• Sun, 12 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوکل ٹرین کا ایک اسٹیشن کرجت بھی سیروتفریح کیلئے عمدہ مقام

Updated: October 26, 2023, 9:51 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں ہری بھری وادیوں کے علاوہ دلکش آبشار، قدیم غار اور قلعے واقع ہیں،ہر عمر کا شخص یہاں آکر بھرپور تفریح سے لطف اندوز ہوسکتا ہے

Bhiopuri waterfall located here becomes the most favorite place of tourists during rainy days
برسات کے دنوں میں یہاں واقع بھیوپوری آبشارسیاحوں کا پسندیدہ ترین مقام بن جاتا ہے

کرجت کو ہم عام طور پر سینٹرل ریلوے کے ایک اہم اسٹیشن کے طور پر ہی جانتے ہیں لیکن یہ سیروتفریح اور ہفتہ کے آخر یعنی ویک اینڈ کو پر لطف بنانے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔رائے گڑھ ضلع میں واقع کرجت ایک میونسپل کونسل اور خود میں ایک شہر ہے۔یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں نئے شادی شدہ جوڑوں سے لے کر چھوٹے بچے اور پورا خاندان بھی ایک ساتھ تفریح کیلئے جاسکتاہے۔یہاں ہر کسی کی تفریح کیلئے بھرپور مواقع موجود ہیں۔یہاں قدیم عمارتیں، بھر پور ہریالی،وادیاں اور غار موجود ہیں۔
کرجت کیوں جائیں:جیسا کہ پہلے کہا گیاکرجت میں دیکھنے اور کرنے لائق بہت سارے مقامات اور کام ہیں۔ یہاں پر آپ بھیوپوری آبشار، الہاس  ویلی،کونڈانا کے غار،کوٹھالی گڑھ کا قلعہ، باہری کے غار، پالی بھوتیوالی ڈیم اوراین ڈی اسٹوڈیو دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کیمپنگ، ٹریکنگ، واٹر فال ریپلنگ اور ریور رافٹنگ جیسی سرگرمیاںبھی انجام دےسکتے ہیں۔
بھیوپوری آبشار:یہاں واقع بھیوپوری کا علاقہ دلکش آبشاروں کیلئے مشہورہےجہاں برسات کے موسم میںبڑی تعداد میں سیاح روزانہ آتےہیں۔یہاں واقع آبشاروں سے گرتا اور ایک تالاب میں  جمع ہوتا پانی نہایت ہی دلکش نظارہ پیش کرتا ہےلیکن اس دلکش نظارے سے آپ برسات کے موسم ہی میں لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔کئی لوگ اس آبشارمیں بھیگنا پسند کرتے ہیں اسلئے یہ جگہ کافی مشہور ہے۔
الہاس ویلی:یہاں واقع الہاس نامی  سرسبز و شاداب وادی ہرکسی کا دل جیت لیتی ہے۔یہاں واقع پہاڑیاں اور ہرے بھرے میدان ہرکسی کے دل کو موہ لیتے ہیں۔ سبزپیڑپودوں کے بیچ سے ہائیکنگ کرتے ہوئے نہایت دلکش مقامات دیکھنا آپ کے سفر کو یادگار بنادے گا۔
کونڈانا کے غار:پہاڑوں کو کاٹ کر بنائے گئے قدیم بدھشٹ غار  یونیسکو کے آثارقدیمہ کی فہرست میں شامل ہیںجنہیں نہایت دلکش انداز میں پہاڑوں کو کاٹ کر بنایا گیا ہے۔ خوبصورت نقاشی سے لے کر دیواروں کو رنگین لکھاوٹ اس مقا م کو پرکشش بناتے ہیں۔ یہاں پہنچنا ہی خود میں ایک نہایت تحیر خیز تجربہ فراہم کرتا ہے کیوں کہ یہاں پہنچنے کیلئے آپ کو ہرے بھرے علاقے میں تقریباً ایک گھنٹہ چلنا پڑتا ہے۔یہ غار آبشار کے مرکز پر واقع ہیں اس لئے یہاں سے آپ چاروں جانب نہایت ہی دلکش نظارہ کرسکتےہیں۔
کوٹھالی گڑھ کا قلعہ:اس قلعہ کو پیٹھ قلعہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ قلعہ کی یہ خوبصورت باقیات سہیادری پہاڑی سلسلہ کے وسط میں واقع ہے۔ اسے ایڈنچر کے شوقین افراد کے بیچ سب سے زیادہ مقبولیت حاصل ہے۔ اس کے سب سے اوپری مقام پر جانے کیلئے آپ کو ہرے بھرے پتھریلے راستے سے گزرنا ہوتا ہے۔ جب آپ یہاںپہنچتے ہیںتو آپ کو یہاں ایک مندر اور غار نظر آئیں گے جو دلکش تصاویرکیلئےبہترین نظارہ پیش کرتے ہیں۔اگر کہرہ نہیں ہے تو آپ چاروں جانب دور دور تک ہری بھری وادی دیکھ سکتے ہیں۔
باہری غار:ان غاروںمیں مندر بھی وا قع ہے اس لئے یہاں سیاحوں کےساتھ کچھ لوگ عقیدت مندی کے ساتھ بھی آتے ہیں۔ یہاں جانے والی سیڑھیاںاونچی اونچی ہیں اس لئے اوپر چڑھنے والوں کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ ٹریکنگ کررہے ہیں۔۵۰۰؍میٹر اونچائی پر واقع ان غاروں سے الہاس وادی نظر آتی ہے۔کرجت جانے والوں کیلئے یہ ایک مرکزی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ 
پالی بھوتیولی ڈیم:ڈیم کے قریب کا علاقہ قدرتی نظاروں کو پسندکرنے والوںکے ساتھ مقامی افراد میں بھی پکنک اسپاٹ کے طور پر مقبول ہے۔ بھیوپوری اورماتھیران سے قریب ہونے کی وجہ سے سیاحوں اور کرجت کی سیر کرنے کیلئے جانے والوں کے بیچ یہ بہت مشہور مقام ہے۔حالانکہ یہ ڈیم گزشتہ ۲۵؍برسوں سے زیر تعمیر ہے لیکن یہاں جمع ہونے والے پانی میں لوگ کشتی سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔
کرجت کیسے جائیں؟
روڈ کے ذریعہ:کرجت جانے کیلئے آپ کو ممبئی سے محض ۶۲ء۷؍کلومیٹر کا سفر کرنا ہوگا۔اگر آپ اپنی گاڑی سے جارہے ہیں تو۲؍گھنٹے کایہ سفرآپ کو ممبئی بنگلور ہائی پر کرناہوگا۔ 
ٹرین کے ذریعہ:  اگر آپ پرسکون اور آرام دہ سفر کرنا چاہتے ہیںتو آپ کوٹرین کے ذریعہ یہ سفر کرنا چاہئے کیوں کہ یہاں لوکل ٹرین جاتی ہے اور سینٹرل ریلوے کے کسی بھی اسٹیشن سے آپ کرجت کیلئے لوکل میں سوار ہوسکتےہیں۔

karjat Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK