پونے سے۲۳۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کولہاپورقدیم علاقوں میں سے ایک ہے، مراٹھا دور کی وراثت کی ترجمانی کرتا ہے۔
EPAPER
Updated: September 19, 2024, 11:56 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
پونے سے۲۳۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کولہاپورقدیم علاقوں میں سے ایک ہے، مراٹھا دور کی وراثت کی ترجمانی کرتا ہے۔
کولہاپور مہاراشٹر کے جنوب مغرب میں دریائے ’پنچ گنگا ‘کے کنارے واقع ہے، ایک ایسا شہر ہے جو اپنے سیاحتی مقامات کے ساتھ ساتھ چپل، زیورات اور انواع واقسام کے کھانوں کی وجہ سے ایک مشہور مقام بن گیا ہے۔ پونے سے۲۳۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کولہاپور قدیم ریاستوں میں سے ایک ہے جو مراٹھا دور کی وراثت کی بھرپور ترجمانی کرتی ہے۔ یہاں تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کو ضرور جانا چاہئے۔ سیاحت کے نقطہ نظر سے کولہاپور ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر سیاح جانا پسند کرتا ہے۔ یہاں سیاحوں کی دلچسپی کیلئے بہت کچھ ہے۔ قلعوں سے لے کر جھیلوں اور پارکوں تک کی سیر کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ کولہاپور میں رہنے، کھانے یا وہاں آنے جانے میں کوئی دشواری نہیں ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاح یہاں آتے ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے دوستوں یا خاندان کے ساتھ کہیں جانا چاہتے ہیں تو آپ کولہاپور جا سکتے ہیں۔
کولہا پوری کی تاریخ
یہاں کی تاریخ انتہائی دلچسپ ہے۔ کولہاپور کی تاریخ قدیم مذہبی گرنتھوں میں ملتی ہے۔ اسے پہلے ’کولہسور‘ کہا جاتا تھا۔ قدیم مذہبی گرنتھوں کے مطابق ’کولہسور‘ نام اس راکشش کے نام پر رکھا گیا تھا جسے دیوی مہالکشمی نے مارا تھا۔ اگر ہم کولہاپور کی جدید تاریخ پر نظر ڈالیں تو اس شہر پر کئی شاہی خاندانوں نے حکومت تھی لیکن یہ شہر مراٹھوں کی حکمرانی میں خوشحال ہوا، اس کی شناخت بنی، جب یہ مختلف فنون، موسیقی، رقص اور کھیلوں کا ثقافتی مرکز بن گیا تھا۔ بعد میں ۱۹؍ ویں صدی میں یہ برطانوی حکومت کے تحت آیا اور ہندوستان کی آزادی کے بعد اسے ریاست مہاراشٹر میں شامل کر لیا گیا۔
ثقافت اور روایات
کولہاپور کا تاریخی شہر مختلف ثقافتوں اور روایات کی ترجمانی کرتا ہے۔ یہاں تمام مذہبی تہوار جوش وخروش کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایک ثقافتی تہوار جس کیلئے کولہاپور جانا جاتا ہے وہ ہے’ رنکالہ فیسٹیول‘ جس کا اہتمام میونسپل کارپوریشن کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ اس پانچ روزہ فیسٹیول میں خطے کی بھرپور ثقافت اور روایات کو بیان کیا جاتا ہے۔ اس فیسٹیول میں بڑی تعداد میں لو گ شریک ہوتےہیں۔ کشتی اس خطے کا سب سے اہم کھیل ہے جسے ’کولہا پوری کشتی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
کولہاپوری دستکاری
اسی طرح کولہاپور مہاراشٹر کا ایک ایسا شہر ہے جو اپنے سیاحتی مقامات کے ساتھ ساتھ اپنی دستکاری کیلئے مشہور ہے۔ خاص طور پر کولہاپوری چپل کیلئے جانا جاتا ہے۔ اپنے سادہ انداز، چمڑے کے معیار اور ڈیزائن کیلئے مشہور ہے۔ ضلع بھر میں مختلف کاریگر یہ چپل بناتے ہیں۔ ان کے علاوہ کولہاپور کے زیورات اور کولہاپوری ساڑیاں بھی بہت مشہور ہیں۔ جب بھی آپ کولہاپور سیرکیلئے جائیں ، ان اشیاء کی خریداری ضرور کیجئے۔
کولہا پور کے سیاحتی مقامات
کولہا پورمیں گھومنے پھرنے کے بہت سے مقامات ہیں ۔ یہاں صرف۲؍ کا ذکر کیا جار ہا ہے۔
ڈریم ورلڈ واٹر پارک: اگر آپ اپنے بچوں کے ساتھ کولہاپور کا دورہ کر رہے ہیں یا دیکھنے جا رہے ہیں تو ڈریم ورلڈ واٹر پارک ایک ایسی جگہ ہے جسے آپ ضروری دیکھنا چاہیں گے۔ ڈریم ورلڈ واٹر پارک میں مختلف رنگوں کی۸؍ سلائیڈس ہیں جہاں آپ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں۔ یہاں آپ گہرے تالاب میں تیر سکتے ہیں ۔ آپ پارک کے اندر بنے کیفے سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
کالامبا جھیل :کولہاپور میں سب سے پرکشش مقامات میں سے ایک ہے جو۶۳؍ہیکٹر پر پھیلی ہوئی ہے۔ جو ہر سال ہزاروں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔