساتھ بابی دیول اور دیشا پٹانی جیسے بالی ووڈ اداکاروں کو بھی شامل کرکے۳۵۰؍کروڑ میں فلم بنائی گئی۔

Surya can be seen jumping in a scene from the movie `Kangwa`. Photo: INN
فلم’کنگوا ‘کے ایک منظر میں سوریہ کودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

کنگوا (Kanguva)
اسٹار کاسٹ: سوریہ، دیشا پٹانی، بابی دیول، آنند راج، یوگی بابو
ڈائریکٹر :شیوا
 رائٹر :مدن کارکی، آدی نارائن، شیوا
پروڈیوسر: کے ای گیانول راجا، وامسی پرمود
موسیقی:دیوی سری پرساد 
 سنیماٹوگرافی:ویٹری پلانیسامی
ایڈیٹنگ:نشاد یوسف 
پروڈکشن ڈیزائن:ملن
 کاسٹیوم:دھترا پلئی، انو وردھن
 میک اپ:کپو سامی 
آرٹ ڈائریکٹر:کم چو ہی، ملن
 سائونڈ ایڈیٹر:ابراہم لیجو جیمس، نکھا سنیل راج
 سائونڈ مکسر:ایم سرون کمار، رنجیت وینوگوپال
 ریٹنگ: **
 ہم کیوں پیدا ہوتے ہیں ؟ ہم کیوں جیتے ہیں ؟ ہم کسی کے لیے اپنی جان کیوں دے دیتے ہیں ؟ یہ کچھ سوالات ہیں جن کا جواب کسی انسان کو معلوم نہیں۔ یہ فلم بھی اسی طرح کی کہانی پر مبنی ہے کہ ایک بہت طاقتور آدمی اپنے دشمن کے بیٹے کے لیے سب کچھ خطرے میں کیوں ڈال دیتا ہے! فلم’کنگوا‘ ان دونوں کے درمیان جذباتی رشتے کی کہانی بیان کرتی ہے۔ 
فلم کی کہانی
 فلم کی کہانی کو۲؍ ادوار سال۱۰۷۰ءاور سال ۲۰۲۴ءمیں تقسیم کیا گیا ہے۔ قدیم زمانے میں، پیروماچی قبیلے کا شہزادہ کانگووا (سوریا) اپنےدشمن کے بیٹے پوروا کی جان بچاتا ہے۔ جبکہ وہ اس کا دشمن ہے۔ اس کے باوجود، کنگوا اپنی پوری کوشش کرتا ہے کہ وہ پوروا کی ماں سے بچےکی حفاظت کا وعدہ پورا کرے۔ جبکہ موجودہ وقت میں، فرانسس (سوریا) کالکی کےپربھاس کی طرح بائونٹی ہنٹر(مجرموں کو پکڑوانے کیلئے پرائیویٹ ایجنٹ) ہے۔ وہ اپنے دوست کولٹ (یوگی بابو) کے ساتھ مل کر پولیس سے پیسے لیتا ہے اورمجرموں کو پکڑنے کا کام کرتا ہے۔ دوسری طرف ان کی پرانی محبوبہ انجیلا (دیشا پٹانی) بھی اسی کاروبار میں ہے۔ 
 ایک دن فرانسس کی ملاقات ایک نامعلوم لڑکے، زیٹا سے ہوتی ہے۔ اس لڑکے کے پیچھے ایک انتہائی خطرناک روسی مافیا ہے جو پر اسرارطاقتوں سے لیس ہے۔ لیکن فرانسس، ہچکچاتے ہوئے، زیٹا کی جان بچانے کے لیے سب کچھ خطرےمیں ڈال دیتا ہے۔ آخر فرانسس کا زیٹا سےکیا تعلق ہے؟ کیا کانگووا اور فرانسس قدیم زمانے اورموجودہ دور میں اپنی کوشش میں کامیاب ہیں ؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو سنیماہال جانا پڑے گا۔ 
ہدایت کاری
 فلم کے ہدایت کار شیوا نےتیلگو سنیما کی سپر ہٹ فلم’باہوبلی‘ کو تمل سنیماکی جانب سے’کنگوا‘کے ذریعے چیلنج کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ اس کیلئے انہوں نے تمل سنیما کے سپر اسٹار سوریہ کو تقریباً ۳۵۰؍کروڑ روپے کے بھاری بجٹ سے بنائی گئی’کنگوا‘میں مرکزی کردارمیں کاسٹ کیا۔ ملک بھر کی کئی زبانوں میں ڈب کرکے ریلیز ہونےوالی اس فلم کو مقبول بنانے کے لیے بالی ووڈ سے بوبی دیول کو ویلن اور دیشا پٹانی کو مرکزی اداکارہ کےطور پر سائن کیا گیا تھا۔ لیکن افسوس کہ فلم کی کہانی اور اسکرین پلےلکھنے کی ذمہ داری خود لینے والے شیوا اس معاملے میں پیچھے رہ گئے۔ اگر وہ فلم کے دیگر پہلوؤں کے ساتھ کہانی اور اسکرین پلےپرتھوڑی محنت کرتے تو وہ کنگوا کو ایک بہترین فلم بنا سکتے تھے۔ فلم قدیم اور موجودہ دور کے درمیان عمدہ انداز میں شروع ہوتی ہے۔ لیکن کہانی انٹرول سے پہلے ہی پٹری سے اترنے لگتی ہے۔ انٹرول کے بعد فلم کی کہانی مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے۔ اگرچہ انہوں نے کلائمکس میں سرپرائز ڈال کر فلم کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ 
 فلم کا اسکرین پلے کافی کمزور ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ڈھائی گھنٹے طویل یہ فلم آپ کو ٹکڑوں میں محظوظ کرتی ہے۔ دوسری طرف، تھری ڈی میں ہونے کےباوجود، فلم کا وی ایف ایکس زیادہ متاثر نہیں کرتا ہے۔ سنیماٹوگرافی کے لحاظ سے فلم کو اچھے نمبر ضرور دیےجا سکتے ہیں لیکن ہندی ڈب ورژن کا میوزک اس کا کمزور پہلو ہے۔ 
ادا کاری
 اداکاری کے معاملے میں سوریہ نے دونوں کرداروں میں اچھا کام کیاہے۔ انہوں نےایک قدیم جنگجو اور موجودہ دور کے نوجوان کا کرداربہت اچھے طریقے سے نبھایا ہے۔ لیکن بابی دیول اپنے کردار میں اتنے مستحکم نہیں ہیں۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ہدایت کار شیوا بابی جیسے خوفناک ویلن کے موجود ہونے کے باوجود ناظرین کو چونکا نہیں سکے۔ جبکہ دیشا پٹانی فلم میں صرف منتخب مناظر میں نظر آرہی ہیں۔ اس کے سیکوئل کا اعلان بھی فلم کے آخر میں کیا جاتا ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ سوریہ اور بابی دیول کے بڑے پرستار ہیں، تو ہی اس فلم کاٹکٹ خریدیں۔ لیکن اگر آپ کچھ منفرد دیکھنے کا سوچ رہے ہیں تو اپنا وقت اور پیسہ دونوں ضائع نہ کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK