• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کھیل کھیل میں: اکشے کمار کی طویل عرصہ بعد ایک اچھی فلم

Updated: August 17, 2024, 11:35 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اکشے کمار نے اپنی عمر کی مناسبت سے رول ادا کرکے ناقدین کا منہ بند کرنے کی کوشش کی ہے،دیگر اداکاروں نے بھی عمدہ اداکاری کی۔

Akshay Kumar, Taapsee Pannu, Fardeen Khan and others can be seen in a scene from the movie `Khel Khel Mein`. Photo: INN
فلم ’کھیل کھیل میں‘ کے ایک منظر میں اکشے کمار،تاپسی پنو،فردین خان اور دیگر دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

کھیل کھیل میں (Khel Khel Mein)
اسٹار کاسٹ: اکشے کمار، ایمی ورک، تاپسی پنو، وانی کپور، فردین خان، پرگیہ جیسوال، آدتیہ سیل، اینڈرے ڈی کروز
 رائٹر اورڈائریکٹر : مدثر عزیز
پروڈیوسر:راجیش بہل، بھوشن کمار، کرشن کمار، عظیم قمر، اجے رائے، وپل ڈی شاہ، ششی کانت سنہا، اشون وردے
 سنیماٹوگرافی:منوج کمار کھتوئی 
 میوزک: ساجی علی، تنشک باگچی، روچک کوہلی، بی پراک، گرو رندھاوا، جسی سدھو
 ایڈیٹنگ: نیناد کھانولکر
پروڈکشن ڈیزائن:روپن سوچک
 ریٹنگ: ***
 گزشتہ چندبرسوں میں فلموں کے شائقین کو اکشے کمار اور ان کی فلموں سے کچھ خاص شکایتیں رہی ہیں۔ مثال کے طور پر وہ اپنی عمر کےمطابق کردار ادا نہیں کر رہے ہیں، ان کی کامیڈی کی سطح صحیح نہیں ہےاوران کی فلموں کےسماجی پیغامات بھی مناسب نہیں ہیں۔ فلم کھیل کھیل میں کے ذریعہ اکشے کی ان تمام شکایات کو دور کرنے کی ایک اچھی کوشش ہے۔ اور اچھی بات یہ ہے کہ ان شکایات کو دور کرنے کےساتھ ساتھ اکشے کی نئی فلم تفریح ​​فراہم کرنے میں بھی کامیاب رہی ہے۔ ہدایت کار مدثر عزیز کو بھی اس کاکریڈٹ ملنا چاہیے کہ ان کی مزاحیہ فلم میں حساسیت، سماجی پیغام اور بیداری کی سطح کافی اچھی ہے۔ اس کے علاوہ، اکشے کا ایک بالغ بیٹی کا باپ بننے کا کردار بھی اس بار کافی `عمر مناسب ہے۔ اکشے کمار کے پاس ایک ٹریڈ مارک نیچرل کامک ٹائمنگ ہے، جسے عوام نےبہت پسند کیا ہے۔ یہ اچھی تحریر کا نتیجہ ہےجسے اسکرین پر اچھی طرح سے پیش کیا گیا ہے۔ 
فلم کی کہانی
 فلم کی کہانی ایک امیرخاندان کی ایک شاندارشادی کی تقریب سےشروع ہوتی ہے، جہاں ۳؍جوڑے اور ان کے بیچلر دوست ہوتےہیں۔ ہر کوئی ورتیکا (وانی کپور) کی بہن کی شادی میں شرکت کے لیے آیا ہے۔ رشبھ ملک (اکشے کمار) ایک نوعمر بیٹی کا باپ ہے۔ ابھرتی ہوئی مصنفہ ورتیکا اس معروف پلاسٹک سرجن کی دوسری بیوی ہیں۔ دوسرا جوڑا گھریلو خاتون ہرپریت (تاپسی پنو) اور بزنس مین ہرپریت (ایمی ورک) ہے۔ تیسرا جوڑا بزنس مین سمر(آدتیہ سیل) اورامیر خاتون نینا (پرگیہ جیسوال) ہے۔ ان کے دوست کبیر(فردین خان) ہیں جو کہ کھیلوں کے کوچ ہیں۔ بہت دنوں کےبعد ان کیا اپنے دوستوں سے ملاقات ہوئی ہے۔ 
 رشبھ اور ورتیکاکی شادی ٹوٹنے کے دہانےپر ہے، جب کہ ہرپریت اور اس کے شوہر۶؍سال سے بچے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، جب کہ سمر اپنی بیوی نینا کے والد کے کاروبار کو چلانے میں دن رات مصروف رہتے ہیں۔ ورتیکا اس رات وقت گزارنے کے لیے سب کو گیم کھیلنے کا مشہورہ دیتی ہے۔ اس گیم میں ہر کسی کو اپنا فون کھول کراسےٹیبل پر رکھنا ہوتا ہے اور آنے والے میسجز اور کالز کو سب کے سامنےپڑھنے اور سننے کا چیلنج دیاجاتاہے۔ کچھ ہچکچاہٹ کے بعد، ہر کوئی اس جرات مندانہ کھیل کا حصہ بننےپرمتفق ہوجاتاہے۔ لیکن جوں جوں گیم آگے بڑھتاہے اور میسجز اور کالز آنے لگتےہیں تو ایک ایسا راز کھل جاتا ہے جس کا کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔ اس رات کے بعد ان تمام دوستوں کی زندگیوں کا کیا بنے گا؟ کیا مسائل پیدا ہونگے؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم دیکھنی پڑے گی۔ 
ہدایت کاری
 ہدایت کار مدثر عزیز نے’کھیل کھیل میں ‘میں حقیقی معنوں میں سنجیدہ مسائل کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا ہے۔ مدثر ٹوٹی ہوئی شادیوں، فریب دہی، والدین، ہم جنس تعلقات، شادی کی ایڈجسٹمنٹ، کریئرکیلئےاستحصال جیسے مسائل کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ اگرچہ فلم کا پہلا ہاف کہانی اور کرداروں کو ترتیب دینے میں صرف ہوتا ہے لیکن دوسرے ہاف میں جیسے جیسے کہانی کھلتی ہے دلچسپی بڑھتی جاتی ہے اور کرداروں کے راز کھلنے لگتے ہیں۔ ایڈیٹنگ کی بات کریں تو فلم کے پہلے ہاف کو کم کیا جا سکتا تھا۔ موسیقی کےمعاملے میں ’ہولی ہولی‘گانا موسیقی کے شائقین کو خوش کر رہاہے۔ 
اداکاری
  فلم کی سب سے بڑی خوبی اکشے کمارکی اداکاری ہے۔ وہ ایک بارپھر کامیڈی کے رنگ میں نظر آ رہے ہیں۔ ان کی مزاحیہ ٹائمنگ اور ان کا سالٹ اینڈ پیپر لُک یعنی نمک اور کالی مرچ جیسی شکل (سفید اور سیاہ بالوں والی شکل) ان کےکردار کےساتھ کہانی کو بھی دلچسپ بناتی ہے۔ ان کی بیوی ورتیکاکے طور پروانی کپور نے بھی عمدہ اداکاری کی ہے۔ لیکن فلم کے کئی اداکاروں میں سے تاپسی پنو اور فردین خان نے دل جیتنے والی اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ کو صاف ستھری کامیڈی فلموں کاشوق ہے اور بھر پور تفریح کے متلاشی ہیں تو آپ یہ فلم دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK