Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کوری گڑھ قلعہ ایڈونچر کے شوقین سیاحوں کی منزل

Updated: March 13, 2025, 2:08 PM IST | Mumbai

یہ قلعہ بنیادی طورپر نوآموز ٹریکرس کیلئے ہے کیونکہ اس تک پہنچنے کا راستہ مشکل نہیں ہے، یہاں سیاح سردیوں میں کیمپ بھی لگا سکتے ہیں۔

Tracking is done to this fort, there is also a pond in the upper part of the fort. Photo: INN.
اس قلعے تک ٹریکنگ کی جاتی ہے، قلعے کے اوپری حصےمیں تالاب بھی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

کوری گڑھ قلعہ یا ’کورائی گڑھ‘ ان کیلئےمہاراشٹر کے موزوں ترین ٹریکس میں سے ایک ہے جو ٹریکنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ آس پاس کے علاقےبہترین نظارہ پیش کرتےہیں ۔ یہ ٹریک مانسون کے دوران آبشار (waterfall)، معکوس آبشار (reverse waterfall) اور قلعے کے اوپر وسیع سطح مرتفع کیلئے مشہور ہے جہاں سیاح سردیوں میں بھی کیمپ لگا سکتے ہیں۔ پورے علاقے کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے آپ قلعہ کے پورے۲؍ کلومیٹر کے دائرے کو پیدل ہی طے کر سکتے ہیں۔ 
دلچسپ حقائق
۱۶۵۷ءمیں شیواجی مہاراج نے کوری گڑھ اور کئی دوسرے قلعوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ قلعہ میں چھ توپیں ہیں۔ سب سے بڑے کو لکشمی توپ کہا جاتا ہے۔ شیواجی اورمغل سلطنت کے جنرل راجا جے سنگھ (اوّل) کے درمیان پورندر سمجھوتے کے تحت۱۲؍ قلعے شیواجی کو دے دئیے گئےجبکہ شیواجی نے ۲۳؍ قلعے مغلوں کو دے دئیے ۔ 
لوناؤلہ کےمرکزی بازار پہنچنے کے بعد
لوناؤلہ پہنچنے کے بعد آپ مرکزی بازار کے علاقے سے ایک رکشہ کرایہ پر لے سکتے ہیں اور ان سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ آپ کو ٹریک کے آغاز کے مقام پر چھوڑ دیں یا ایمبی ویلی کی طرف سڑک پر لے جائیں۔ جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے، ٹریک سیدھا سڑک سے شروع ہوتا ہے اور آپ کو ایک چھوٹی چڑھائی کے ساتھ پگڈنڈی پر لے جاتا ہے۔ راستہ تقریباً ڈیڑھ سے ۲؍ کلومیٹر طویل ہے جسے طے کرنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگے گا۔ ابتدائی۵؍منٹ کی چڑھائی کے بعد پتھروں اور کنکریوں سے بھری ایک رہگذ ر آتی ہے۔ سیاح کویہاں سے گزرنے میں کم وبیش ۲۰؍منٹ لگتے ہیں۔ یہ راستہ سیڑھیوں کی طرف جاتا ہے اور یہ قلعہ کے مرکزی دروازے کی طرف جانے والے راستے کا آخری حصہ ہے۔ 
 مانسون کے موسم میں آپ کو ایک وسیع جھیل اور ہر طرف دھند نظر آئے گی۔ یہاں ایک مقام پر مقامی دیہاتی چائے اور ناشتہ بیچتا ہے، سیاح اگر تھک جائیں تو یہاں آرا م کرنے کے ساتھ ساتھ ناشتے اور چائے کا لطف لے سکتے ہیں۔ آپ قلعے کے پورے دائرے میں بھی سیر کرسکتے ہیں یا جھیل کے کنارے آرام کر سکتے ہیں۔ اگر آپ خوش قسمت ہیں تو شدید بارش کے دوران، آپ قلعے کے اطراف میں سے ایک معکوس آبشار کا بھی مشاہدہ کر سکتے ہیں جو اپنے آپ میں ایک الگ ہی نظارہ ہوتا ہے!کوری گڑھ کے مشرق میں امبی ویلی پروجیکٹ کے تحت دومصنوعی جھیلیں بنائی گئی ہیں جو ملشی ریزرویئر میں ملتی ہیں۔ ان کے علاوہ قلعے کے اوپر بھی تالاب بھی ہے۔ کوری گڑھ قلعہ اگر پرائیویٹ گاڑی کرکے جائیں توبھی بہتر ہوگا۔ 
کوری گڑھ قلعہ تک کیسے پہنچیں ؟
سیاح سرکاری اور نجی گاڑیوں کے ذریعے قلعہ تک پہنچ سکتے ہیں کیونکہ یہ لوناؤلہ کے مرکزی شہر سے صرف ۲۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہاں ٹریک کار استہ کسی گاؤں سے شروع نہیں ہوتا بلکہ نقطہ آغاز اس مرکزی سڑک سے ملحق ہے جو ایمبی ویلی کی طرف جاتی ہے۔ 
نجی گاڑی کے ذریعے:ممبئی سے فاصلہ تقریباً ۱۰۰؍کلومیٹر ہے اور ٹول ناکوں پر وقفے اور ٹریفک جام کو دیکھتے ہوئےیہاں تک پہنچنے میں تقریباًڈھائی سے تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ پونے سے فاصلہ تقریباً ۸۵؍ کلومیٹر ہے اور پہنچنے میں دو سے ڈھائی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ 
پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے :آپ ممبئی یا پونے سے لوناؤلہ کیلئے مقامی ایم ایس آر ٹی سی بس کی سروس لے سکتے ہیں جو آپ کو تین سے چار گھنٹے میں لوناؤلہ پہنچا دے گی۔ 
متبادل طور پر، آپ ممبئی یا پونے سے لوناؤلہ کیلئے ٹرین لے سکتے ہیں۔ ٹرین کا یہ سفر اپنے آپ میں ایک تجربہ ہے، خاص کر مانسون میں سفر کا لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK