• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کوڈائی کنال کو ہل اسٹیشنوں کی شہزادی کہا جاتا ہے

Updated: July 24, 2024, 11:40 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

جنوبی ہندوستان کے پوشیدہ خزانوں میں سے ایک ہل اسٹیشن میں کئی آبشار، جھیلیں اورغار موجود ہیں جوآپ کوایک مرتبہ ضرور دیکھنا چاہئے۔

Kodai Lake can be seen in the first picture, Bear Shola Waterfall in the second picture and Kokal Cave in the third picture. Photo: INN
پہلی تصویر میںکوڈائی جھیل،دوسری تصویر میںبیئر شعلہ آبشاراور تیسری تصویر میں کوکل غار دیکھے جاسکتےہیں۔ تصویر : آئی این این

کوڈائی کنال جنوبی ہندوستان کے چھپے ہوئے خزانوں میں سے ایک ہے جہاں آپ کو ضرور جاناچاہیے۔ گرینائٹ کی چٹانوں، جھیلوں، جنگلاتی وادیوں اور آبشاروں کاگھر، یہ واقعی ایک خوبصورت ہل اسٹیشن ہے۔ تمل ناڈو میں واقع، کوڈائی کنال ایک پرسکون اور قدرتی حسن سے بھرپورسیاحتی مقام ہے۔ پہاڑیوں پر ٹریکنگ، ریور رافٹنگ اور شکارا رائیڈز جیسی سرگرمیوں کے ساتھ، اسے ’ہل سٹیشنوں کی شہزادی‘کہا جاتاہے۔ 
بیئرشعلہ آبشار
 بیئرشعلہ آبشار کوڈائی کنال کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ اگرچہ مانسون کے دوران یہ آبشاربہترین نظر آتے ہیں لیکن آپ چاہیں تو سال کے کسی بھی مہینے میں ان آبشاروں میں فطرت سے گھرے پرامن ماحول سے لطف اندوز ہوسکتےہیں۔ اگر آپ فطرت سے محبت کرتے ہیں اور شہر کی زندگی سے دور جاناچاہتےہیں تو کوڈائی کنال میں بیئر شولا آبشار سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہ آبشار کوڈائی جھیل سے صرف۲؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ 
کوڈائی جھیل
 کیا آپ نے کسی ہل اسٹیشن پرمصنوعی جھیل کی موجودگی کے بارےمیں سناہے؟کوڈائی جھیل ایک مصنوعی جھیل ہے جسے کوڈائی کنال شہر کی ایک برطانوی سرکاری اعلیٰ افسرویرا لیونگ نے تخلیقی طور پربنایا تھا۔ ستارے کی شکل کی یہ جھیل خوبصورتی سے سرسبز و شاداب پلانی پہاڑیوں کے درمیان واقع ہے۔ انسانی تخلیقی صلاحیتوں کے اس غیرمعمولی کارنامے کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ، آپ جھیل میں شکارا کی سواری پر بھی کرسکتےہیں۔ یہ تمام عوامل کوڈائی جھیل کو کوڈائی کنال کے اعلیٰ سیاحتی مقامات میں سے ایک بنانے میں مدد کرتے ہیں جہاں آپ کو ضرور جانا چاہیے۔ 
کوکل غار
 آپ کوکل غاروں کو۲؍ طرح سے دیکھ سکتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ آپ اسے ہی اپنی منزل سمجھ کر صرف اسی کی سیر کرسکتے ہیں دوسرے یہ کہ آپ اسے کوڈائی پلانی ٹریکنگ کا آغاز بھی مان سکتے ہیں۔ کوکل غارخوبصورت ہیں اور انہیں عام طور پر ٹریکنگ کا نقطہ آغاز سمجھا جاتاہے۔ یہ غارتاریخی اہمیت کی حام ہیں کیونکہ ان میں کبھی ایک قبیلہ آباد تھا۔ آج، یہ ایک آثار قدیمہ میں شمار ہیں، اگر آپ تاریخ کے شوقین ہیں، تویہاں ضرور جائیں۔ 
تھلائیار آبشار
 تھلائیار آبشار، جسے ریٹ ٹیل فالز یعنی چوہے کی دم نما آبشارکے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ ہندوستان میں سب سے خوبصورت آبشاروں میں سے ایک ہے جسے آپ نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔ ان آبشاروں کی اونچائی۹۰۰؍فٹ سے زیادہ ہے، جو اسے ہندوستان کےبلند ترین آبشاروں میں سے ایک بناتاہے۔ گھنے جنگلات سے، اس جگہ کا دورہ کرنا ایک حقیقی تجربہ ہےجس کا تجربہ آپ صرف ایک بار کر سکتے ہیں، ان آبشاروں کی غیرمعمولی قدرتی خوبصورتی اسے سیاحوں کے لیے ایک بہترین جگہ بناتی ہے۔ 
ستون کی چٹانیں 
 اگر آپ سیر و تفریح اور مہم جوئی کے شوقین ہیں تو آپ کو یہاں ضرور جانا چاہئے۔ اپنی پکنک کا بہترین ممکنہ نظارہ حاصل کرنے کے لیے ان چٹانوں کی سیر ضرور کریں جو کہ کوڈائی کنال میں پکنک کا سب سےمشہورمقام ہے۔ خوبصورت باغ میں اپنے تھکے ہوئےپیروں کو آرام دیں اوراپنےسامنے موجود تین بڑے پتھروں کے شاندار نظارے سے لطف اندوز ہوں۔ 
بیریزام جھیل
کوڈائی کنال میں جھیلیں کافی عام ہیں، اور بیریزام جھیل شاید ان بہترین جھیلوں میں سے ایک ہے جسے آپ دیکھنا چاہیں گے۔ یہ خوبصورت جھیل ایک محفوظ علاقے میں گھنے جنگلات کے پیچھے چھپی ہوئی ہے۔ چونکہ یہ جھیل ایک محفوظ جنگلاتی علاقےمیں واقع ہے، اگر آپ خوش قسمت ہیں، تو آپ نایاب جنگلی حیات کو دیکھ سکتے ہیں۔ نیل گیری لنگور، بائسن اور ہاتھی جیسے جانور جھیل کے قریب گھومتے ہوئےدیکھے جا سکتے ہیں۔ لہٰذا، اپنے کیمرے نکالیں اور خاموش رہیں، ورنہ آپ جنگلی حیات کو قریب سے دیکھنے کا موقع کھو سکتے ہیں۔ 
اس کے علاوہ بھی یہاں برائنٹ پارک، موئر پوائنٹ، سلور کیسکیڈ آبشار، پیرومل کی چوٹی اور دیگر چیزیں دیکھنے لائق ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK