پہاڑی مقام ہونے کے سبب یہ جگہ بہت ہی پرفضا اور دلکش نظاروں سے بھری ہوئی ہے،سن سیٹ پوائنٹ،منکی پوائنٹ یہاں کے اہم مقامات ہیں۔
EPAPER
Updated: January 22, 2025, 1:24 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
پہاڑی مقام ہونے کے سبب یہ جگہ بہت ہی پرفضا اور دلکش نظاروں سے بھری ہوئی ہے،سن سیٹ پوائنٹ،منکی پوائنٹ یہاں کے اہم مقامات ہیں۔
چنڈی گڑھ سےشملہ کے راستے میں کسولی ایک پہاڑی علاقہ ہے جو کبھی فوج کی چھائونی ہوا کرتا تھا۔ یہ دنیا کی ہلچل سے دور چھٹیاں گزارنے کیلئے ایک بہترین اورپرامن مقام ہے۔ کسولی ریاست ہماچل پردیش کے جنوب مغربی حصےمیں ایک چھوٹا سا قصبہ ہے جو ہمالیہ کی نسبتاً نچلی ڈھلوان پر واقع ہے۔ دیودار کے خوبصورت جنگلات کے درمیان واقع، کسولی انگریزوں کی بنائی ہوئی اپنی عظیم الشان وکٹورین عمارتوں کے لیے جانا جاتا ہے، جن کاپراسرار اور پرسکون ماحول ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
کسولی کی تاریخ
کسولی کی تاریخ۱۷؍ویں صدی سے محفوظ ہےجب ہریانہ کے ریواڑی کے کچھ راجپوت خاندانوں نےسیاسی حالات کی وجہ سے’کسول‘(خطے میں میٹھے پانی کے چشمے کیلئےمشہور) علاقے میں منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔ لیکن جب انگریزوں نےیہاں کی قدرتی خوبصورتی، شان و شوکت اور ماحول کو دیکھا تو انہوں نے اسے مقامی راناسے خرید کر چوکیوں میں تبدیل کر دیا۔ انگریزوں کو جب اس جگہ کی خوبصورتی کااندازہ ہوا تو انہوں نے اس کے ارد گرد ایک ہل اسٹیشن تیارکیا۔ ملک کی آزادی کے بعد یہ شہر ہماچل پردیش ریاست کے تحت آیا جو آج ایک بہت ہی خوبصورت سیاحتی مقام ہے۔ کسولی آج بھی اپنی قدیم خوبصورتی اورپرکشش مقامات کیلئے مشہورہے۔
سن سیٹ پوائنٹ
سن سیٹ پوائنٹ کسولی کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے جو غروب آفتاب کے وقت دیودارکےدرختوں اور وادی کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک مشہور پرسکون مقام ہے۔ ہر روز بڑی تعداد میں سیاح اس جگہ کا رخ کرتے ہیں۔ یہ جگہ غروب آفتاب کے وقت ایک حیرت انگیز نظارہ پیش کرتی ہے، لیکن بہتر ہے کہ اندھیرے یا شام سے پہلے اس علاقے کو چھوڑ دیا جائے کیونکہ آپ کو رات کے وقت یہاں بہت سی سہولیات نہیں مل سکیں گی۔ اس جگہ تک پہنچنے کیلئے ایک ہائیکنگ ٹریل بھی ہے جسے گلبرٹ ٹریل کہا جاتا ہے۔ اگر آپ کسولی میں سیر کیلئے اچھی جگہ تلاش کر رہے ہیں توکم از کم ایک بار سن سیٹ پوائنٹ ضرور دیکھیں۔
منکی پوائنٹ
منکی پوائنٹ کسولی کا سب سے اونچا مقام اور ایک خاص سیاحتی مقام ہے۔ منکی پوائنٹ پوری وادی کا سب سے شاندار نظارہ اور ہمالیہ کی برف پوش چوٹیوں کے دلکش نظارے پیش کرتا ہے۔ اس جگہ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ پہاڑی کی چوٹی ایک پیرکی شکل میں ہے۔ یہ جگہ ہندوستانی فضائیہ کے زیر انتظام ہے اور یہاں جانے کیلئےخصوصی اجازت نامہ کی ضرورت ہوگی۔ پہاڑی کی چوٹی پرایک چھوٹا سا مندر ہے جس کے ارد گرد آپ کو بہت سے بندر نظر آئیں گے۔
مال روڈ
مال روڈ کسولی کے خاص مقامات میں سے ایک ہے۔ مال روڈ وہ جگہ ہےجو اس شہر کی اہم شاپنگ مارکیٹ ہے۔ اس علاقے میں کافی دکانیں، ریستوراں اور مشہور کسولی کلب ہے، جو اسے خریداری اور کھانے پینے کے لیے ایک بہترین جگہ بناتا ہے۔ اگرچہ کسولی کے زیادہ تر علاقے آف بیٹ ہیں لیکن آپ قصبے کی اس رنگین جگہ کا دورہ کرنے کے بعد کبھی نہیں بھولیں گے۔ یہ بازار شام کے وقت اپنے بہترین انداز میں ہوتا ہے۔
گورکھا قلعہ
گورکھاقلعہ گورکھوں کی ہمت اور بہادری کی علامت ہے جسے آپ کواپنےکسولی دورے میں ضرور دیکھنا چاہئے۔ یہ قلعہ ۱۹۰۰ء عیسوی میں گورکھا فوج کے سربراہ امر سنگھ تھاپا نے پال جنگ میں برطانوی فوج کے خلاف لڑنے کے لیے بنایا تھا۔ اس کے ارد گرد جنگلات کے ساتھ قلعہ ایک دلکش منظر پیش کرتا ہے۔
ٹمبر ٹریل
اگر آپ کسولی میں کسی پرامن جگہ کی تلاش میں ہیں تو ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ یہاں واقع ٹمبر ٹریل ایک پرامن ہل اسٹیشن ہے۔ یہ ایک بہت ہی خوبصورت سیاحتی مقام ہےجہاں بہت سے دیودار اور دیگرکئی قسم کے درخت ہیں جن میں مخروطی نظر آنے والے درخت اس جگہ کی کشش میں کئی گنا اضافہ کرتے ہیں۔ یہ جگہ ان لوگوں کیلئے بہترین ہے جو شہر کی زندگی کی بھاگ دوڑسےدور امن کچھ پل سکون کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔